2024 میں دبئی ڈیوٹی فری کی 7.901 ارب درہم کی ریکارڈ سیل
- سب سے زیادہ فروخت ہونے والی 5 کیٹیگریز میں پرفیوم، شراب، سگریٹ اور تمباکو، سونا اور الیکٹرانکس شامل
دبئی ڈیوٹی فری کے لئے نئے سال کا آغاز شاندار انداز میں ہوا اور اس نے 2024 کے لئے 7.901 بلین درہم کی سالانہ فروخت کے نئے ریکارڈ کا اعلان کیا ، جس میں سال کے آخر میں فروخت میں بڑا اضافہ دیکھا گیا۔ یہ بات بدھ کے روز جاری ایک پریس ریلیز میں کہی گئی ہے۔
یہ گزشتہ سال کے ریکارڈ سے تجاوز کر گیا کیونکہ دبئی ڈیوٹی فری میں 2023 میں تقریبا 7.3 بلین درہم سے زیادہ کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔
پریس ریلیز کے مطابق دسمبر نے 821.944 ملین درہم کی فروخت کے ساتھ ایک ریکارڈ قائم کیا جو 2023 کے اسی ماہ کے مقابلے میں 2 فیصد زیادہ ہے۔
دبئی ڈیوٹی فری نے پنی 41 ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلسے میں 20 دسمبر کو 25 فیصد رعایت کی پیش کش کی تھی اور اس کے نتیجے میں 24 گھنٹے کے دوران 59.993 ملین درہم کی خریداری ہوئی۔
یہ کارکردگی نومبر 2024 میں زبردست فروخت کے بعد ہوئی جو پچھلے سال کے اسی ماہ کے مقابلے میں بھی زیادہ تھی۔
دسمبر 2023 کے مقابلے میں کنفیکشنری کی فروخت میں 29.46 فیصد اضافہ ہوا۔
دبئی ڈیوٹی فری کے منیجنگ ڈائریکٹر رمیش سیڈامبی نے کہا کہ “ہمارے ہاں نومبر اور دسمبر بہت اچھا گزرا اور دسمبر کا آخری ہفتہ خاص طور پر اچھا تھا جس میں عملے نے 2023 کے ریکارڈ سال سے آگے بڑھنے کے لئے سخت محنت کی۔
ذرائع ابلاغ کے لئے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام تر تعمیر ومرمت اور تزئین و آرائش کے باوجود ، جس طرح سے یہ سال گزرا ہے اس سے میں بہت خوش ہوں۔
آپریشن کے دوران سال بھر میں 20.733 ملین سے زائد سیلز ٹرانزیکشنز ریکارڈ کی گئیں، اوسطا روزانہ 56,649 سیلز ٹرانزیکشنز ہوئیں جبکہ 55.137 ملین یونٹس کی مصنوعات فروخت ہوئیں۔
پریس ریلیز کے مطابق یہ بھی تخمینہ لگایا گیا ہے کہ 2024 میں ڈی ڈی ایف کی آمد اور روانگی کے اسٹورز میں 13.7 ملین سے زیادہ صارفین نے خریداری کی۔
آن لائن فروخت 197 ملین درہم (54 ملین امریکی ڈالر) سے زائد رہی جو 2024 کے لئے مجموعی فروخت کا 2.5 فیصد ہے۔
مقبول اقسام کی اشیاء
بیان کے مطابق اس سال سب سے زیادہ فروخت ہونے والی 5 کیٹیگریز میں پرفیوم، شراب، سگریٹ اور تمباکو، سونا اور الیکٹرانکس شامل ہیں۔
1.50 بلین درہم (411 ملین ڈالر) کی فروخت کے ساتھ پرفیومزکا کل فروخت میں 19 فیصد کا حصہ رہا اور گزشتہ سال کے مقابلے میں 9.79 فیصد اضافے کے ساتھ ایک بار پھر سب سے زیادہ فروخت ہونے والی اشیاء کے طور پر اپنی پوزیشن برقرار رکھی۔
شراب کی فروخت 1.056 بلین درہم (289 ملین ڈالر) تک پہنچ گئی اور گزشتہ سال کے مقابلے میں 6.6 فیصد کمی کے ساتھ کل سالانہ فروخت کا 13 فیصد رہی۔
دریں اثنا سگریٹ اور تمباکو کی فروخت 807 ملین درہم (221 ملین ڈالر) ریکارڈ کی گئی اور گزشتہ سال کے مقابلے میں 8.27 فیصد اضافے کے ساتھ مجموعی آمدنی میں اس کا 10 فیصد حصہ شامل رہا۔
سونا 779 ملین درہم (213ملین ڈالر) کی فروخت کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا اور مجموعی آمدنی کا اس کا حصہ 10 فیصد اور پچھلے سال کے مقابلے میں اس کی فروخت زیادہ رہی۔
الیکٹرونکس 546 ملین درہم (149ملین ڈالر) کی فروخت کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہا۔
دبئی ڈیوٹی فری، جو اب اپنے آپریشن کے 41 ویں سال میں ہے، اس وقت دبئی انٹرنیشنل اور الشیخ مکتوم انٹرنیشنل ہوائی اڈوں پر تقریباً 40,000 مربع میٹر رقبے پر ریٹیل اسپیس کا انتظام سنبھالتا ہے۔
محکمہ معیشت اور سیاحت کے مطابق کووڈ بندش کے بعد کاروباربحال کے آغاز سے دبئی میں سیاحوں کی بھی ریکارڈ تعداد آمد دیکھی جارہی ہے۔ جنوری تاجولائی 2024 میں رات گئے 10.62 ملین سیاحوں کا خیرمقدم کیا گیا جبکہ یہ تعداد جنوری تاجولائی 2023 کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہے۔
دبئی کا ڈی ایکس بی ہوائی اڈہ مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں سب سے زیادہ منسلک ہوائی اڈوں کی فہرست میں بھی سرفہرست ہے۔ یہ بات میگاہبز کی جانب سے دنیا کے سب سے زیادہ منسلک ہوائی اڈوں کی حالیہ جاری کردہ درجہ بندی رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
Comments