ظہران ممدانی کیلئے عدالتی ریلیف، کرایوں میں اضافے پر پابندی برقرار
- ظہران ممدانی نے عدالتی فیصلے کو کرایہ داروں، رہائش کے اخراجات میں کمی اور اس اصول کی کامیابی قرار دیا
نیویارک کی ریاستی سپریم کورٹ نے بدھ کو شہر کے میئر ظہران ممدانی کی جانب سے تقریباً نصف کرائے کے گھروں کے کرایوں میں اضافے پر عائد پابندی برقرار رکھتے ہوئے مکان مالکان کے ایک گروپ کی درخواست مسترد کردی۔
سستی رہائش کے وعدے پر انتخابی مہم چلانے والے میئر ظہران ممدانی نے عدالتی فیصلے کو کرایہ داروں، رہائش کے اخراجات میں کمی اور اس اصول کی کامیابی قرار دیا کہ محنت کش نیویارک کے شہریوں کو ایسا شہر ملنا چاہیے جہاں وہ رہائش اختیار کرسکیں۔
مکان مالکان کا مؤقف تھا کہ کرایہ رہنما بورڈ کا کرایہ مستحکم رکھنے والے اپارٹمنٹس کے کرایوں میں اضافہ منجمد کرنے کا فیصلہ ظہران ممدانی کے وفادار ارکان کے اثر و رسوخ کے تحت کیا گیا، اس لیے یہ عمل آزادانہ نہیں تھا۔ ان اپارٹمنٹس کی تعداد شہر کے مجموعی 23 لاکھ کرائے کے گھروں میں سے 10 لاکھ ہے۔ مکان مالکان نے اپنی درخواست میں اس عمل کو محض دکھاوا قرار دیا تھا۔
جسٹس برینڈن لینٹری نے فیصلہ دیا کہ مکان مالکان یہ ثابت کرنے میں ناکام رہے کہ کرایوں میں اضافے پر پابندی کا فیصلہ غیرمعقول، من مانا یا غیرمنصفانہ تھا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ظہران ممدانی کو اپنی پالیسیوں سے اتفاق کرنے والے افراد کو کرایہ رہنما بورڈ میں مقرر کرنے کا اختیار حاصل تھا۔
فیصلے میں کہا گیا کہ انتخابات کے نتائج ہوتے ہیں اور یہی جمہوریت کی بنیاد ہے۔
یہ پابندی یکم اکتوبر 2026 سے اگلے سال 30 ستمبر تک تجدید ہونے والے ایک اور دو سالہ کرایہ معاہدوں پر لاگو ہوگی۔ ظہران ممدانی کے مطابق اس فیصلے سے 20 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ رہائش کوئی آسائش نہیں بلکہ بنیادی ضرورت ہے۔


Comments