مہنگائی کے خدشات بڑھنے پر وارش کی قیادت میں امریکی فیڈ کو اے آئی بوم کا چیلنج
- وارش مصنوعی ذہانت کو امریکا کی عالمی قیادت کے لیے فیصلہ کن اہمیت کا حامل قرار دیتے ہیں، تاہم فیڈ حکام اس کے قلیل مدتی معاشی اثرات اور مہنگائی پر دباؤ کے حوالے سے تشویش کا شکار ہیں
امریکی فیڈرل ریزرو کے چیئرمین کیون وارش مصنوعی ذہانت (اے آئی) کو تاریخ کا ایک فیصلہ کن موڑ اور امریکا کی عالمی قیادت کے لیے انتہائی اہم قرار دے چکے ہیں، تاہم یہ ٹیکنالوجی اب فیڈ کی پالیسی سازی میں بھی مرکزی اہمیت اختیار کر گئی ہے، جہاں حکام اس بحث میں الجھے ہوئے ہیں کہ آیا مصنوعی ذہانت میں تیزی معیشت کو تبدیل کرنے والا ایک غیر معمولی مرحلہ ہے، مہنگائی میں اضافے کا سبب ہے یا کسی بڑے معاشی بحران کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح خود کو ’’محتاط طور پر پُرامید‘‘ قرار دینے والے کیون وارش کے لیے، جو مصنوعی ذہانت کی انتہائی ترقی یافتہ شکل کو ’’سپر انٹیلی جنس‘‘ کہتے ہیں، یہ بیک وقت کئی نوعیت کے چیلنجز کا معاملہ بن سکتا ہے، جو امریکی مرکزی بینک اور اس کی قیادت کے لیے آزمائش ثابت ہوگا۔
ایورکور آئی ایس آئی کے وائس چیئرمین اور نیویارک فیڈ کے سابق عہدیدار کرشنا گوہا نے گزشتہ ہفتے امریکی اسٹاک مارکیٹ کے بڑے اشاریوں کے کریکشن کی سطح میں داخل ہونے کے بعد کہا کہ ’’یہ وارش کے لیے ایک سنجیدہ امتحان ہے۔‘‘ مارکیٹ میں مندی کی بنیادی وجوہات میں مصنوعی ذہانت سے وابستہ سرمایہ کاری کے منافع بخش ہونے کے حوالے سے خدشات اور اے آئی چپس بنانے والی بڑی کمپنی اینویڈیا کے گرد اسکینڈل اور اس کے چیف ایگزیکٹو کی مختصر مدت کے لیے برطرفی سے پیدا ہونے والی بے چینی شامل تھی۔
کرشنا گوہا نے لکھا کہ حالیہ مہنگائی اور معاشی نمو کے اعدادوشمار ’’ضرورت سے زیادہ بلند اور مضبوط ہیں، تاہم جب معاشی نمو کا انحصار مصنوعی ذہانت میں سرمایہ کاری اور اس کے نتیجے میں صارفین کے اثاثوں کی مالیت میں اضافے سے پیدا ہونے والے اثرات پر ہو تو فیڈ کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ معاشی سرگرمیوں میں کسی بھی قسم کی کمزوری محدود رہے۔‘‘
ان کے مطابق وارش کو ایسے اعدادوشمار اور مالیاتی منڈیوں کے اشاروں میں توازن قائم کرنا ہوگا جو مستقبل میں معاشی سرگرمیوں کی رفتار سست پڑنے کی نشاندہی کررہے ہیں۔ ساتھ ہی انہیں مہنگائی پر قابو پانے کے حوالے سے فیڈ کی ساکھ برقرار رکھنے اور اس خدشے سے بھی بچنے کی کوشش کرنا ہوگی کہ تاریخ انہیں ایسے فیڈ چیئرمین کے طور پر یاد رکھے جس نے مصنوعی ذہانت کی تیزی کو ختم کردیا۔
مصنوعی ذہانت کے خلاف سیاسی ردعمل، اسٹاک مارکیٹ میں مندی، ایک بڑے ابتدائی عوامی حصص اجرا (آئی پی او)، بڑے کارپوریٹ اسکینڈل اور پھر ان تمام واقعات کے بعد مارکیٹ میں دوبارہ تیزی آنے کے اتار چڑھاؤ کے دوران فیڈ حکام سے توقع ہے کہ وہ 8 اور 9 دسمبر کے اجلاس میں شرح سود میں 0.25 فیصد پوائنٹس اضافے کے فیصلے پر عمل درآمد کریں گے۔
اگرچہ فیڈ حکام کا لازمی طور پر یہ مقصد نہیں کہ وہ مصنوعی ذہانت کی تیزی کو روکیں، اور نہ ہی اس بات کی ضمانت ہے کہ وہ ایسا کرسکتے ہیں، تاہم ان میں سے بہت سے حکام کا خیال ہے کہ اے آئی کے باعث معاشی نمو معیشت کی پیداواری صلاحیت کی قدرتی حدود سے آگے بڑھ رہی ہے۔ اس لیے سرمایہ کاری اور طلب کے بعض پہلوؤں کو محدود کرنا ضروری ہوسکتا ہے۔
شکاگو فیڈ کے صدر آسٹن گولزبی نے گزشتہ ہفتے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر سرمایہ کاری کی رفتار نمایاں طور پر سست پڑ جاتی ہے تو ہاں، مجھے اس بات پر تشویش کم ہوگی کہ معیشت میں ضرورت سے زیادہ تیزی پیدا ہورہی ہے۔‘‘ انہوں نے مصنوعی ذہانت کے باعث معیشت کی پیداواری صلاحیت پر پڑنے والے دباؤ کو ایک مشکل صورت حال سے تشبیہ دی، جس میں ’’ایک بڑے جانور کو ایک تنگ راستے سے گزارنے‘‘ کی کوشش کی جارہی ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ شرح سود میں اضافے کے معیشت پر اثرات کے لیے ضروری نہیں کہ ہر شعبے کو الگ الگ ہدف بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ’’فیڈ کے پاس صرف ایک ہی ذریعہ ہے اور وہ شرح سود میں اضافہ کرکے مالیاتی حالات سخت کرنا ہے۔ میرا خیال ہے کہ ڈیٹا سینٹرز بھی کاروباری سرمایہ کاری میں شامل ہیں اور قرض لینے کی لاگت بڑھنے سے ان پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔‘‘
تشویش ناک اشارہ
امریکی مرکزی بینک کے بعض عہدیداروں نے حالیہ دنوں میں مصنوعی ذہانت کے اثرات پر کھل کر بات کی ہے۔
فیڈ کی گورنر لیزا کک نے اس ٹیکنالوجی سے پیدا ہونے والے ممکنہ مالیاتی خطرات اور اس امکان کی نشاندہی کی ہے کہ مصنوعی ذہانت پہلے ہی ملازمتیں ختم کرنے کا سبب بن رہی ہے، جبکہ فیڈ کے وائس چیئرمین فلپ جیفرسن کا کہنا ہے کہ اے آئی میں سرمایہ کاری فی الحال مہنگائی میں اضافہ کررہی ہے، جبکہ اس سے پیداواری صلاحیت میں بہتری کے فوائد مستقبل میں سامنے آئیں گے۔
فیڈ کی سربراہی سنبھالنے سے پہلے وارش مرکزی بینکوں کے عہدیداروں کو خبردار کرچکے تھے کہ انہیں موسمیاتی تبدیلی جیسے سیاسی معاملات پر کسی ایک فریق کی حمایت سے گریز کرنا چاہیے۔ تاہم اب وہ مصنوعی ذہانت میں کامیابی کو امریکا کے لیے کامیابی اور ناکامی کے درمیان فیصلہ کن معاملہ قرار دیتے ہیں۔
وارش نے گزشتہ ہفتے سان فرانسسکو فیڈ میں منعقدہ مصنوعی ذہانت سے متعلق ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس کا انعقاد بھی انہوں نے خود کروایا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’ہم امریکی معیشت اور دنیا میں امریکا کے کردار کے حوالے سے ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑے ہیں۔ میرا نہیں خیال کہ ہم میں سے کوئی بھی اس بات سے لاتعلق ہے کہ اس معاملے کا نتیجہ کیا نکلتا ہے۔‘‘
تاہم فیڈ میں ان کے ساتھی اب اس معاملے کو زیادہ باریک بینی سے دیکھ رہے ہیں اور ان کی توجہ بالخصوص مصنوعی ذہانت کے فوری معاشی اثرات پر مرکوز ہے۔
اس شعبے میں غیر یقینی صورت حال کا اندازہ اس اتار چڑھاؤ سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ اینویڈیا نے پیر کے روز اپنا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے جینسن ہوانگ کو دوبارہ چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کردیا، جبکہ حالیہ شدید مندی کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں بھی دوبارہ تیزی آگئی۔
سیاسی سطح پر بھی امریکا میں اس بات پر اختلافات بڑھ گئے ہیں کہ مصنوعی ذہانت کے فوائد اور خطرات میں توازن کیسے قائم کیا جائے، اس شعبے میں تعمیراتی سرگرمیوں کی رفتار کتنی ہونی چاہیے اور کیا مناسب نگرانی کے بغیر یہ ٹیکنالوجی بہت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔
امریکا کی سابق وزیر تجارت جینا رائمونڈو نے وارش کی مصنوعی ذہانت کانفرنس میں ان کے ساتھ ایک پینل مباحثے کے دوران کہا کہ ’’لوگ خوف زدہ ہیں۔ جب ایک عام امریکی مصنوعی ذہانت کے بارے میں سنتا ہے تو اس کے ذہن میں یہ خدشات آتے ہیں کہ میری ملازمت ختم ہوجائے گی، میرے بچوں کی ملازمتیں ختم ہوجائیں گی، بچوں کی ذہنی صحت متاثر ہوگی یا قومی سلامتی کو خطرات لاحق ہوں گے۔‘‘
