2024: دبئی میں جائیدایں خریدنے والوں میں پاکستانی پانچویں نمبر پر، بھارت سرفہرست
- 2025 میں پراپرٹی کی قیمتوں میں 5 سے 8 فیصد اضافہ متوقع ہے
بھارتی شہری 2024 میں دبئی کی رئیل اسٹیٹ کے سب سے بڑے خریدار رہے، جبکہ پاکستانی خریدار پانچویں نمبر پر آگئے، جو پہلے ساتویں نمبر پر تھے، یہ انکشاف حال ہی میں دبئی کی پراپرٹی کنسلٹنسی ”بیٹر ہومز“ کی جاری کردہ رپورٹ میں کیا گیا۔
دبئی میں پراپرٹی کی قیمتیں 2025 میں سالانہ 5 سے 8 فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے، جبکہ پام جمیرا اور ڈاؤن ٹاؤن دبئی جیسے لگژری مقامات پر قیمتوں میں اس سے بھی زیادہ اضافہ متوقع ہے، یہ اعداد و شمار متحدہ عرب امارات کے ڈویلپر ”ڈاماک“ نے مرتب کیے ہیں۔
برطانوی خریدار دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ 2023 میں تیسری پوزیشن پر رہنے والے روسی خریدار اب نویں نمبر پر چلے گئے ہیں، جبکہ ترکی نے پولینڈ کی جگہ لیتے ہوئے دسویں نمبر پر قبضہ جما لیا۔
بیٹر ہومز نے اپنی رپورٹ میں مزید بتایا کہ سال 2024 میں دبئی میں بیچی گئی پراپرٹی کی مجموعی مالیت 423 ارب درہم رہی، جو سالانہ بنیاد پر لین دین کی مالیت اور حجم میں 30 فیصد اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔
عربین بزنس کے مطابق، دبئی کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر نے فروخت کے ریکارڈ کو توڑ دیا ہے، صنعت کے ماہرین نے ایمار، ایلنگٹن، میراس، سلیکٹ، اور اومنیات کو پریمیئر ڈویلپرز کے طور پر شناخت کیا ہے جو 2025 میں غیر معمولی ترقی اور سرمایہ کاری کے منافع کے لیے تیار ہیں۔
لگژری پراپرٹی کا شعبہ خاص طور پر مسلسل شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے اور لندن اور نیویارک جیسے شہروں کو پیچھے چھوڑ چکا ہے، جس کے نتیجے میں 10 ملین ڈالر سے زائد مالیت کے گھروں کی مارکیٹ میں بھرمار ہو چکی ہے۔ بیٹر ہومز کے مطابق، ان گھروں کی قیمتیں 2025 میں مزید 8 سے 10 فیصد بڑھنے کا امکان ہے۔
دبئی کی ”ریئل اسٹیٹ اسٹریٹیجی 2033“ کا ہدف بھی ایک کھرب درہم کی مارکیٹ ویلیو حاصل کرنا ہے، جبکہ شہر کی آبادی 2027 تک 4.34 ملین تک پہنچنے کی توقع ہے۔
سال 2024 میں دبئی نے سیاحوں کی ریکارڈ تعداد 18.72 ملین کا خیر مقدم کیا، کیونکہ سیاحت معیشت کی ترقی کو بڑھا رہی ہے، جس کا اثر ریٹیل، ہوٹلنگ اور رئیل اسٹیٹ کی مانگ پر بھی پڑ رہا ہے۔
اس کے علاوہ، ”اتحاد ریل نیٹ ورک“، دبئی کی ”بلیو میٹرو لائن“ اور ٹریفک کے دباؤ میں کمی جیسے بڑے انفراسٹرکچر منصوبے اس ترقی کو مزید تقویت دیں گے۔
دبئی لگژری ڈیزائنر ڈویلپمنٹس میں اضافے کے ساتھ مزید ”الٹرا ہائی نیٹ ورتھ انڈویجولز“ (یو ایچ این ڈبلیو آئی) کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی راہ پر گامزن ہے۔ دبئی میں تقریباً 140 برانڈڈ رہائش گاہیں موجود ہیں۔
عالمی ٹیلنٹ بھی ”گولڈن ویزا“، ”بلو ویزا“ اور ”انویسٹر پروگرامز“ جیسے اقدامات کی وجہ سے دبئی کا رخ کرتا رہے گا۔
ماہرین کے مطابق موجودہ رئیل اسٹیٹ رجحان محض ایک ”بلبلا“ نہیں بلکہ ایک مستحکم مارکیٹ کا عکاس ہے، جو ہوٹل انڈسٹری میں بھی اثر انداز ہو رہا ہے۔ گزشتہ سال کے دوران، فائیو اسٹار ہوٹل انڈسٹری میں 111.8 فیصد کا شاندار اضافہ دیکھا گیا، جس کا اعلان ”کویینڈش میکسویل“ رئیل اسٹیٹ کنسلٹنسی کی رپورٹ میں کیا گیا۔
Comments