پاک فوج نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور عمل درآمد کرنے والوں کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے سانحہ 9 مئی پر ہونے والی مجرمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سیاہ دن سیاسی طور پر محرک اور برین واشڈ شرپسندوں نے ایک بغاوت کی، اس روز جان بوجھ کر ریاستی اداروں کے خلاف تشدد کا سہارا لیا گیا، شرپسند عناصر نے جان بوجھ کر ریاست کی مقدس علامتوں پر توڑ پھوڑ کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک میں خود ساختہ اور تنگ نظر انقلاب لانے کی ناکام کوشش تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے منظم تشدد کے دوران انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور عملدرآمد کرنے والوں کی مذموم سازش کو ناکام بنا دیا جو عوام اور مسلح افواج کے درمیان محاذ آرائی کو ہوا دے کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے تھے۔

9 مئی کے اصل مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا اس بات کو یقینی بنانے کے لئے انتہائی ضروری ہے کہ مستقبل میں کوئی بھی اس طرح کے غیر ضروری طرز عمل کے ذریعے ہمارے ہیروز کی یادوں اور ہمارے اتحاد کی علامتوں کی بے حرمتی کرنے کی جرات نہ کرے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مسلح افواج پاکستان کے عوام کے ساتھ بہت خاص تعلقات رکھتی ہیں اور خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع اور پاکستان کے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے مذموم عزائم کو شکست دینے کے عزم کی تجدید کرتی ہیں۔

Comments

200 حروف