پی آئی اے کا برطانیہ آپریشن بحال، تمام پروازیں اپنے طیاروں سے چلانے کا فیصلہ
- قومی ایئرلائن کا برطانیہ کا فضائی آپریشن اپنے بوئنگ 777 طیاروں پر منتقل، متاثرہ مسافروں کو متبادل پروازوں میں جگہ یا بغیر جرمانے مکمل رقم واپسی کی سہولت
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے ویٹ لیز پارٹنر نورس اٹلانٹک ایئرویز کی جانب سے اچانک فضائی آپریشن معطل کیے جانے کے بعد پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا۔
قومی ایئرلائن کے مطابق 26 نومبر سے برطانیہ کے لیے تمام پروازیں اپنے بوئنگ 777 طیاروں کے ذریعے چلائی جارہی ہیں، جس کے بعد ان خدمات کے لیے تیسرے فریق پر انحصار ختم کردیا گیا ہے۔
پی آئی اے نے بتایا کہ لندن اور مانچسٹر ایئرپورٹس پر متاثرہ مسافروں کی معاونت کی گئی اور منسوخ ہونے والی پروازوں کے مسافروں کو ان کی سفری ترجیحات کے مطابق بعد کی پروازوں میں جگہ فراہم کی گئی۔ سفر کی تاریخ تبدیل یا مؤخر کرنے والے مسافروں کو بغیر کسی جرمانے کے مکمل رقم واپس کرنے کی سہولت بھی دی گئی۔
ایئرلائن کے مطابق جمعرات کو برطانیہ کے لیے تمام شیڈول پروازیں بحال ہوگئیں، جبکہ ملکی اور بین الاقوامی نیٹ ورک پر دیگر فضائی آپریشن بھی معمول کے مطابق جاری رہے۔
واضح رہے کہ نورس اٹلانٹک ایئرویز کی جانب سے بغیر پیشگی اطلاع خدمات معطل کیے جانے کے بعد بدھ کو پی آئی اے کو دو پروازیں منسوخ کرنا پڑی تھیں۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق قومی ایئرلائن نے برطانیہ کے فضائی آپریشن کو بہتر بنانے کے لیے نورس اٹلانٹک سے دو طیارے ویٹ لیز پر حاصل کیے تھے، تاہم خدمات کی معطلی کا اعلان ایسے وقت کیا گیا جب لندن اور مانچسٹر ایئرپورٹس پر مسافروں کی چیک اِن کا عمل شروع ہونے والا تھا۔
اس صورت حال کے باعث پی آئی اے کی لندن سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 786 اور مانچسٹر سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 710 منسوخ کردی گئی تھیں۔
ترجمان نے بتایا کہ مسافروں کو مشکلات سے بچانے کے لیے ہنگامی منصوبہ فعال کیا گیا اور متبادل انتظامات کیے گئے۔ ایئرلائن نے مزید فیصلہ کیا کہ 26 نومبر سے برطانیہ کے لیے تمام پروازیں اپنے بوئنگ 777 طیاروں کے ذریعے چلائی جائیں گی ،تاکہ فضائی خدمات کا تسلسل برقرار رہے اور تیسرے فریق پر انحصار نہ کرنا پڑے۔


Comments