گروتھ اور ٹیکنالوجی کی پیشرفت کیلئے ویون گروپ کی موبی لنک بینک میں 15 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری
ایک عالمی ڈیجیٹل آپریٹر ویون گروپ نے تکنیکی تبدیلی میں مدد اور ترقی کیلئے موبی لنک بینک میں 15 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ یہ بات جمعرات کو جاری بیان میں کہی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، توقع ہے کہ سرمایہ کاری سے موبی لنک بینک مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز (ایم ایس ایم ای) فنانسنگ میں اپنی پیشکشوں میں اضافہ کرے گا اور اسلامی بینکاری میں تحقیق اور ٹیکنالوجی کے لحاظ سے جدید اور مستقبل کے لیے ڈیجیٹل بینکنگ میں اپنی منتقلی تیز کرے گا۔
بیان کے مطابق موبی لنک بینک مالیاتی شمولیت کو فروغ دینے اور اپنے متنوع صارفین کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے پرعزم ہے، یہ سرمایہ کاری بینکاری صنعت کے لئے ایک اہم وقت میں آئی ہے، کیونکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے اپنی پالیسی ریٹ میں خاطر خواہ کمی کی ہے، جو معاشی استحکام اور ترقی کو فروغ دینے میں ریگولیٹر کے طور پر اپنے فعال کردار کو ظاہر کرتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ موبی لنک بینک ان فنڈز کو اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو بہتر بنانے، رسائی کو بڑھانے اور اپنے انفرادی اور انٹرپرائز صارفین کو جدید ڈیجیٹل مصنوعات اور خدمات متعارف کرانے کے لئے استعمال کرے گا۔
ویون گروپ کی سرمایہ کاری ڈیجیٹل جدت طرازی کو فروغ دینے اور موبی لنک بینک کے پاکستان کے مالیاتی نظام میں اہم کردار بننے کے مشن کی حمایت کے اس کے اسٹریٹجک وژن کو بھی اجاگر کرتی ہے۔
موبی لنک بینک کے چیئرمین اور جاز کے سی ای او عامر ابراہیم نے سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ویون کی جانب سے 15 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری موبی لنک بینک کے وژن اور سمت پر ان کے پختہ اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ ہمیں اپنے پورٹ فولیو کو مزید وسعت دینے، ایم ایس ایم ای فنانسنگ، اسلامی بینکاری اور ٹیکنالوجی سے چلنے والے آپریشنز میں پیشرفت کو آگے بڑھانے کے لئے بااختیار بناتی ہے۔
موبی لنک بینک کے عبوری سی ای او حارث محمود چوہدری کے مطابق سرمایہ کاری کا وقت مناسب ہے کیونکہ پاکستان کی معیشت بحالی کے مرحلے میں ہے اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹس میں نمایاں کمی کے بعد بینکاری صنعت کی سرگرمیوں میں اضافے کی توقع ہے۔
بیان میں ان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ سرمایہ کاری ہمارے اسٹریٹیجک اہداف کو مزید آگے بڑھانے، ایم ایس ایم ای کی ترقی کو فروغ دینے، اسلامی بینکاری میں توسیع اور مستقبل کے لئے تیار ڈیجیٹل بینک کے طور پر ہماری پوزیشن کو مستحکم کرنے سے متعلق ہماری ڈیجیٹل صلاحیتوں کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
نومبر 2024 میں ویون گروپ کے چیئرمین اوگی کے فابیلا کی سربراہی میں پانچ رکنی وفد نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔
وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشن اور فنانشل ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اہم کردار ادا کرنے پر ویون کے ذیلی ادارے جاز گروپ کے کردار کو سراہا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں آئی ٹی، ڈیجیٹلائزیشن اور اے آئی کے فروغ کے لیے ویون گروپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ تین سال میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کو 25 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
Comments