پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تعاون کے لئے باقاعدگی سے اعلی ٰ سطحی رابطوں اور مشاورت کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق رائے پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور ان کے متحدہ عرب امارات کے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زید النہیان کے درمیان ابوظہبی میں ہونے والی ملاقات میں طے پایا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے مقصد سے جامع تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور عوام کے درمیان روابط سمیت اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے مواقع کا جائزہ لیا۔
شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے پاکستان کے ساتھ اپنے اسٹرٹیجک تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے متحدہ عرب امارات کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے اہم کردار کا اعتراف کیا اور متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہا۔
Comments