پاکستان میں قائم ٹیکنالوجی پر مبنی فیشن اسٹارٹ اپ، لام ٹیکنالوجیز(ایل اے اے ایم) نے کامیابی سے 5.5 ملین ڈالر کی سیڈ فنڈنگ حاصل کرلی ہے۔ اس کا مقصد جنوبی ایشیائی انٹرنیٹ مارکیٹ پلیس فیشن پلیٹ فارم کو عالمی سطح پر لے جانا ہے۔
جمعرات کو لنکڈ اِن پر ایک پوسٹ میں، زین وی سی کے منیجنگ پارٹنر فیصل آفتاب نے کہا کہ یہ اعلان کرتے ہوئے بے حد خوشی ہورہی ہے کہ زین وی سی نے ڈسٹرپٹ ڈاٹ کام کے ساتھ مل کر ایل اے اے ایم ٹیکنالوجیز کے لیے 5.5 ملین ڈالر کی سیڈ فنڈنگ راؤنڈ کی قیادت کی ہے۔
اس فنڈنگ راؤنڈ میں گراف ونچرز، مینٹرز فنڈ اور اوریکل، مائیکروسافٹ، گوگل، سیلز فورس اور دیگر کے ٹیک رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
مقامی کاریگروں اور سیلر کو بااختیار بناتے ہوئے جنوبی ایشیائی فیشن کو عالمی سطح پر لے جانے کی ایل اے اے ایم کی صلاحیت قابل ستائش ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ایل اے اے ایم کے پاس یہ تبدیل کرنے کا ایک انوکھا موقع ہے کہ جنوبی ایشیائی فیشن کو عالمی سطح پر کس طرح سمجھا جاتا ہے اور اس تک رسائی حاصل کی جاتی ہے۔ فیصل آفتاب نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ ہمیں ان کے سفر کی حمایت کرنے پر فخر ہے۔
کراچی میں انویسٹ ٹو انوویشن کی جانب سے پاکستان اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم رپورٹ کے اجراء کے موقع پر کلثوم لکھانی، فاؤنڈر آئی ٹو آئی اور آئی ٹو آئی جی پی ونچرز نے کہا کہ ایل اے اے یم ٹیکنالوجیز کی 5.5 ملین ڈالر کی فنڈ ریزنگ سے 2024 کے اختتام تک پاکستانی اسٹارٹ اپس کیلئے اعلان شدہ مالی معاونت کی مجموعی رقم 42.5 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
آفتاب نے مزید کہا کہ ایل اے اے ایم نے خود کو جنوبی ایشیائی فیشن کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر قائم کیا ہے اور ایک ہزار سے زائد برانڈز کی ایک لاکھ سے زائد اشیاء کا بے مثال مجموعہ تیار کیا ہے جس سے یہ عالمی سطح پر اپنی نوعیت کا سب سے بڑا پلیٹ فارم بن گیا ہے۔
اسٹارٹ اپس ایکو سسٹم سے وابستہ دیگر عہدیداروں نے کہا کہ اس پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملکی معیشت میں استحکام کی واپسی کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کے اچھے دن واپس آ رہے ہیں۔
الٰہی گروپ آف کمپنیز کے سی ای او دانش الٰہی نے کہا کہ میں 2025 میں اسٹارٹ اپ کے لیے پرامید ہوں۔ انہوں نے یہ بات 2023 میں پاکستانی اسٹارٹ اپس کی فنڈنگ میں ڈرامائی کمی کے پس منظر میں کہی جو 2022 میں 355 ملین ڈالر کی بلند ترین سطح پر تھی۔
انہوں نے کہا کہ افراط زر میں کمی اور کاروباری اداروں کو بینک فنانسنگ پر شرح سود میں کمی سے ملک میں سرمایہ کاری کا ماحول بحال کرنے میں مدد ملے گی۔ لاجسٹکس اور فن ٹیک اسٹارٹ اپس سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ آگے بڑھتے ہوئے اہم سرمایہ کاری کو متحرک کریں گے۔
ایل اے اے ایم ٹیکنالوجیز نے اپنی لنکڈ ان پوسٹ پر کہا کہ جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان کے ای کامرس ایکو سسٹم کی تعمیر میں جدید ترین اختراعات سے فائدہ اٹھانا شامل ہے تاکہ ایک ہموار، موثر اور اسکیل ایبل آن لائن مارکیٹ تیار کی جا سکے۔
Comments