پاکستان کو صرف نئے صوبوں نہیں بلکہ مزید معاشی مراکز کی ضرورت
- پاکستان کو نئے صوبوں کی تعداد کے بجائے حکومتی ذمہ داریوں، معاشی استعداد، مالیاتی مراعات اور تاریخی شناختوں کے تحفظ کو مدنظر رکھ کر انتظامی حدود کا تعین کرنا چاہیے
پاکستان کو ایک غیر معمولی مسئلے کا سامنا ہے۔ یہاں انتظامی حدود میں تبدیلی کی کوئی بھی تجویز تاریخ، نسلی شناخت اور علاقائی تشخص پر بحث چھیڑ دیتی ہے۔ کسی صوبے کو تقسیم کرنے کی تجویز کو عموماً حکومتی نظام کی ازسرنو تشکیل کے بجائے عوام کو تقسیم کرنے کی کوشش سمجھا جاتا ہے۔
وقت گزرنے کے ساتھ صوبائی انتظامی حدود وہاں آباد برادریوں کی شناخت سے اس قدر جڑ گئی ہیں کہ دونوں کو الگ تصور کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ تاہم یہ سوال اہم ہے کہ انتظامی حدود اور عوامی شناخت کا ایک ہونا کیوں ضروری ہے؟
ملک میں نئے صوبوں کے قیام پر دوبارہ شروع ہونے والی بحث بھی روایتی انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔ حامیوں کا مؤقف ہے کہ چھوٹے صوبوں سے طرز حکمرانی بہتر ہوگا، انتظامیہ عوام کے قریب آئے گی اور پسماندہ علاقوں کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ مخالفین کو خدشہ ہے کہ اس سے نسلی تقسیم بڑھے گی، انتظامی اخراجات میں اضافہ ہوگا اور تاریخی شناخت کمزور پڑ جائے گی۔
دونوں جانب کے دلائل قابل غور ہیں، لیکن اس بحث میں ایک زیادہ اہم معاشی سوال نظرانداز ہورہا ہے کہ کیا صوبوں کی ازسرنو تشکیل پاکستان میں معاشی سرگرمیوں کے مزید پیداواری مراکز قائم کرسکتی ہے یا اس سے صرف ایسی نئی حکومتیں وجود میں آئیں گی جو قومی وسائل کے لیے ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گی؟
موجودہ انتظامی ڈھانچے کا جائزہ لیا جائے تو 2023ء کی مردم شماری کے مطابق پنجاب کی آبادی 12 کروڑ 77 لاکھ، سندھ کی 5 کروڑ 57 لاکھ، خیبر پختونخوا کی 4 کروڑ 9 لاکھ اور بلوچستان کی ایک کروڑ 49 لاکھ ہے۔ یہ صرف بڑے انتظامی صوبے نہیں بلکہ مختلف معاشی خطے بھی ہیں، جن کی صنعتی ساخت، سرمایہ کاری کی ضروریات، بنیادی ڈھانچے کے نظام اور ترقیاتی ترجیحات ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ اس کے باوجود معاشی پالیسی سازی، صوبائی ٹیکسوں، انتظامی ضابطوں اور ترقیاتی اخراجات کے اختیارات چار صوبائی حکومتوں تک محدود ہیں۔
اٹھارہویں آئینی ترمیم کا مقصد پاکستان میں حد سے زیادہ مرکزی اختیارات کے نظام کو ختم کرنا تھا۔ اس کے تحت اسلام آباد سے صوبوں کو اہم ذمہ داریاں منتقل کی گئیں اور ساتویں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے ذریعے صوبائی وسائل میں بھی اضافہ کیا گیا۔
تاہم اختیارات کی اسلام آباد سے لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ منتقلی کا مطلب یہ نہیں تھا کہ وہ ملک کے مختلف معاشی خطوں تک بھی پہنچ گئے۔ پاکستان نے اختیارات کے ایک بڑے مرکز کی جگہ چار بڑے مراکز قائم کردیے۔
