وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان کے علاقے مہرستان میں آٹھ پاکستانیوں کے بہیمانہ قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے ایرانی سرزمین پر پاکستانیوں کے قتل پر شدید تشویش ظاہر کی اور جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔
اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگردی کا ناسور پورے خطے کے لیے تباہ کن ہے اور اس کے خاتمے کے لیے تمام ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف کے تقاضے پورے کرے اور اس ظالمانہ کارروائی کی وجوہات عوام کے سامنے لائے۔
وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو ہدایت دی کہ جاں بحق پاکستانیوں کے اہلخانہ سے رابطہ کریں اور ایران میں پاکستانی سفارت خانے کے ذریعے میتوں کی جلد وطن واپسی کو یقینی بنایا جائے۔
اے پی پی کے مطابق، پاکستان نے ایران میں اپنے شہریوں کے غیر انسانی اور بزدلانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا، ہم توقع کرتے ہیں کہ ایرانی حکام اس واقعے کی مکمل تحقیقات کریں گے اور جاں بحق افراد کی میتوں کی بروقت واپسی ممکن بنائیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی شناخت کے لیے پاکستانی مشن نے قونصلر رسائی کی درخواست کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے پر پاکستانی عوام اور قیادت شدید رنجیدہ اور پریشان ہیں، اور وزیر اعظم نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا، نائب وزیر اعظم/وزیر خارجہ کی ہدایات پر تہران میں پاکستانی سفارت خانہ اور زاہدان میں قونصلیٹ ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ مکمل تحقیقات کی جا سکیں اور میتوں کی جلد واپسی یقینی بنائی جا سکے۔
دوسری جانب، ایران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ مہرستان میں پاکستانیوں کے قتل کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ ہم ایرانی حکام سے رابطے میں ہیں تاکہ فوری تحقیقات کی جا سکیں اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم کی ہدایات پر، جاں بحق افراد کی میتیں جلد از جلد پاکستان روانہ کی جائیں گی۔ لواحقین سے میری دلی تعزیت ہے۔ اللہ مرحومین کی مغفرت فرمائے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
Comments