جینا رائمونڈو، جو اس وقت ایک غیر منافع بخش ادارے کی شریک سربراہ ہیں اور اس کے ذریعے مصنوعی ذہانت کے باعث افرادی قوت میں آنے والی تبدیلیوں کو آسان بنانے کی کوشش کررہی ہیں، نے نشاندہی کی کہ امریکا میں حالیہ وسط مدتی انتخابات کے دوران ووٹرز نے ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر کی رفتار سست کرنے کے لیے پیش کی گئی متعدد تجاویز کی حمایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’میرے خیال میں یہ انتہائی تشویش ناک اشارہ ہے۔ جب لوگ خوف زدہ ہوتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ اسے روک دیا جائے۔ میرے خیال میں یہ امریکا اور خود ان لوگوں کے لیے بھی بہت نقصان دہ ہوگا۔ اس لیے اب ہمیں یہ طے کرنا ہوگا کہ لوگوں کے جائز خدشات کا ازالہ کیسے کیا جائے۔‘‘
وارش نے خود یہ ردعمل پیدا کیا ہے
جیسا کہ وارش اکثر واضح کرتے ہیں، فیڈ کا کردار کامیاب اور ناکام کمپنیوں کا انتخاب کرنا نہیں، بلکہ قرض کی فراہمی کے ایسے حالات کو منظم کرنا ہے جن میں تمام کاروباری ادارے کام کرتے ہیں اور جو بالآخر مہنگائی پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
مصنوعی ذہانت میں سرمایہ کاری کو مہنگائی کا ایک سبب قرار دینے کے حوالے سے فیڈ حکام کا موقف صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خواہشات سے براہ راست متصادم ہے، جو چاہتے ہیں کہ اس شعبے میں تیزی کا سلسلہ جاری رہے۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ اور ٹرمپ انتظامیہ کے دیگر عہدیداروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ عالمی سطح پر تیل کی بلند قیمتیں ہیں، جو توانائی کی لاگت کم ہونے کے ساتھ خود بخود نیچے آجائیں گی۔
وارش نے اپنی سربراہی کے دوران آئندہ پالیسی فیصلوں کے بارے میں پیشگی اشارے دینے سے گریز کو ایک نمایاں طرزِ عمل بنایا ہے۔ تاہم وہ اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ مصنوعی ذہانت کا اثر پہلے طلب پر پڑتا ہے، جبکہ رسد اور پیداواری صلاحیت میں بہتری کے فوائد بعد میں سامنے آتے ہیں، جو مستقبل میں مہنگائی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔
تاہم انہوں نے ابھی تک اس معاملے پر دوسروں کی طرح واضح موقف اختیار نہیں کیا اور اس سوال پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے کہ آیا ان کے خیال میں مصنوعی ذہانت میں تیزی اور مہنگائی اب ایک دوسرے کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں اور فیڈ کو اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے کیا اقدامات کرنا پڑ سکتے ہیں۔
یہ سوال اب فیڈ کے آئندہ پالیسی اجلاس سے پہلے ایک اہم معاملہ بن چکا ہے، جس میں پالیسی سازوں کو شرح سود کے آئندہ تخمینوں پر نظرثانی کرنا ہے۔ اس سے قبل فیڈ کے متعدد عہدیداروں کے بیانات میں شرح سود کے حوالے سے سخت پالیسی اپنانے کا رجحان نمایاں رہا ہے، تاہم انتخابی نتائج، اسٹاک مارکیٹ اور دیگر معاشی عوامل ممکنہ سست روی کی نشاندہی کررہے تھے۔
میکوئری کے تجزیہ کاروں نے حال ہی میں لکھا کہ وسط مدتی انتخابات کے بعد مالیاتی منڈیوں کے لیے مسئلہ صرف مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ممکنہ سست روی کا خدشہ نہیں رہا، بلکہ یہ تاثر بھی پیدا ہوا ہے کہ فیڈ نے انتخابات کے بعد پیدا ہونے والے خطرات اور غیر یقینی صورت حال کو نظر انداز کرتے ہوئے احتیاط کا دامن چھوڑ دیا ہے۔


Comments