ہیٹی میں پولیس آپریشن، 34 مبینہ گینگ ارکان ہلاک
- گزشتہ ماہ ایل سلواڈور کے فوجیوں کی تعیناتی کے بعد ہیٹی میں بھاری ہتھیاروں سے لیس گینگز کے خلاف سکیورٹی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے۔
ہیٹی میں پولیس نے جمعرات کو دارالحکومت پورٹ او پرنس کے جنوب میں مسلح گینگز کے خلاف بڑے آپریشن کے دوران کم از کم 34 مبینہ گینگ ارکان کو ہلاک کردیا۔
ہیٹی کی قومی پولیس کے مطابق یہ کارروائی شہر کے رہائشی علاقے مارٹیسنٹ میں کی گئی، جہاں آپریشن کے دوران نہ کوئی پولیس اہلکار زخمی ہوا اور نہ ہی کسی شہری کو نقصان پہنچا۔ شہر کے وسیع تر میٹروپولیٹن علاقے کی آبادی تقریباً 30 لاکھ ہے۔
گزشتہ ماہ ایل سلواڈور کے فوجیوں کی تعیناتی کے بعد ہیٹی میں بھاری ہتھیاروں سے لیس گینگز کے خلاف سکیورٹی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے۔
اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق رواں سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران سکیورٹی آپریشنز میں 2,250 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، جن میں 300 سے زیادہ عام شہری شامل ہیں۔
پولیس نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی جاری کی، جس میں دھویں کے بڑے بادل کے درمیان ایک عمارت کو منہدم ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ آپریشن حکومتی ٹاسک فورس کے ساتھ مل کر کیا گیا، جو نجی فوجی کمپنی کی معاونت سے دھماکا خیز مواد سے لیس ڈرونز استعمال کرتی ہے۔
حکام نے واضح کیا کہ کارروائی میں ایل سلواڈور کا کوئی فوجی اہلکار شریک نہیں تھا۔ تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ علاقوں پر طویل عرصے تک کنٹرول برقرار رکھنے کی حکمت عملی کے بغیر گینگز کے خلاف حملے مقامی شہریوں کے لیے مزید خطرات پیدا کرسکتے ہیں۔


Comments