اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے عسکری بینک لمیٹڈ (اے کے بی ایل) کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ضیا اعجاز کے لیے فٹ اینڈ پروپر ٹیسٹ (ایف پی ٹی) کی منظوری دے دی ۔
اے کے بی ایل نے جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ 24 جنوری 2025 کو لکھے گئے خط کے تسلسل میں یہ بتایا جاتا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عسکری بینک لمیٹڈ کے صدر اور سی ای او ضیا اعجاز کو فٹ اینڈ پرپر ٹیسٹ (ایف پی ٹی) کلیئرنس دے دی ہے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ ضیا اعجاز 17 فروری 2025 سے چارج سنبھالیں گے۔
گزشتہ ماہ اے کے بی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز (بی او ڈی) نے اعجاز کو تین سال کی مدت کے لیے صدر اور سی ای او مقرر کیا تھا۔
اے کے بی ایل نے اس وقت بتایا تھا کہ یہ تقرری مرکزی بینک سے اعجاز کے ایف پی ٹی کی کلیئرنس اور اس سلسلے میں تمام قابل اطلاق قوانین، قواعد و ضوابط کی تعمیل سے مشروط ہے۔
ضیا اعجاز کو 30 سال سے زائد کا متنوع بینکاری کا تجربہ ہے۔ اپنے بینکاری کیریئر سے پہلے وہ فورڈ رہوڈز سادات حیدر اینڈ کمپنی (ارنسٹ اینڈ ینگ کے رکن) سے وابستہ تھے۔
عسکری بینک میں شمولیت سے قبل اعجاز یو بی ایل لمیٹڈ کے ڈپٹی سی ای او اور برانچ بینکنگ اور انٹرنیشنل بزنس گروپس کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔
مزید برآں، یو بی ایل میں شمولیت سے قبل، اعجاز نے الائیڈ بینک (اے بی ایل) میں 12 سال سے زائد عرصے تک مختلف اہم کرداروں (سی ایف او، گروپ چیف، کمرشل اینڈ ریٹیل بینکنگ اور گروپ چیف، آپریشنز) میں خدمات انجام دیں۔
فوجی فاؤنڈیشن کے ماتحت ادارے اے کے بی ایل کو 1991 میں پاکستان میں پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر شامل کیا گیا تھا جو ملک بھر میں اپنی 560 شاخوں اور ذیلی شاخوں کے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے روایتی، کارپوریٹ، اسلامی، کنزیومر اور زرعی بینکاری خدمات فراہم کرتا ہے۔
Comments