وزارتِ خزانہ نے مالی سال 2027-29 کے لیے قرضوں کی پائیداری سے متعلق اپنی تازہ ترین تجزیاتی رپورٹ میں متعدد ایسے عوامل کی نشاندہی کی جو ملکی معیشت کو خطرات سے دوچار کرسکتے ہیں۔ ان عوامل میں معاشی ترقی کی سست رفتار، بنیادی بجٹ سرپلس کا تخمینے سے کم رہنا، بلند شرحِ سود، روپے کی قدر میں کمی، حکومتی ضمانتوں اور دیگر مشروط مالی ذمہ داریوں کا بوجھ سامنے آنا، نیز معیشت کو متاثر کرنے والے ناموافق جھٹکے شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان خطرات کے نتیجے میں قرضوں کا حجم مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے 64.6 فیصد کے بنیادی تخمینے کے بجائے بڑھ کر 76.2 فیصد تک پہنچ سکتا ہے جو ایک تشویش ناک صورتِ حال ہوگی۔
بیان کردہ عوامل صرف پاکستان کے قرضوں کی پائیداری کے لیے مخصوص نہیں بلکہ دنیا کی تمام معیشتوں پر لاگو ہوتے ہیں۔ تاہم بعض ایسے عناصر موجود ہیں جن کے باعث پاکستان میں قرضوں کے حجم کے بڑھ کر مذکورہ بلند ترین سطح تک پہنچنے کا امکان بعض دوسرے ممالک کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
پاکستان میں بجٹ سازی کا عمومی طریقۂ کار یہ رہا ہے کہ ہر سال معاشی ترقی کی بلند شرح کا پُرامید ہدف مقرر کیا جاتا ہے لیکن ماضی میں یہ ہدف شاذونادر ہی حاصل ہوسکا ہے۔ یہ شرحِ نمو ایسی پالیسیوں کی بنیاد پر طے کی جاتی ہے جن پر عملدرآمد حکومت کے لیے ممکن نہیں ہوتا، خصوصاً اس وقت جب ملک آئی ایم ایف پروگرام کے تحت ہو اور اس سے منسلک سخت مالیاتی و زری پالیسیاں نافذ ہوں۔ اگرچہ گزشتہ چند برسوں کے دوران کووڈ-19 کی وبا اور امریکا و ایران کے درمیان جاری تنازع کے ساتھ ساتھ روس اور یوکرین کی جنگ نے آئی ایم ایف کی شرائط کے باعث معاشی ترقی کی راہ میں مزید رکاوٹیں پیدا کیں، تاہم یہ تنازعات اب بھی حل سے بہت دور ہیں۔ مزید یہ کہ جنگ کا دائرہ محدود ہونے کے بجائے مسلسل وسیع ہورہا ہے۔
آئی ایم ایف کے جاری پروگرام کا ایک اہم مقصد بنیادی بجٹ سرپلس حاصل کرنا ہے۔ رواں مالی سال کے لیے اس کا ہدف 2 ہزار 864 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ تخمینہ ہے کہ سرپلس اس سے معمولی زیادہ، یعنی 2 ہزار 882 ارب روپے رہے گا۔ توقع ہے کہ مالی سال 2028-29 تک یہ رقم بڑھ کر 3 ہزار 519 ارب روپے ہوجائے گی۔
تاہم اب تک یہ شرط بیرونی قرضوں پر زیادہ انحصار کے ذریعے پوری کی جارہی ہے۔ اس کی تازہ مثال 5.5 سالہ یورو بانڈز کے اجرا سے حاصل کیے گئے 1.75 ارب ڈالر ہیں جن پر 7.50 فیصد شرحِ سود مقرر کی گئی جو عالمی شرحِ سود سے خاصی زیادہ ہے۔ اسی طرح 10 سالہ یورو بانڈز کے اجرا کے ذریعے 1.25 ارب ڈالر حاصل کیے گئے جن پر 7.90 فیصد شرحِ سود ادا کرنا ہوگی۔دوسری جانب ملک میں پالیسی ریٹ 12 فیصد ہے جو خطے میں سب سے زیادہ اور بھارت و چین جیسے حریف ممالک کے مقابلے میں دوگنے سے بھی زیادہ ہے۔ بلند شرحِ سود کے باعث مقامی صنعت کاروں کی پیداواری لاگت بڑھ رہی ہے جس سے بین الاقوامی منڈیوں میں ان کی مسابقتی صلاحیت متاثر ہورہی ہے۔
