آج نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چودھری پرویز الٰہی، ان کے بیٹے راسخ الٰہی اور بہو زہرہ الٰہی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے نکالنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس شمس محمود مرزا نے یہ حکم پرویز الٰہی اور ان کے اہل خانہ کی جانب سے پی سی ایل میں نام شامل کرنے کے خلاف دائر درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے جاری کیا۔ عدالت نے فریقین کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا۔

درخواست گزاروں کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ ان کے موکلوں کے نام غیر قانونی طور پر پی سی ایل میں ڈالے گئے اور عدالت سے استدعا کی کہ حکام کو ان کے نام ہٹانے کی ہدایت کی جائے۔

تاہم وفاقی حکومت کے قانونی افسر نے درخواست کی مخالفت کی اور عدالت سے درخواستیں خارج کرنے کی استدعا کی۔

دو ماہ میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے یہ دوسرا ریلیف ہے۔ منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت منظور ہونے کے بعد 21 مئی کو انہیں جیل سے رہا کیا گیا تھا۔

ایکس پر ایک پوسٹ میں، پرویز الٰہی نے ان ججوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ”سچائی کی حمایت“ کی اور ان کی رہائی کا حکم دیا۔

میں ان تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس مشکل وقت میں میرے لئے دعا کی اور میرا ساتھ دیا۔ گجرات کے لوگوں کو بہت بدسلوکی اور ظلم کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے سابق عبوری وزیراعلیٰ پنجاب اور موجودہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گجرات میں ہمارا مینڈیٹ بھی چوری کر لیا گیا۔

Comments

200 حروف