وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردی کو عالمی چیلنج قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔

اتوار کے روز امریکی کانگریسی وفد سے ملاقات میں وزیر داخلہ نے یہ بات کہی۔ وفد میں ریپبلکن کانگریس مین جیک برگمین، ڈیموکریٹک کانگریس مین ٹام سوازی اور جوناتھن جیکسن شامل تھے۔ اس موقع پر پاکستان میں قائم مقام امریکی سفیر نٹالی بیکر اور پاکستانی اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری اعلامیے کے مطابق محسن نقوی نے کہا، کہ دہشت گردی ایک عالمی چیلنج ہے، اور بین الاقوامی برادری کو پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کرنا چاہیے۔’

اعلامیے کے مطابق امریکی وفد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

یاد رہے کہ کانگریس مین جیک برگمین اور جوناتھن جیکسن اس سے قبل پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی کے لیے آواز بلند کر چکے ہیں۔ جنوری میں برگمین نے محسن نقوی سے ملاقات کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔ فروری میں وہ سابق صدر عارف علوی اور تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل سے امریکہ میں ملاقات کر چکے ہیں۔

اکتوبر 2023 میں کانگریس مین جیکسن بھی ان 60 سے زائد امریکی ارکانِ کانگریس میں شامل تھے جنہوں نے امریکی صدر جو بائیڈن کو خط لکھ کر پاکستان میں سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا، جس میں عمران خان کا نام بھی شامل تھا۔

این این آئی کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ مضبوط تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور پاکستان کو اس کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کی مدد درکار ہے۔ انہوں نے کہا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انٹیلیجنس ٹیکنالوجی کا تبادلہ انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستانی فورسز اور شہریوں کی قربانیوں کو بے مثال قرار دیا۔

وزیر داخلہ نے امریکی وفد کی پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 میں شرکت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون اور مکمل تحفظ فراہم کر رہی ہے۔

ملاقات کے دوران امریکی کانگریس ارکان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی محنتی اور قابل افراد پر مشتمل ہے۔

ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور، تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کے فروغ، سرحدی تحفظ اور دہشت گردی کے خاتمے سے متعلق اقدامات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، امریکی نگران سفیر نٹالی اے بیکر اور سیکریٹری داخلہ خرم آغا بھی اس موقع پر موجود تھے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Comments

200 حروف