امریکی عدالت نے ایران میں کاروبار اور تجارتی راز چرانے کے الزام میں ہواوے کو مجرم قرار دیدیا
- ہواوے نے اپنے بیان میں کہا کہ جن الزامات میں اسے سزا سنائی گئی، ان کی کوئی قانونی بنیاد نہیں
چینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی ہواوے کو امریکا میں ایران کے ساتھ کاروبار سے متعلق بینکوں کو گمراہ کرنے اور امریکی کمپنیوں کے تجارتی راز چرانے کے الزامات میں مجرم قرار دے دیا گیا ہے۔
بروکلین کی وفاقی عدالت میں جیوری نے ہواوے کو 12 میں سے 10 فوجداری الزامات میں قصوروار پایا، تاہم کمپنی کو مجرمانہ سازش کے الزام سے بری کردیا گیا۔
ہواوے نے اپنے بیان میں کہا کہ جن الزامات میں اسے سزا سنائی گئی، ان کی کوئی قانونی بنیاد نہیں اور وہ اپنے حقوق و مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری قانونی اقدامات کرے گی۔
امریکی حکام کئی برسوں سے ہواوے کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے رہے ہیں۔ 2018 میں شروع ہونے والے مقدمے کے بعد 2019 میں امریکی حکومت نے کمپنی کو تجارتی پابندیوں کی فہرست میں شامل کردیا تھا، جس سے امریکی ٹیکنالوجی تک اس کی رسائی محدود ہوگئی۔
استغاثہ نے الزام عائد کیا کہ ہواوے نے ایران میں کاروبار چھپانے کے لیے ایچ ایس بی سی سمیت بینکوں کو گمراہ کیا اور دو دہائیوں کے دوران امریکی کمپنیوں کے تجارتی راز چرانے کی سازش کی۔
مقدمے میں سسکو سسٹمز کے روٹرز کا سورس کوڈ، کوئنٹل کی اینٹینا ٹیکنالوجی اور سی این ای ایکس کے سرکٹ بورڈ سے متعلق معلومات چرانے کے الزامات بھی شامل تھے۔
ہواوے کی چیف فنانشل آفیسر مینگ وانژو کو 2018 میں کینیڈا میں گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ تقریباً تین سال بعد معاہدے کے تحت چین واپس آگئیں اور ان کے خلاف الزامات ختم کردیے گئے۔
ہواوے دنیا کے تقریباً 170 ممالک میں کاروبار کرتی ہے اور اس کے ملازمین کی تعداد 2 لاکھ سے زائد ہے۔


Comments