ریڈیو پاکستان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے دوران دہشت گرد رزاق مارا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہلاک ہونے والا دہشت گرد خارجی گل بہادر کا قریبی ساتھی تھا اور علاقے میں متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں فعال طور پر ملوث تھا جس میں گزشتہ سال فقیر آف ایپی کے پوتے ملک شیر محمد کی ٹارگٹ کلنگ اور رواں سال مارچ میں شمالی وزیرستان میں خودکش حملے کی سہولت کاری بھی ملوث تھا جس کے نتیجے میں سات بہادر جوان شہید ہوئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے کیونکہ سیکورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

اس سے قبل پیر کے روز سیکورٹی فورسز نے ضلع دیر میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش کرنے والے تین دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دراندازی کرنے والے تینوں دہشتگردوں کو سیکورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ہلاک کردیا تھا۔

پاکستان نے مسلسل عبوری افغان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سرحد پر موثر سرحدی انتظام کو یقینی بنائے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عبوری افغان حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو روکے گی۔

Comments

200 حروف