صدر آصف علی زرداری نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا گیا۔
یہ غیر رسمی بات چیت ترکمانستان کے دارالحکومت میں عظیم ترکمان مفکر، شاعر اور فلسفی مگتیمگلی فارگی کی 300 ویں سالگرہ کے موقع پر ”وقت اور تہذیبوں کا باہمی تعلق- امن اور ترقی کی بنیاد“ کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی فورم کے موقع پر ہوئی۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس سے قبل صدر نے فورم سے بھی خطاب کیا جس میں ایرانی صدر مسعود پیشکیان، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، قازقستان کے صدر قاسم جومارٹ توکائیف، ازبکستان کے صدر شوکت میرزییوئیف، تاجک صدر امام علی رحمان، کرغیز صدر سدیر جاپاروف اور دیگر نے بھی شرکت کی۔
اپنے خطاب میں صدر مملکت نے تقریب کی میزبانی کرنے پر ترکمانستان کی قیادت اور عوام کی تعریف کی جس سے انہیں علاقائی ممالک کے رہنماؤں سے بات چیت کا موقع ملا۔
صدر کا علاقائی تعاون کو فروغ دینے پر زور
جبکہ صدر آصف علی زرداری نے علاقائی ممالک کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے، ثقافتوں اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے میں مدد کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
صدر مملکت نے ترکمانستان کی حکومت اور برادر عوام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ثقافتوں کے درمیان افہام و تفہیم، امن اور مکالمے کو فروغ دینے کے مقصد سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔
Comments