پاکستان

ٹرمپ ٹیرف پر حکومت کا جوابی اقدام نہ کرنے کا فیصلہ

  • امریکی ٹیرف پاکستان کیلئے تشویش کا باعث ہیں کیونکہ انہوں نے غیر یقینی کی فضا پیدا کر دی ہے، وزیر خزانہ
شائع April 14, 2025

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے عائد کردہ ٹیرف پر جوابی اقدام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیر خزانہ نے تسلیم کیا کہ ٹرمپ دور کے یہ ٹیرف پاکستان کے لیے تشویش کا باعث ہیں کیونکہ انہوں نے غیر یقینی کی فضا پیدا کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ اس نئے عالمی نظام میں کس طرح آگے بڑھنا ہے، اور میرے خیال میں اس معاملے پر بات چیت بہت ضروری ہے۔

ایک سوال کے جواب میں محمد اورنگزیب نے وضاحت کی کہ اگر سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان اس کے جواب میں کوئی اقدام کرے گا، تو اس کا جواب نفی میں ہے۔

امریکہ اور چین کے درمیان جاری تجارتی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کو ممکنہ نقصان پہنچنے سے متعلق خدشات پر بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ امریکہ طویل عرصے سے پاکستان کا اسٹریٹجک شراکت دار رہا ہے، تاہم چین کے ساتھ تعلقات بھی پاکستان کے لیے یکساں اہمیت رکھتے ہیں۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد ممالک پر نئے ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، جن میں ابتدائی طور پر پاکستانی برآمدات پر 29 فیصد ٹیرف شامل تھا۔

تاہم حالیہ اعلان کے بعد ان ٹیرف کے نفاذ کو 90 دنوں کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے، البتہ تمام ممالک پر کم از کم 10 فیصد ٹیرف اب بھی لاگو ہوگا۔

Comments

200 حروف