اپیلٹ ٹریبونل ان لینڈ ریونیو اسلام آباد بینچ (اے ٹی آئی آر) نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے فیلڈ فارمیشنز نے وقت کی حد کے مسئلے اور ٹیکس کی نوعیت کی دوبارہ درجہ بندی کی بنیاد پر ریفنڈ روکنے کے لئے نئی حکمت عملی اپنائی ہے۔

اس سلسلے میں اے ٹی آئی آر نے اپنے نئے حکم میں مشاہدہ کیا کہ فیلڈ فارمیشنز ہائی/سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کر رہی ہیں اور دو بنیادی بنیادوں پر وقت کی حد بندی کے مسئلے اور ٹیکس کی نوعیت کی دوبارہ درجہ بندی کی بنیاد پر رقم کی واپسی کو مسترد کر رہی ہیں۔

باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا کہ اے ٹی آئی آر کی جانب سے ایک تاریخی حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں یہ معاملہ چیئرمین ایف بی آر کو بھیج دیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ مالیاتی قوانین میں اعلیٰ عدالتوں نے ایف بی آر کو جائز ریفنڈز سے انکار کے لئے تکنیکی یا حدود کا استعمال کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ٹیکس وکیل خرم شہزاد بٹ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ اے ٹی آئی آر نے دانشمندی سے مشاہدہ کیا کہ ایف بی آر ٹیکس دہندگان کے ریفنڈ سے انکار کررہا ہے ۔ اے ٹی آئی آر کا کہنا تھا کہ قانونی ٹائم لائنز اور ہائی/ سپریم کورٹ کی ہدایات کی تعمیل کے باوجود اور ریفنڈ کی کارروائی کے دوران، ایف بی آر ٹیکس کی درجہ بندی میں تبدیلی کررہا ہے تاکہ ایڈجسٹ ایبل/ ریفنڈ ایبل ٹیکس کو حتمی ٹیکس سمجھا جا سکے اور سیکشن 170 کی آڑ میں غیر منصفانہ طور پرجائز ریفنڈ سے انکار کیا جاسکے۔

اے ٹی آئی آر آرڈر میں کہا گیا کہ معاملے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ زونل سی آئی آر، ایڈیشنل سی آئی آر اور مذکورہ احکامات کے مصنف کو بھی مکمل ریکارڈ کے ساتھ ذاتی طور پر عدالت کے سامنے پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے ۔ محکمہ کے نمائندے نے اپنے موقف کی تائید میں تحریری تبصرے بھی پیش کیے اور کہا کہ آرڈیننس کی دفعہ 122 (1)/177/214 سی اور 122(5 اے) کے تحت آئی آر ایس کے اعلی عہدیداروں کی جانب سے جاری کردہ سابقہ غیر چیلنج شدہ احکامات غلط تھے ۔ ہونڈا اٹلس کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے کے بارے میں تینوں آئی آر ایس افسران کا کہنا تھا کہ یہ حکم ان پر لازم نہیں تھا اور اس لیے اسے نظر انداز کیا گیا اور ریفنڈ مسترد کرنے کے احکامات میں اس پر بحث نہیں کی گئی۔

تکنیکی بنیادوں پر ود ہولڈنگ ریفنڈ کو عدالتوں کی طرف سے منفی طور پر دیکھا جاتا ہے۔ ان لینڈ ریونیو جیسے سرکاری حکام کو اس طرح کی درخواستوں کو صرف دعووں کو شکست دینے کے لئے استعمال نہیں کرنا چاہئے۔ حکومتوں اور سرکاری حکام کو جائز دعووں کو مسترد کرنے کیلئے تکنیکی پہلوؤں پر انحصار کرنے سے گریز کرنا چاہئے اور شہریوں کے ساتھ منصفانہ سلوک کرنا چاہئے۔

عدالتیں تکنیکی درخواستوں کو صرف اسی صورت میں برقرار رکھیں گی جب وہ اچھی طرح سے قائم ہوں اور ٹھوس شواہد پر مبنی ہوں۔ غلطی سے یا کسی اور طریقے سے ادا کردہ ٹیکسز کی واپسی سے انکار کرنے کے لئے تکنیکی طریقوں کا استعمال نہیں کیا جانا چاہئے۔ اے ٹی آئی آر کے حکم میں مزید کہا گیا کہ ٹیکس دہندگان نہ صرف ریفنڈ کے حقدار ہیں بلکہ تاخیر سے ریفنڈ پر معاوضہ یا سود کے بھی حقدار ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف