امریکی فوج کا آئیووا میں 4,500 کلوگرام دھماکا خیز مواد تلف کرنے کا منصوبہ، زہریلی دھول کیخلاف اقدام کا اعلان
- حکام کے مطابق اس کارروائی کا مقصد پرانے دھماکا خیز مواد کو خودبخود پھٹنے سے روکنا ہے
امریکی فوج بدھ کو ریاست آئیووا میں تقریباً 4,500 کلوگرام پرانے اور غیر مستحکم لیڈ ایزائیڈ کو کنٹرولڈ دھماکے کے ذریعے تلف کرنے جا رہی ہے، جبکہ مقامی آبادی نے دھماکے کے بعد زہریلی سیسے کی دھول پھیلنے کے خطرات سے متعلق مزید معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق اس کارروائی کا مقصد پرانے دھماکا خیز مواد کو خودبخود پھٹنے سے روکنا ہے۔ دھماکے کے اثرات محدود رکھنے کے لیے زیر زمین کنکریٹ بنکروں کے گرد مٹی کے حفاظتی حصار بنائے گئے ہیں، جبکہ گردوغبار دبانے کے لیے پانی کی پھوار اور خصوصی جھاگ استعمال کی جائے گی۔
امریکی فوج کے قائم مقام سیکریٹری ایڈم ٹیلر نے بتایا کہ دھماکا مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے مڈل ٹاؤن میں واقع آئیووا آرمی ایمونیشن پلانٹ میں کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق لیڈ ایزائیڈ فوجی اسلحے میں استعمال ہونے والا دھماکا خیز کیمیکل ہے۔ مارچ میں معائنے کے دوران اس میں خطرناک کرسٹل بننے کا انکشاف ہوا تھا۔ کم درجہ حرارت اس مادے کو جھٹکوں اور رگڑ کے لیے زیادہ حساس بنا سکتا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سیسے کی آلودگی بچوں کی ذہنی نشوونما سمیت صحت کو متاثر کرسکتی ہے۔ حکام نے دھماکے کے مقام سے 5 میل کے اندر رہنے والوں کے انخلا کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ 5 سے 20 میل کے علاقے میں رہائشیوں کو کھڑکیاں بند کرکے گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مقامی افراد نے دھماکے کے وقت اور زہریلی دھول کے ممکنہ پھیلاؤ سے متعلق بدلتی ہوئی معلومات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام کی ناقص رابطہ کاری پر تنقید کی ہے۔


Comments