عالمی بینک کی جولائی 2026 کی ایک جائزہ رپورٹ میں وفاقی مالیاتی نظام کے شواہد قابلِ غور ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اصلاحات کے بعد صوبائی اخراجات میں ہونے والے اضافے کا بڑا حصہ تعلیم اور صحت کے بجائے انتظامی اخراجات پر صرف ہوا۔ دوسری جانب مجموعی سرکاری اخراجات میں مقامی حکومتوں کا حصہ 2005 میں تقریباً 10 فیصد تھا، جو 2024 میں کم ہو کر 5 فیصد سے بھی نیچے آگیا۔ مسئلہ صرف یہ نہیں تھا کہ وفاقی حکومت نے اختیارات صوبوں کو مناسب طور پر منتقل نہیں کیے بلکہ اصل ناکامی یہ تھی کہ صوبوں نے یہ اختیارات مزید نچلی سطح تک منتقل نہیں کیے۔
اس صورت حال میں مزید صوبے بنانے کے حامیوں کے سامنے ایک مشکل سوال ہے۔ اگر بنیادی محرکات اور نظام میں کوئی تبدیلی نہیں آتی تو چار صوبائی انتظامیہ کو بارہ یا پندرہ حصوں میں تقسیم کرنے سے بہتر طرزِ حکمرانی کیسے ممکن ہوگی ؟ چھوٹی حکومتیں بھی بڑی حکومتوں کی طرح مرکزیت، نااہلی اور جواب دہی کے فقدان کا شکار ہوسکتی ہیں۔ اس لیے مزید صوبے بنانے کے حق میں معاشی دلیل محض ان کے حجم سے زیادہ ٹھوس بنیادوں پر استوار ہونی چاہیے۔
اس دلیل کی ابتدا معاشی تخصص سے ہوتی ہے۔ فیصل آباد کی صنعتی معیشت کی ضروریات ملتان کی زرعی اور تجارتی معیشت یا لاہور کی انتظامی اور خدماتی معیشت سے بالکل مختلف ہیں۔ اسی طرح کراچی کی شہری اور صنعتی معیشت کا شمالی سندھ کے زرعی اضلاع سے زیادہ تعلق نہیں۔ اگر کسی صوبائی حکومت کی ذمہ داری نسبتاً ہم آہنگ معاشی خطے تک محدود ہو تو وہ اپنے تقابلی معاشی فوائد، بنیادی ڈھانچے کی رکاوٹوں، افرادی قوت کی ضروریات اور سرمایہ کاری کے مواقع پر زیادہ توجہ دے سکتی ہے۔
اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ نئے صوبے پاکستان کے معاشی نظامِ حکمرانی میں مسابقت پیدا کرسکتے ہیں۔ حکومتوں کے پاس سرمایہ کاری میں سہولت، اراضی کے انتظام، بنیادی ڈھانچے کی فراہمی، ضابطہ جاتی کارکردگی اور صنعتی ترقی کے حوالے سے پڑوسی انتظامی اکائیوں سے بہتر کارکردگی دکھانے کی زیادہ وجوہات ہوں گی۔ کاروباری ادارے مختلف حکومتوں کی کارکردگی کا موازنہ کرسکیں گے جبکہ شہری بھی زیادہ آسانی سے جانچ سکیں گے کہ ان کی حکومت کی معاشی کارکردگی قومی حالات کا نتیجہ ہے یا اس کی اپنی کوتاہیوں کا۔
اس کے علاوہ نئے معاشی مراکز قائم ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔ پاکستان کی ترقی طویل عرصے سے چند بڑے شہری اور انتظامی مراکز کے گرد گھومتی رہی ہے۔ چھوٹے صوبے سرمایہ کاری، ادارہ جاتی صلاحیت اور تجارتی سرگرمیوں کو ثانوی شہروں تک منتقل کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ اپنی صوبائی حکومت رکھنے والا کوئی خطہ نسبتاً بڑی صوبائی حکومت کے بجٹ میں مسلسل توجہ حاصل کرنے کی کوشش کرنے کے بجائے اپنی سرمایہ کاری کی جامع حکمت عملی تیار کرسکتا ہے۔
