ورلڈ بینک کی حالیہ رپورٹ، جس کا عنوان ’Pakistan Development Update, fiscal impact of Federal State-Owned Enterprises‘, ہے، ہماری معیشت میں نمایاں بہتری کو ظاہر کرتی ہے، جس کی وجہ بنیادی طور بہتر انتظامی حکمت عملی اور بیرونی رقوم کی تازہ آمد کو قرار دیا گیا ہے۔

متعدد چیلنجوں کا سامنا کرنے کے باوجود جیسے کہ خراب میکرو اکنامک مینجمنٹ، اجناس کی عالمی قیمتوں میں اضافہ، عالمی مالیاتی پالیسیوں میں سختی، 2022 میں تباہ کن سیلاب کے اثرات اور طویل سیاسی غیر یقینی صورتحال نے 2023 میں پاکستان کو یقینی معاشی تباہی کے دہانے پر کھڑا کردیا تھا۔

اس ہنگامہ خیز پس منظر میں اور غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں خطرناک حد تک کمی کے ساتھ، جولائی 2023 میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے 9 ماہ کے 3 بلین امریکی ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) کی منظوری نے معاشی بحالی کے لیے ایک نئی امید کی راہ کھول دی۔ اس کوشش کی کامیابی اس پروگرام کے مستقل نفاذ پر منحصر ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ 18 مہینوں کے دوران، سیاسی اور نگران دونوں حکومتوں نے مختلف شعبوں میں قابل ستائش مالی نظم وضبط کا مظاہرہ کیا ہے جو ایک سازگار ماحول کی نشاندہی کر رہا ہے ۔

اگرچہ ان اقدامات کے متوقع نتائج سے صرف معمولی بہتری ہی ہو سکتی ہے، لیکن اس کے باوجود وہ مارکیٹ کا اعتماد بحال کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

اگرچہ یہ مثبت پیش رفت حوصلہ افزا ہے، لیکن مستحکم اقتصادی ترقی کے لیے اہم عوامل کے پیش نظر بڑے خطرات کو پہچاننا بہت ضروری ہے۔

بگڑتی ہوئی مالی حالت، قرضوں کی بڑھتی ہوئی سطح اور غیر مستحکم زرمبادلہ کے ذخائر، جن کا بڑا حصہ غیر ملکی قرضوں پر مشتمل ہے۔ ایک مضبوط ڈھانچہ جاتی اصلاحاتی پروگرام کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہیں جس کے بغیر ترقی کے امکانات امکان بہت کم ہیں، جو بیرونی عدم توازن کی وجہ بھی ہے۔

رواں مالی سال 24 کی پہلی ششماہی میں، بنیادی سرپلس 1.8 ٹریلین روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے۔

اس مدت کے باوجود مالیاتی خسارہ ہر سال بڑھتا جا رہا ہے، جو کہ اپنی آمدنی کے اندر مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مسلسل جدوجہد کی عکاسی کرتا ہے۔

مالی سال 24 کی پہلی ششماہی کے دوران، مالیاتی خسارہ بڑھ کر 2.4 ٹریلین روپے تک پہنچ گیا، جو کہ مالی سال 23 کی اسی مدت میں ریکارڈ کیے گئے 1.7 ٹریلین روپے سے بہت زیادہ ہے۔ یہ بڑھتا ہوا فرق بنیادی طور پر بڑھتے ہوئے قرضوں کی وجہ ہے،جس کے نتیجے میں حالیہ برسوں میں مہنگے قرضوں میں بے مثال اضافہ ہوا ہے۔

جن شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے ان کے مسائل حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ رپورٹ میں مخصوص اقدامات کا خاکہ پیش کیا گیا ہے جن کا مقصد اقتصادی ترقی کے بڑے ہدف کو پورا کرنا ہے۔

یہ اقدامات معیشت کو زیادہ مستحکم راستے کی طرف لے جانے اور وسیع مالیاتی عدم توازن سے وابستہ خطرات کو کم کرنے کے لیے اہم ہیں۔ اس لیے پالیسی سازوں کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ مالیاتی استحکام کے تحفظ اور طویل مدتی خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے ان سفارشات پر تیز عمل درآمد کریں۔

ٹارگٹڈ اصلاحات کو ترجیح دینے اور محتاط مالیاتی انتظام کو بروئے کار لاتے ہوئے موجودہ چیلنجوں سے موثر انداز میں گزر کر پاکستان ایک خوشحال مستقبل کی راہ ہموار کرسکتا ہے۔

عالمی بینک کی سفارشات میں اخراجات کے معیار کو بڑھانا، معیشت میں ریاست کی مداخلت کو کم کرنا، سرکاری اداروں ( ایس او ایز) میں اصلاحات متعارف کرانا، نجکاری، غیر ہدف شدہ سبسڈی کو معقول بنانا اور صوبوں کو تفویض کردہ شعبوں میں وفاقی اخراجات کو ختم کرنا شامل ہیں۔

ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینے کی بھی سخت ضرورت ہے، جس میں زراعت، ریٹیل اور جائیداد جیسے شعبوں پر ٹیکسوں میں اضافہ کرنا شامل ہے، جبکہ ساتھ ہی ساتھ ٹیکس میں چھوٹ کو کم کرنا اور ڈیجیٹلائزیشن کے اقدامات کے ذریعے انتظامی نااہلی کو دور کرنا شامل ہے۔

مزید برآں، نجی شعبے کی سرگرمیوں میں رکاوٹ بننے والی ریگولیٹری رکاوٹوں کو بیوروکریٹک عمل آسان بناکر دور کرنا چاہیے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے راستہ ہموار کرنا چاہیے۔

