سی فوڈ برآمدات بڑھانے کے لیے ماہی گیری کے پائیدار فروغ پر زور
- مالی سال 26-2025 کے دوران سمندری خوراک کی برآمدات سے 56 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا زرمبادلہ حاصل
وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے ماہی گیری کے شعبے کو زیادہ مالیت کی برآمدات کی صنعت میں تبدیل کرنے پر زور دیا ہے، ساتھ ہی ماہی گیر برادری کے لیے باعزت روزگار، بہتر ذریعہ معاش اور سمندری وسائل کے پائیدار استعمال کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔
ہفتے کو جاری کردہ بیان کے مطابق ورلڈ فشریز ڈے 2026 کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے ماہی گیری کے شعبے میں بے پناہ پوشیدہ صلاحیت موجود ہے اور مالی سال 26-2025 کے جولائی تا مارچ مچھلی کی پیداوار 6 لاکھ 42 ہزار 180 میٹرک ٹن تک پہنچ گئی ہے جس میں 4 لاکھ 27 ہزار 180 ٹن سمندری ماہی گیری اور 2 لاکھ 15 ہزار ٹن اندرونِ ملک آبی ذخائر سے حاصل ہوئی ہے۔
ماہی گیری کا عالمی دن (ورلڈ فشریز ڈے) ہر سال 21 نومبر کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد پائیدار ماہی گیری کی اہمیت کو اجاگر کرنا، آبی ماحولیاتی نظام (ایکو سسٹم) کا تحفظ کرنا اور غذائی تحفظ، روزگار اور معاشی ترقی میں ماہی گیر برادری کے کردار کو تسلیم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مالی سال 26-2025 کے دوران سمندری خوراک (سی فوڈ) کی برآمدات سے 56 کروڑ 80 لاکھ ڈالر (568 ملین ڈالر) کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو ساحلی اور اندرونِ ملک ماہی گیر برادریوں کے لیے زرمبادلہ، روزگار اور معاشی مواقع کے ایک ذریعے کے طور پر اس شعبے کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ماہی گیری کے طریقوں کو جدید بنانے، بنیادی ڈھانچے (انفرااسٹرکچر) کو بہتر کرنے، ریگولیٹری نگرانی کو مضبوط بنانے اور ویلیو ایڈیشن میں اضافے کے بغیر محض پیداوار اور برآمدی آمدنی بڑھانا اس شعبے کی مکمل صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے کافی نہیں ہوگا۔
رواں سال کے عالمی یومِ ماہی گیری کے موضوع، “تبدیلی کے لیے لوگوں کو بااختیار بنانا: ماہی گیری اور آبی زراعت (ایکوا کلچر) میں باوقار روزگار کا فروغ، بالخصوص نوجوانوں اور خواتین کے لیے کا حوالہ دیتے ہوئے چوہدری نے کہا کہ ماہی گیر برادریوں کو پاکستان کے بلیو اکانومی کے عزائم کا مرکزی فائدہ اٹھانے والا طبقہ بننا چاہیے۔
انہوں نے کام کے حالات، پیشہ ورانہ تحفظ، تکنیکی تربیت اور ماہی گیری کی جدید ٹیکنالوجی تک رسائی کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ سمندری خوراک (سی فوڈ) کی پروسیسنگ، آبی زراعت، مارکیٹنگ، کاروبار (انٹرپرینیورشپ) اور ماہی گیری سے متعلق دیگر کاروباروں میں خواتین اور نوجوانوں کے لیے زیادہ مواقع پیدا کرنے پر بھی زور دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شکار کے بعد ہونے والے نقصانات کو کم کرنے اور سمندری خوراک کی مصنوعات کے معیار اور قدر میں اضافے کے لیے پاکستان کو پوری سی فوڈ ویلیو چین—ذمہ دارانہ شکار اور کشتیوں پر دیکھ بھال سے لے کر کولڈ اسٹوریج، نقل و حمل، پروسیسنگ، پیکجنگ اور بین الاقوامی مارکیٹنگ تک کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے وسائل کے بے دریغ استعمال کو روکنے اور سمندری حیاتیاتی تنوع (بائیو ڈائیورسٹی) کے تحفظ کے لیے سائنسی بنیاد پر ماہی گیری کے انتظام، وسائل کے قابلِ اعتماد تخمینوں، ذمہ دارانہ ماہی گیری کے طریقوں اور مضبوط نگرانی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ برآمدی منڈیوں میں تنوع لانے اور زیادہ قدر والی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے خوراک کے تحفظ، سراغ رسانی (ٹریس ایبلٹی) اور پائیداری کے بین الاقوامی معیارات کی پاسداری ناگزیر ہے۔


Comments