تاہم نیا صوبائی دارالحکومت لازماً نیا معاشی مرکز نہیں بن جاتا۔ سرکاری عمارتوں، افسران کی رہائش گاہوں، انتظامی تقرریوں اور غیر حقیقی جائیدادوں کی خرید و فروخت سے معاشی سرگرمیوں کے اعداد و شمار میں اضافہ تو ہوسکتا ہے، لیکن اس سے پیداواری صلاحیت میں زیادہ اضافہ نہیں ہوتا۔ بھارت اس حوالے سے ایک تنبیہی مثال پیش کرتا ہے۔ 2000 میں چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ اور اتراکھنڈ کے قیام کا جائزہ لینے والی تحقیق میں سابقہ مشترکہ ریاستوں کے مقابلے میں ان تین نئی ریاستوں کو مجموعی معاشی ترقی کے حوالے سے کوئی شماریاتی طور پر نمایاں برتری حاصل نہیں ہوئی، اگرچہ انفرادی نتائج مختلف تھے۔ محض انتظامی حدود تبدیل کرنے سے خوشحالی پیدا نہیں ہوتی۔
یہ فرق اس وقت مزید اہم ہوجاتا ہے جب مالیاتی مراعات کا جائزہ لیا جائے۔ پاکستان میں موجودہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے فارمولے کے تحت صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم میں آبادی کا حصہ 82 فیصد ہے، جبکہ محصولات پیدا کرنے اور وصول کرنے کو صرف 5 فیصد وزن دیا گیا ہے۔ ایسی صورت میں نئے صوبے کو اپنا ٹیکس نیٹ بڑھانے کی کیا ترغیب ہوگی، جب اس کی مالی معاونت کا بنیادی ذریعہ اسلام آباد سے ملنے والی رقوم ہوں گی؟
متعلقہ مالیاتی اصلاحات کے بغیر مزید صوبے وفاقی قابلِ تقسیم محاصل میں حصہ لینے والوں کی تعداد میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ سرمایہ کاری راغب کرنے اور پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے مقابلہ کرنے کے بجائے ان کی حکومتیں زیادہ مالی وسائل حاصل کرنے کی کوشش میں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے لگیں گی۔ نتیجتاً پاکستان قومی آمدنی تقسیم کرنے والے اداروں کی تعداد تو بڑھا لے گا، لیکن اس آمدنی کی پیداوار میں بامعنی کردار ادا کرنے والے اداروں کی تعداد نہیں بڑھے گی۔
اس لیے صوبائی تنظیمِ نو کے ساتھ وفاقی مالیاتی نظام پر بھی نظرثانی ضروری ہے۔ اخراجات کی زیادہ ذمہ داری کے ساتھ محصولات جمع کرنے کی مضبوط تر مراعات، مقامی حکومتوں کو وسائل کی قابلِ پیش گوئی منتقلی اور معاشی نتائج کے حوالے سے زیادہ جواب دہی ہونی چاہیے۔ غریب علاقوں کو مالی مساوات کے اصول کے تحت معاونت کی ضرورت بدستور رہے گی، لیکن اس نظام کے ذریعے معاشی بدانتظامی اور ناقص کارکردگی کو مالی طور پر فائدہ مند نہیں بننا چاہیے۔
ایک اور پیچیدگی بھی موجود ہے۔ معاشی جغرافیہ ہمیشہ انتظامی حدود کا پابند نہیں ہوتا۔ صنعتی سپلائی چین، ٹرانسپورٹ کے نیٹ ورک، لیبر مارکیٹ اور زرعی تجارتی نظام اکثر متعدد اضلاع تک پھیلے ہوتے ہیں۔ کسی مربوط معاشی خطے کو الگ الگ صوبوں میں تقسیم کرنے سے ضابطہ جاتی رکاوٹیں اور تعمیلی اخراجات بڑھ سکتے ہیں۔ پاکستان پہلے ہی منتشر ٹیکس نظام اور ایک دوسرے کے دائرہ اختیار میں مداخلت کرنے والے ضابطہ جاتی اداروں کے مسائل سے دوچار ہے۔ مشترکہ قومی منڈی کو برقرار رکھے بغیر ان کی تعداد میں اضافہ، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا ایک مہنگا طریقہ ثابت ہوگا۔
لہٰذا صوبوں کی مناسب تعداد اور ان کی حدود کا تعین معاشی استعداد، آبادی، باہمی رابطوں، مالی صلاحیت اور انتظامی اخراجات کے جائزے کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔ اس بات کی کوئی واضح معاشی وجہ نہیں کہ ہر صوبے کو یکساں تعداد میں تقسیم کیا جائے یا تاریخی حدود ہی موجودہ معاشی خطوں کی تشکیل کا تعین کریں۔
اسی طرح نئے صوبوں کے قیام کی بحث کو مقامی حکومتوں کو نظرانداز کرنے کا جواز بھی نہیں بننا چاہیے۔ بلدیاتی سہولیات، شہری ٹرانسپورٹ، پراپرٹی ٹیکس اور بڑے شہروں کی منصوبہ بندی بنیادی طور پر مقامی حکومتوں کے دائرہ اختیار میں آنے والے معاملات ہیں۔ اگر اختیارات منتخب شہری حکومت تک نہیں پہنچتے تو ایک اور صوبائی حکومت قائم کرنے سے کراچی کے شہری مسائل حل نہیں ہوں گے۔ صوبائی تنظیمِ نو اور مقامی حکومتوں کی اصلاحات دو مختلف ادارہ جاتی ناکامیوں کا حل ہیں۔ ایک کو دوسرے کا متبادل نہیں بنایا جاسکتا۔
اب سب سے مشکل رکاوٹ باقی رہ جاتی ہے اور وہ ہے شناخت کا مسئلہ ہے۔
پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا محض سیاسی نقشے پر درج نام نہیں ہیں۔ یہ ان تاریخوں، زبانوں، روایات اور اجتماعی شناختوں کی نمائندگی کرتے ہیں جو موجودہ حکومتی اداروں سے بھی بہت پہلے وجود رکھتی تھیں۔ ان کی تقسیم کی مخالفت کو محض سیاسی رکاوٹ قرار دے کر مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ بہت سی برادریوں کے لیے تاریخی خطے کی جغرافیائی سالمیت ان کے ثقافتی تسلسل سے جڑی ہوئی ہے۔
لیکن سوال یہ ہے کہ اس ثقافتی تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے حکومتی انتظامی حدود کا برقرار رہنا کیوں ضروری ہے؟
پاکستان اپنے موجودہ چاروں صوبوں کو آئینی طور پر تسلیم شدہ تاریخی اور ثقافتی اتحاد یا بالائی صوبوں (Supraprovinces) کی حیثیت سے برقرار رکھنے پر غور کرسکتا ہے، جبکہ ان کے علاقوں کو چھوٹے اور معاشی طور پر قابلِ عمل صوبوں میں منظم کیا جاسکتا ہے۔ ان بالائی صوبوں کو حکومت کی ایک اضافی سطح بنانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ انہیں قانون سازی، انتظامی، مالیاتی پالیسی سازی یا ٹیکس عائد کرنے کے اختیارات حاصل نہ بھی ہوں تو ان کا مقصد ان سے وابستہ تاریخی، نسلی، لسانی اور ثقافتی شناختوں کا تحفظ اور فروغ ہوسکتا ہے۔
تاہم رضاکارانہ ثقافتی انجمنوں کے برعکس ان اداروں کا آئینی طور پر مستقل ہونا اور ان کے لیے مالی وسائل کی ضمانت ضروری ہوگی۔ ہر نئے صوبے کو پابند کیا جانا چاہیے کہ وہ اپنے تاریخی بالائی صوبے کی نمائندگی کرنے والے ایک آزاد ثقافتی اور ورثہ جاتی ادارے کو وسائل کا مقررہ حصہ فراہم کرے۔ یہ فنڈز علاقائی زبانوں، ادب، تاریخی تحقیق، آرکائیوز، عجائب گھروں، ثقافتی ورثے کے تحفظ، ثقافتی اداروں اور متعلقہ سرگرمیوں پر تمام ذیلی صوبوں میں خرچ کیے جاسکیں گے۔
اس حوالے سے دنیا میں متعلقہ مثالیں موجود ہیں۔ 1998 کے گڈ فرائیڈے معاہدے کے تحت قائم ہونے والا ادارہ فوراس نا گیلگے جمہوریہ آئرلینڈ اور شمالی آئرلینڈ میں آئرش زبان کے فروغ کے لیے کام کرتا ہے۔ اسے دونوں انتظامیہ سے مالی وسائل فراہم کیے جاتے ہیں، جن میں جمہوریہ آئرلینڈ کا حصہ 75 فیصد اور شمالی آئرلینڈ کا 25 فیصد ہے۔ اس کے باوجود یہ ادارہ کوئی الگ خودمختار یا سیاسی حکومت نہیں بنتا۔ جنوبی افریقہ اس معاملے میں آئینی سطح پر مزید آگے بڑھا ہے۔ وہاں کا آئین پین ساؤتھ افریقن لینگویج بورڈ کے قیام کو لازمی قرار دیتا ہے، جس کا مقصد تاریخی طور پر محروم طبقات کی زبانوں سمیت مختلف زبانوں کی ترقی اور تحفظ ہے۔
پاکستان کا اپنا آئین بھی پہلے ہی آرٹیکل 28 کے تحت برادریوں کو اپنی زبان، رسم الخط اور ثقافت کے تحفظ اور فروغ کا حق دیتا ہے۔ بالائی صوبوں کا مجوزہ انتظام اس اصول کو ایک مستقل ادارہ جاتی اور مالیاتی بنیاد فراہم کرسکتا ہے، جو صوبائی انتظامیہ میں تبدیلیوں سے آزاد ہو۔
یہ دعویٰ کرنے کی ضرورت نہیں کہ یہ اصلاحات آسان ہوں گی یا تمام تاریخی اور علاقائی مطالبات کو ایک ثقافتی ادارے کے ذریعے حل کیا جاسکے گا۔ صوبائی خودمختاری کے بعض مطالبات محض شناخت کے تحفظ کے بجائے معاشی وسائل اور سیاسی اختیارات سے متعلق تنازعات سے جنم لیتے ہیں۔ ان معاملات کے لیے اب بھی مذاکرات کی ضرورت ہوگی۔
تاہم ثقافتی شناخت کو معاشی انتظام سے الگ کرنے سے کم از کم اس بحث کو زیادہ واضح اور قابلِ فہم بنایا جاسکتا ہے۔ تاریخی خطے اپنی شناخت برقرار رکھ سکتے ہیں، خواہ ان علاقوں کی انتظامی اجارہ داری برقرار نہ رہے جن کی معاشی ضروریات میں نمایاں تبدیلی آچکی ہے۔ چھوٹے صوبے اپنی آبادی کو لسانی اور تاریخی وابستگیوں سے دستبردار کیے بغیر حقیقی حکومتی اختیارات حاصل کرسکتے ہیں۔
لہٰذا پاکستان کو اس عمل کا آغاز صوبوں کی کسی مخصوص تعداد کا اعلان کرکے نہیں کرنا چاہیے۔ اس کی ابتدا حکومتی ذمہ داریوں، مختلف خطوں کی معاشی استعداد، ان کی انتظامیہ کو حاصل مالیاتی مراعات اور تاریخی شناختوں کے آئینی تحفظ کے جائزے سے ہونی چاہیے۔ انتظامی حدود کا تعین ان عوامل کی بنیاد پر ہونا چاہیے، نہ کہ تاریخی حدود کو موجودہ معاشی ضروریات پر حاوی ہونے دیا جائے۔
مقصد چار صوبوں کو بارہ یا بارہ کو بیس صوبوں میں تبدیل کرنا نہیں ہے۔ پاکستان میں سرکاری پیسہ خرچ کرنے کی خواہش رکھنے والی حکومتوں کی پہلے ہی کوئی کمی نہیں۔ اصل سوال یہ ہے کہ کیا ملک ایسی مزید حکومتیں قائم کرسکتا ہے جن کے پاس معاشی سرگرمیاں پیدا کرنے، کارکردگی کی بنیاد پر مقابلہ کرنے اور اپنے فیصلوں کا جواب دینے ک ی ترغیب اور صلاحیت موجود ہو؟
کسی ملک کو اپنی انتظامی تقسیم کے لیے اپنی شناختوں کو تقسیم کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی اور انتظامی تقسیم اسی وقت فائدہ مند ہے جب اس کے نتیجے میں محض منتظمین کی تعداد میں اضافہ نہ ہو بلکہ حقیقی بہتری بھی سامنے آئے۔
کاپی رائٹ : بزنس ریکارڈر 2026


Comments