مصر میں پٹرولیم مصنوعات سے لدے ٹرک کے الٹنے کے بعد آتشزدگی، 31 افراد ہلاک
- حکام کے مطابق واقعہ بدھ کو قاہرہ کے علاقے جیزہ کے الوراق ضلع میں ایک سرنگ کے اوپر پیش آیا
مصر میں پٹرولیم مصنوعات لے جانے والی گاڑی کے بڑے رنگ روڈ پر الٹنے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 31 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق واقعہ بدھ کو قاہرہ کے علاقے جیزہ کے الوراق ضلع میں ایک سرنگ کے اوپر پیش آیا۔ ابتدائی تخمینے کے مطابق آگ سے 27 گاڑیاں، جن میں کاریں اور موٹر سائیکلیں شامل ہیں، جل کر تباہ ہوگئیں۔
سرکاری استغاثہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے ان افراد کی شناخت کے لیے ڈی این اے نمونے لینے کا حکم دیا ہے جن کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔
وزارت صحت کے مطابق امدادی کارروائیوں میں 39 ایمبولینسوں نے حصہ لیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں جائے وقوعہ سے دھوئیں کے بلند بادل اٹھتے دکھائی دیے۔
عینی شاہد علی یوسف نے بتایا کہ گاڑیاں جل کر تباہ ہوگئیں اور ان میں موجود افراد کو باہر نکلنے کا موقع نہیں ملا۔
مصر میں تیز رفتاری، ٹریفک قوانین پر کمزور عمل درآمد اور سڑکوں کی خراب حالت کے باعث حادثات عام ہیں۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 2025 میں ٹریفک حادثات میں ہلاکتیں 10.8 فیصد بڑھ کر 5,829 ہوگئیں۔


Comments