حکومت کی جانب سے کرنسی مارکیٹ میں قیاس آرائیوں کی روک تھام کے لیے پالیسی اقدامات کے بعد روپے کی قدر میں کمی کی رفتار محدود رہی ہے۔ تاہم آئی ایم ایف نے اپنی ویب سائٹ پر 7 اکتوبر کو جاری کردہ پریس ریلیز جس کا عنوان چوتھے جائزے کے بعد اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا تھا میں ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ شرحِ تبادلہ میں لچک کو معاشی جھٹکوں کے اثرات زائل کرنے کے ایک اہم ذریعے کے طور پر برقرار رہنا چاہیے جبکہ زرمبادلہ ذخائر میں مزید اضافہ، فارن ایکسچینج نظام کو بتدریج آزاد بنانا اور ملکی مالیاتی منڈیوں کو مزید گہرا کرنا معیشت کی جھٹکوں کے مقابلے کی صلاحیت مضبوط بنانے اور نجی شعبے کی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ آئی ایم ایف کے مقامی نمائندے نے پائیدار ترقیاتی پالیسی ادارے (ایس ڈی پی آئی) کے زیرِ اہتمام منعقدہ اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ معاشی استحکام کے اقدامات سے آگے بڑھتے ہوئے گہری ساختی اصلاحات پر توجہ دے۔ اجلاس کا عنوان ترقی کے لیے اصلاحات کہاں اہمیت رکھتی ہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات میں صوبائی سطح پر محصولات میں اضافہ، طرزِ حکمرانی میں بہتری، توانائی شعبے کی ازسرِنو تشکیل اور کاروباری لاگت میں کمی شامل ہونی چاہیے۔آئی ایم ایف کے نمائندے نے سرکاری وسائل کی بہتر تقسیم کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر مؤثر سرگرمیوں یا مخصوص طبقات کو ترجیح دینے والے انتظامات پر وسائل خرچ کرنے کے بجائے بنیادی ڈھانچے کے ایسے منصوبوں میں زیادہ سرمایہ کاری کی جائے جن سے خاطر خواہ معاشی فوائد حاصل ہوں۔ اس کے ساتھ صحت، تعلیم اور مستحق طبقات کے لیے ہدفی سماجی تحفظ کے پروگرامز پر بھی اخراجات بڑھائے جائیں۔
بزنس ریکارڈر گزشتہ چند برسوں سے حکومت پر زور دیتا رہا ہے کہ وہ اپنے موجودہ اخراجات میں کم از کم 2 ہزار ارب روپے کی کمی کرے جو بجٹ میں مختص 17.4 ہزار ارب روپے کے مقابلے میں ہوگی۔ اس سے وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو ٹیکسوں کے نظام میں بتدریج ایسی بنیادی اصلاحات متعارف کرانے کا موقع ملے گا جن کا مقصد ٹیکس ادا کرنے کی صلاحیت کے مطابق محصولات میں اضافہ کرنا ہے۔ اس کے نتیجے میں موجودہ ٹیکس دہندگان پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کیا جاسکے گا کیونکہ بالواسطہ ٹیکسوں پر انحصار میں کمی آئے گی۔ ان ٹیکسوں کا بوجھ امیر طبقے کے مقابلے میں غریبوں پر زیادہ پڑتا ہے۔ اس طرح ملک میں غربت کی موجودہ تشویش ناک شرح جو 44.7 فیصد ہے، کم کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026


Comments