مزید برآں، تجارتی پالیسیوں میں ایکسپورٹ مخالف تعصب کو درست کرنا ناگزیر ہے، ٹیرف کو ریشنلائز کرنے اور ایکسپورٹ سبسڈی اسکیموں کی اوور ہال کی ضرورت ہے۔ آخر میں، توانائی کے شعبے کے ناکارہ پن کو دور کرنے اور اخراجات کو کم کرنے کے لیے فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ اس میں ٹیرف کی مستقل اصلاحات، توانائی کی تقسیم اور ترسیل میں نجی شعبے کی شمولیت کو فروغ دینا شامل ہے۔

رپورٹ میں ایس او ایز کی اصلاحات کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا ہے، اہم مالیاتی اخراج اور اس سے منسلک خطرات کے انتظام میں ان کے اہم کردار پر زور دیا گیا ہے۔ معیشت کے متنوع شعبوں میں کام کرنے والے ایس او ایز کے ساتھ ان کے نمایاں اثرات پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔

تاہم، پچھلی دہائی کے دوران، ان اداروں نے مالی وسائل پر بہت زیادہ بوجھ ڈالتے ہوئے مسلسل نقصان اٹھایا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایس او ایز کے مجموعی منافع میں مالی سال 14 کے بعد سے واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے، جو کہ جی ڈی پی کے 0.8فیصد کے برابر منافع سے مالی سال22 میں جی ڈی پی کے 0.2 فیصد کے نقصان میں تبدیل ہوچکا ہے۔

پاور سیکٹرخاص طور پر تشویش کا باعث ہے، جو وفاقی کمرشل ایس او ایز کے مالی نقصانات میں سب سے بڑا شراکت دار ہے، اس کے بعد انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اور کمیونیکیشن کے شعبے آتے ہیں۔

ان اداروں کی مسلسل منفی کارکردگی جامع اصلاحات کو تیزی سے نافذ کرنے کی اہمیت کو واضح کرتی ہے۔ سرکاری خزانے پر بوجھ کو کم کرنے کے لیے ایس او ایز کے اندر موجود ناکامیوں کو دور کرنا اور ان کی آپریشنل صلاحیت کو بڑھانا سب سے اہم ہے۔

ان ایس او ایز کو مختلف شکلوں میں حکومت کی مدد ملتی ہے، بشمول سبسڈی، گرانٹس، قرضے، اور ضمانتیں، جو مالی سال 2022 میں وفاقی بجٹ کے خسارے کا 18فیصد بنی تھیں۔ خاص طور پردو طرفہ یا کثیرالطرفہ ایجنسیوں سے ایس او ایز کے لیے رعایتی قرض کی منظوری کے لیے اکثر حکومتی ضمانت کی ضرورت ہوتی ہے،جس میں مالی سال 16 میں جی ڈی پی کے 2.2فیصد سے مالی سال 22 میں جی ڈی پی کے 4.5 فیصد تک کا بڑا اضافہ دیکھا گیا ہے۔

مزید برآں، وفاقی تجارتی ایس او ایز کو براہ راست تعاون، جو مالی سال 22 میں جی ڈی پی کا 2فیصد تھا، ٹیکسوں اور ادا کردہ منافع کے لحاظ سے خزانے میں ان کے مالی تعاون سے زیادہ ہے، جو کہ جی ڈی پی کا صرف 0.6فیصد ہے۔

یہ ان کاروباری اداروں کو برقرار رکھنے سے وابستہ اہم مالی بوجھ کی تصدیق کرتا ہے۔ اس طرح کی حمایت سرکاری وسائل کے بہتر استعمال کو یقینی بنانے اور مالیاتی خطرات کو کم کرنے کے لیے ایس او ایز کی آپریشنل کارکردگی اور مالی استحکام کے ایک جامع ازسرنو جائزہ کا تقاضہ کرتی ہے۔

ایس او ایز کو فراہم کی جانے والی خاطر خواہ حکومتی مدد ان کی مالیاتی عملداری کو بڑھانے اور عوامی فنڈز پر ان کے انحصار کو کم کرنے کے لیے اصلاحات کے نفاذ کی فوری ضرورت پر زور دیتی ہے۔ یہ اسٹریٹیجک تبدیلی مالی استحکام کو فروغ دینے اور طویل مدتی اقتصادی بہتری کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہے۔

ورلڈ بینک کی رپورٹ وفاقی بجٹ کے ذریعے ایس او ای کے آپریٹنگ نقصانات کو پورا کرنے کے عمل کو ختم کرنے کی سفارش کرتی ہے۔ اس کے بجائے، ایس او ایز کو ان کی کارکردگی کے لیے جوابدہ ہونا چاہیے اور اپنے کاموں سے پیدا ہونے والے مالیاتی خطرات کو برداشت کرنا چاہیے۔

وفاقی ایس او ایز کی جانب سے ملکی یا غیر ملکی قرضوں کی عدم ادائیگی اور ضمانتوں جیسی ہنگامی ذمہ داریوں کی وصولی سے پیدا ہونے والے مالی خطرات خاص طور پر تشویش کا باعث ہیں۔

ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے گورننس کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے اور ایس او ایز کے مالیاتی انتظام میں شفافیت کو بہتر بنانے کے لیے ایک مشترکہ کوشش کی ضرورت ہے۔

ایس او ایز کو ان کی کارکردگی اور بروقت قرض کی ادائیگی کے لیے جوابدہ رکھنا مالیاتی استحکام کو یقینی بنانے اور سرکاری وسائل کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینے کے لیے ضروری اقدامات ہیں۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف