پی آئی اے کا 2027 کی پہلی سہ ماہی میں 50 سے زائد نئے طیارے خریدنے کا منصوبہ
- چیف ایگزیکٹو ایڈرین ہیملٹن مینز کا کہنا ہے کہ مجوزہ حصول کے منصوبے میں 20 بڑے (وائیڈ باڈی) اور 30 چھوٹے (نیرو باڈی) طیارے شامل ہیں، جبکہ ایئرلائن نئے بین الاقوامی فضائی روٹس شروع کرنے پر بھی غور کر رہی ہے
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) 2027 کی پہلی سہ ماہی میں 50 سے زائد طیاروں کی خریداری کا آرڈر دینے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ یہ اقدام فضائی بیڑے کو جدید بنانے اور فضائی نیٹ ورک کو وسعت دینے کی بڑی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایڈرین ہیملٹن مینز نے اس بات کا انکشاف کیا ہے۔
ایک فضائی جریدے کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ایڈرین ہیملٹن مینز نے بتایا کہ ایئرلائن 20 بڑے اور 30 چھوٹے حجم کے طیارے حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کو حتمی شکل دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کو حتمی شکل دیے جانے کی صورت میں یہ پاکستان کی تاریخ میں طیاروں کی خریداری کا سب سے بڑا معاہدہ ہوگا، جو پی آئی اے کے فضائی بیڑے کو جدید بنانے اور بین الاقوامی آپریشنز کو وسعت دینے کی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔
سی ای او کے مطابق طیاروں کی مجوزہ خریداری کے دو بنیادی مقاصد ہیں۔ ان میں فضائی نیٹ ورک کی توسیع کے لیے طیاروں کی گنجائش بڑھانا اور پرانے طیاروں، بالخصوص بوئنگ 777 کے پرانے ماڈلز کی جگہ جدید ٹیکنالوجی اور سہولیات سے آراستہ کم ایندھن استعمال کرنے والے طیارے شامل کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نئے طیاروں کی خصوصیات اور تکنیکی تقاضوں کا تعین کرنے پر کام جاری ہے، جبکہ پی آئی اے اپنے آپریشنل ڈھانچے اور فضائی نیٹ ورک کی ضروریات کے مطابق طیاروں کے ماڈلز کا انتخاب کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے طیاروں کے انتخاب میں مسافروں کے آرام اور جدید کیبن سہولیات کو بھی بنیادی اہمیت دی جائے گی۔
ایڈرین ہیملٹن مینز نے کہا کہ طیارے براہ راست خریداری، لیز اور طویل مدتی مالیاتی انتظامات کے امتزاج کے ذریعے حاصل کیے جائیں گے۔
فضائی بیڑے میں توسیع کے ساتھ پی آئی اے اپنی انجینئرنگ صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور جدید نسل کے طیاروں کے لیے تکنیکی بنیادی ڈھانچے کو تیار کرنے پر بھی کام کر رہی ہے۔ ایئرلائن نئے طیاروں کے آپریشن کو بہتر بنانے کے لیے انجینئرز اور فلائٹ کریو کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافے پر توجہ دے گی۔
پی آئی اے کی شمالی امریکا اور مشرق بعید کے روٹس پر نظریں
فضائی نیٹ ورک کی توسیع سے متعلق سی ای او نے بتایا کہ پی آئی اے یورپ اور برطانیہ کے مختلف مقامات کے لیے پروازوں کی تعداد بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے، جبکہ شمالی امریکا کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور شمالی امریکا کے درمیان قابل اعتماد براہ راست فضائی رابطوں کی مارکیٹ میں نمایاں طلب موجود ہے۔
ایئرلائن چین اور مشرق بعید کے کئی نئے مقامات کے لیے بھی پروازیں شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
ایڈرین ہیملٹن مینز کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک وسیع ملک ہے جہاں آبادی کی بڑی تعداد موجود ہے، اس لیے عالمی سطح پر وسیع فضائی نیٹ ورک اور اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کرنے والی ایئرلائن ملک کی بنیادی ضرورت ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان نے بھی اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔


Comments