وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی ترقی کو ایک دوسرے سے منسلک قرار دیتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کی حکومت آزاد جموں و کشمیر کی قیادت کے ساتھ مل کر باہمی مفاہمت پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی اور کشمیری عوام کو درپیش مسائل کا مستقل حل تلاش کرے گی۔

انہوں نے آزاد کشمیر کے ایک روزہ دورے کے دوران کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آزاد کشمیر کے عوام کے فائدے کے لئے واٹر چارج، نیلم جہلم اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے۔

آزاد کشمیر کے عوام کی جانب سے اپنے حقوق کے لیے چلائی جانے والی حالیہ تحریک کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام نے اپنے جائز مطالبات کے لیے آواز اٹھائی لیکن اس دوران کچھ شرپسند عناصر نے فسادات پیدا کرنے اور قتل و غارت کی کوشش کی۔

انہوں نے تحریک کے دوران ایک پولیس اہلکار اور کچھ شہریوں کے ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور اعلان کیا کہ ان کی حکومت شہدا پیکج کے تحت ان کے متعلقہ غمزدہ خاندانوں کی مدد کرے گی۔

انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ ان کی حکومت کی جانب سے منظور شدہ 23 ارب روپے آزاد کشمیر حکومت کو جاری کردیے گئے ہیں اور یقین دلایا کہ آئی ایم ایف کی ٹیم کا دورہ مکمل ہونے کے بعد وفاقی وزیر اور سیکرٹری توانائی آزاد کشمیر کے حکام سے مشاورت کریں گے تاکہ مسائل کا مستقل حل تلاش کیا جاسکے اور اس طرح کے واقعات کو دوبارہ ہونے سے روکا جاسکے۔

وزیر اعظم نے آزاد کشمیر کے اپنے ہم منصب چوہدری انوار الحق کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ پاکستانی وزارتوں کے ساتھ ضروری مشاورت کے لئے اپنی طرف سے ایک کمیٹی تشکیل دیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منگلا فیز ٹو منصوبے کے پل کی تعمیر فوری طور پر مکمل کی جائے۔ نیلم جہلم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وفاقی سیکریٹری پانی اور وزیر امور کشمیر امیر مقام کشمیری قیادت سے اس معاملے پر بات چیت کریں گے تاکہ قلیل، درمیانی اور طویل مدتی حل تلاش کیا جا سکے۔

وزیراعظم نے صدر آصف علی زرداری، وزیر امور کشمیر امیر مقام، وزیراعظم آزاد کشمیر، اسپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اور آئی جی پولیس کو عوام کے مطالبات کے فوری حل کے لیے تعمیری کردار اور موثر مشاورت پر سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پیر کو اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں پیکیج کی منظوری دی گئی اور اس کے بعد اسٹیٹ بینک سے فنڈ جاری کرنے کو کہا گیا جس پر عمل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام نے ہمیشہ کشمیری عوام کی حمایت کی اور بین الاقوامی فورمز پر اپنی آواز بلند کی، انہوں نے حال ہی میں گیمبیا میں او آئی سی سربراہ اجلاس میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے خطاب اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے والے اعلامیے کی مثال دی۔

شہباز شریف نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اور تہاڑ جیل میں قید کشمیریوں کی حالت زار پر بھی روشنی ڈالی اور یقین دلایا کہ پاکستان کشمیر کاز کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمراں جماعت میں اپنے اصلی نام سے الیکشن نہیں لڑ سکتی جس سے علاقے میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عوام کے غصے کا خوف ظاہر ہوتا ہے۔

آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے آزاد کشمیر میں شہباز شریف کا استقبال کیا، ان کے ہمراہ وفاقی کابینہ کے ارکان اور سینئر سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا آزاد کشمیر کا دورہ پاکستان کی آزاد جموں و کشمیر کی قدر و قیمت کی عکاسی کرتا ہے۔

Comments

Comments are closed.