اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2023-24 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر 30.3 ارب ڈالر رہیں جو مالی سال 23 کے 27.3 ارب ڈالر کے مقابلے میں سالانہ بنیادوں پر 10.7 فیصد زیادہ ہیں۔

جون 2024 میں پاکستان میں ترسیلات زر کی آمد 3.16 ارب ڈالر رہی جو مئی 2024 کے 3.24 ارب ڈالر کے مقابلے میں ماہانہ بنیادوں پر 3 فیصد کم ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ماہانہ ترسیلات زر میں 44 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا کیوں کہ گزشتہ سال کے اسی مہینے میں ترسیلات زر 2.2 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔

ترسیلات زر ملک کے بیرونی کھاتوں کو سہارا دینے، پاکستان کی معاشی سرگرمیوں کو متحرک کرنے کے ساتھ ساتھ ترسیلات زر پر منحصر گھرانوں کی قابل استعمال آمدنی میں اضافے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

گزشتہ ماہ ورلڈ بینک نے اپنی رپورٹ ’مائیگریشن اینڈ ڈیولپمنٹ بریف 40‘ میں پاکستان میں ترسیلات زر میں بہتری کی توقع ظاہر کی تھی اور بتایا تھا کہ 2024 میں ترسیلات زر تقریبا 7 فیصد اضافے کے ساتھ 28 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی جبکہ 2025 میں مزید 4 فیصد اضافے کے ساتھ تقریبا 30 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان 2023 میں ترسیلات زر حاصل کرنے والے سرفہرست پانچ ممالک میں شامل ہوا۔

جون 2024 میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے سب سے زیادہ رقوم پاکستانی بھیجیں کیونکہ انہوں نے اس مہینے کے دوران 808.6 ملین ڈالر بھیجے۔ ماہانہ بنیادوں پر اس رقم میں ایک فیصد کمی واقع ہوئی لیکن یہ رقم گزشتہ سال کے اسی مہینے میں بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجے گئے 516.1 ملین ڈالر کے مقابلے میں 57 فیصد زیادہ تھی۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے بھی ماہانہ بنیادوں پر 2 فیصد کمی واقع ہوئی، مئی میں بھیجے گئے 668.4 ملین ڈالر کے مقابلے میں جون میں 654.3 ملین ڈالر تک ترسیلات ہوئیں۔ تاہم سالانہ بنیادوں پر ترسیلات زر میں 101 فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ سال کے اسی مہینے میں 324.8 ملین ڈالر تھیں۔

اس ماہ کے دوران برطانیہ سے ترسیلات زر کا حجم 487.4 ملین ڈالر رہا جو مئی 2024 کے 473 ملین ڈالر کے مقابلے میں 3 فیصد زیادہ ہے۔

دریں اثنا، یورپی یونین سے ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر 3 فیصد کمی واقع ہوئی ہے کیونکہ یہ جون 2024 میں 330 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ امریکہ میں مقیم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے جون 2024 میں 322.1 ملین ڈالر بھیجے جو ماہانہ بنیادوں پر 10 فیصد کم ہیں۔

Comments

200 حروف