اینگرو کارپوریشن نے پاکستان موبائل کمیونی کیشنز لمیٹڈ (پی ایم سی ایل/جاز) سے 563 ملین ڈالر کی لاگت سے موبائل فون ٹاورز کا نیٹ ورک خریدنے کا اعلان کیا ہے۔

اس لین دین سے دونوں فرموں کے درمیان شراکت داری عمل میں آئی ہے تاکہ کم قیمت پر ٹاورز کے انتظام کو بہتر بنایا جاسکے اور موبائل فون صارفین کو بہتر خدمات پیش کی جا سکیں۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری نوٹیفکیشن میں اینگرو کارپوریشن نے بتایا کہ اس کے ماتحت ادارے اینگرو کنیکٹ نے اپنے ماتحت ادارے دیودار (پرائیویٹ) لمیٹڈ سے پی ایم سی ایل کے ٹاورز حاصل کر لیے ہیں۔

اینگرو نے کہا کہ اینگرو دیودار کے 375 ملین ڈالر (پاکستانی روپے کے مساوی) قرض کی ادائیگی کی ضمانت دے گا اور پی ایم سی ایل کو 187.7 ملین ڈالر (پاکستانی روپے کے مساوی) کی اضافی رقم فراہم کرے گا۔ یہ انتظام کارپوریٹ اور ریگولیٹری منظوری اور ہائی کورٹ کی طرف سے اسکیم کی منظوری سے مشروط ہے۔

اس پس منظر میں اینگرو کے حصص کی قیمت 9.17 فیصد (یا 34.24 روپے) بڑھ کر 407.54 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

اینگرو کے ایک عہدیدار نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ وہ حاصل کردہ ٹاورز کو مشترکہ ٹاورز میں اپ گریڈ کریں گے، جس کا مطلب ہے کہ دیگر موبائل نیٹ ورک آپریٹرز (ایم این اوز) بھی اپنے متعلقہ صارفین کو خدمات پیش کرنے کے لیے ٹاورز نیٹ ورک کا استعمال کریں گے۔

پاکستان میں اس وقت تین بڑے موبائل نیٹ ورک آپریٹرز ہیں جن میں جاز/ وارد، یوفون/ ٹیلی نار اور زونگ شامل ہیں۔ ماضی میں جاز نے وارد اور یوفون نے ٹیلی نار کو خریدا تھا۔

اینگرو کارپوریشن کے چیئرمین حسین داؤد نے ایک پریس بیان میں کہا کہ یہ شراکت داری اینگرو اور پاکستان کے ٹیلی کمیونیکیشن منظرنامے دونوں کے لئے تبدیلی ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اپنے ٹاور شیئرنگ نیٹ ورک کو وسعت دے کر ہم ایم این اوز کو کم لاگت پر ضروری خدمات فراہم کرنے میں مدد دہے رہے ہیں اور ہمارا مقصد کمیونٹیز کو بہتر اور زیادہ سستی کنیکٹیوٹی کے ساتھ بااختیار بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اشتراک کے ذریعے ویون جاز کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلقات مضبوط ہوئے ہیں جس سے ڈیجیٹل طور پر جامع پاکستان کے ہمارے مشترکہ وژن کو تقویت ملی ہے۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے ایک تبصرے میں کہا ہے کہ موبائل فون ٹاورز کے لین دین کی مجموعی انٹرپرائز ویلیو 563 ملین ڈالر ہے جس میں 375 ملین ڈالر کے قرض کی ضمانت شدہ ادائیگی اور تقریبا 188 ملین ڈالر کی اضافی ادائیگی شامل ہے۔

جاز کی پیرنٹ کمپنی ویون گروپ نے بھی ایک بیان میں 563 ملین ڈالر کی انٹرپرائز ویلیو کی تصدیق کی ہے۔

ٹاپ لائن کے مطابق دیودار کے ٹاوروں کی کل تعداد 10,500 ہے، جس کا مطلب ہے کہ فی ٹاور قیمت 53،590 ڈالر ہے۔

اینگرو انفراشیئر کے تحت اینگرو کے موجودہ ٹاورز کی تعداد 4,063 ہے جن کے اثاثوں کی مالیت 69 ارب روپے یا 250 ملین ڈالر ہے۔

اینگرو نے 2018 میں ٹیلی کمیونیکیشن انفرااسٹرکچر کے شعبے میں قدم رکھا اور پاکستان میں تمام موبائل نیٹ ورک آپریٹرز (ایم این اوز) کو ضروری انفرا اسٹرکچر فراہم کرتا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ شراکت داری وسیع تر ٹیلی کام ایکو سسٹم کو فائدہ پہنچانے کے لئے ڈیزائن کی گئی ہے – اینگرو کے بنیادی ڈھانچے کو استعمال کرتے ہوئے ایم این اوز سرمائے اور آپریشنل اخراجات کو کم کریں گے جس سے وہ بہتر خدمات کی فراہمی اور کوریج کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کرسکیں گے۔

یہ پیشرفت آپریٹرز کو پسماندہ علاقوں تک پہنچنے کے قابل بنائے گی، لاکھوں پاکستانیوں کے لئے رابطے کو بہتر بنائے گی اور ملک کی ڈیجیٹل تبدیلی میں مدد ملے گی۔

Comments

200 حروف