بلوچستان میں مسافر کوچ اور ایل پی جی باؤزر میں تصادم، 10 افراد جاں بحق، 22 زخمی
- مکران کوسٹل ہائی وے پر حادثے کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، جاں بحق ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل؛ رواں سال اسی شاہراہ پر متعدد مہلک حادثات پیش آچکے ہیں
بلوچستان میں جمعرات کے روز اورماڑہ کے قریب مکران کوسٹل ہائی وے پر ایک مسافر کوچ اور مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کے باؤزر میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے، جبکہ حادثے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس نے دونوں گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آج نیوز نے یہ اطلاع دی ہے۔
حادثہ ضلع گوادر کے علاقے بسول کے قریب پیش آیا، جہاں تربت سے کراچی آنے والی مسافر کوچ سامنے سے آنے والے گیس باؤزر سے ٹکرا گئی۔
رپورٹ کے مطابق تصادم کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور مسافر کوچ میں سوار افراد اندر پھنس گئے۔ آٹھ مسافر جھلس کر جاں بحق ہوگئے، جبکہ باؤزر کا ڈرائیور اور کلینر بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمی ہونے والے 22 افراد کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں، پولیس اہلکار اور اورماڑہ میونسپل کمیٹی کی فائر بریگیڈ جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پالیا۔
حادثے کے باعث مکران کوسٹل ہائی وے پر ٹریفک بھی متاثر ہوئی اور امدادی کارروائیوں کے دوران سڑک کے دونوں جانب گاڑیاں پھنسی رہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام کو زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
یہ تازہ حادثہ مکران کوسٹل ہائی وے پر پیش آنے والے مہلک ٹریفک حادثات کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اگست میں اورماڑہ کے علاقے میں ایک کار گیس باؤزر سے ٹکرا گئی تھی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔
مارچ میں بھی ہائی وے پر دو گاڑیوں کے درمیان آمنے سامنے تصادم کے نتیجے میں ایک بچے سمیت سات افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے تھے۔


Comments