انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کے کاروباری روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ڈالرکے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.04 فیصد کمی ہوئی۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر 10 پیسے کے اضافے سے 278.20 روپے پر بند ہوا۔

بدھ کو 2 پیسے کے اضافے کے بعد روپیہ 278.10 روپے پر بند ہوا۔

ایک اہم پیش رفت میں پیٹرولیم ڈویژن نے موجودہ براؤن فیلڈ ریفائنریز کی اپ گریڈیشن کے لیے پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی پر دستخط کرنے میں چھ ماہ کی توسیع کی تجویز پیش کی کیونکہ چند ریفائنریز تاحال پالیسی پر دستخط کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی پیٹرولیم ڈویژن کو ان کی موجودگی میں دستخط کی تقریب کا اہتمام کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم پیٹرولیم ڈویژن تاحال دستخط کی تقریب کی تاریخ طے کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔

عالمی سطح پر امریکی ڈالر اور دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں مستحکم رہا کیونکہ تاجر فیڈرل ریزرو پالیسی کے اشارے کے لیے اہم امریکی افراط زر کے اعداد و شمار کا انتظار کر رہے تھے جبکہ جاپان اور امریکہ کے درمیان بڑے پیمانے پر شرح سود کے فرق پر توجہ رکھنے کی بدولت تاجروں کو ین پر کچھ فائدہ حاصل ہوا۔

ڈالر کا انڈیکس 0.05 فیصد بڑھ کر 105.55 تک پہنچ گیا جبکہ جاپانی ین بیشتر اوقات 155.59 فی ڈالر کی ہموار سطح پر رہا۔ جمعرات کے روز بعد میں بینک آف انگلینڈ کے پالیسی فیصلے سے پہلے سٹرلنگ 0.07 فیصد کم ہوکر 1.2487 ڈالر پر رہا۔

Comments

200 حروف