گیس لیکیج کے خطرات سے بچنے کیلئے کورنگی کریک میں دوبارہ آگ بھڑکا دی گئی، حکومتی عہدیدار
کراچی کے علاقے کورنگی کریک میں گزشتہ ماہ ایک آئل ریفائنری کے قریب لگنے والی شدید آگ منگل کو علی الصبح خود بخود بجھ گئی تھی لیکن ریسکیو حکام کے مطابق متعلقہ اداروں نے اسے دوبارہ بھڑکا دیا تاکہ گیس کے اخراج کے خطرات سے بچا جا سکے۔
یہ پراسرار آگ 29 مارچ کو ایک مقامی کمپنی کی جانب سے کی جانے والی ڈرلنگ کے دوران بھڑک اٹھی تھی۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان حسان خان نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ آگ گزشتہ رات خود بخود بجھ گئی تھی، لیکن گیس کا اخراج جاری تھا جو آس پاس کے علاقوں کے لوگوں کے لیے صحت اور زندگیوں کیلئے خطرات پیدا کرسکتا تھا۔
انہوں نے مزید کہا جائے وقوعہ پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی سانس لینے میں دشواری ہونے لگی، کیونکہ فضا میں ہائیڈروجن سلفائیڈ موجود تھی۔
معائنے کے بعد حکام نے فیصلہ کیا کہ آگ دوبارہ اس طرح سے بھڑکائی کہ وہ قابو میں رہے۔
اس معاملے کے بعد آگ اب دوبارہ جل رہی ہے اور 29 مارچ کے بعد مسلسل آتشزدگی کا یہ اٹھارواں دن ہے۔
بعد ازاں 3 اپریل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس میں ٹی پی ایل پراپرٹیز نے تصدیق کی کہ آگ کی وجہ قدرتی گیس کی ایک تہہ ہے۔
کمپنی نے نوٹس میں کہا ہے کہ ابتدائی تکنیکی جائزوں کے ساتھ ساتھ صنعت کے ماہرین کی جانب سے ظاہر کردہ آزادانہ خیالات کی بنیاد پر یہ اشارہ ملتا ہے کہ یہ گیس کم بائیوجینک میتھین ہو سکتی ہے، جو قدرتی طور پر نامیاتی مادے کے سڑنے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی گیس ہے۔
ٹی پی ایل نے مزید کہا کہ ابتدائی تکنیکی جائزوں اور انڈسٹری ماہرین کی آزادانہ رائے کی بنیاد پر یہ اشارہ ملتا ہے کہ یہ گیس ممکنہ طور پر سطحی بائیوجینک میتھین ہے — ایک قدرتی طور پر پیدا ہونے والی گیس جو نامیاتی مواد کے گلنے سڑنے کے نتیجے میں پیدا ہوتی ہے۔
کمپنی نے مزید کہا کہ چونکہ یہ علاقہ کسی گیس کے ذخیرے کا حصہ نہیں ہے اس لیے توقع ہے کہ یہ گیس قدرتی طور پر وقت کے ساتھ ختم ہو جائے گی تاہم اس کیلئے آگ بھڑکتی رہنی چاہئے۔
گزشتہ ہفتے، وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) نے ایک تکنیکی کمیٹی قائم کی تاکہ اس آگ کے جائزے اور اس پر قابو پانے کی کوششوں کی نگرانی کی جا سکے، کیونکہ آگ بدستور اسی شدت سے جل رہی ہے۔
کمیٹی میں پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے نمائندے شامل ہیں۔ کمیٹی کو پراسرار آگ کا فوری اور موثر حل نکالنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
Comments