فصلوں کی باقیات کو دھوئیں کا مسئلہ نہیں، آمدن کا ذریعہ بنائیں
- جرمانے عائد کرنے کے بجائے پاکستان نجی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرسکتا ہے کہ وہ چاول کی پرالی جمع کرکے اسے قابلِ استعمال شکل میں ڈھالیں اور زرعی فضلے کو صنعتی ایندھن میں تبدیل کریں
ہر سال موسمِ خزاں میں چاول کی فصل کی باقیات جلانے سے پنجاب میں اسموگ کی شدت میں اضافہ ہوتا ہے۔ جرمانوں پر انحصار کرنے کے بجائے پاکستان نجی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرسکتا ہے کہ وہ فصلوں کی باقیات جمع کریں، انہیں قابلِ استعمال شکل میں ڈھالیں اور متبادل ایندھن یا خام مال کے طور پر صنعتی اداروں کو فراہم کریں۔ جدید مشینری، قابلِ اعتماد خریداروں اور حکومتی معاونت کی بدولت زرعی فضلے کو معاشی مواقع میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
جنوبی ایشیا میں فصلوں کی کٹائی کے بعد کھیتوں میں باقی رہ جانے والے تنوں اور پتوں کو عام طور پر ’’پرالی‘‘ کہا جاتا ہے۔ ہر سال کسان اسی دوڑ میں پھنس جاتے ہیں: پہلے چاول کی فصل کاٹنا، پھر کھیت صاف کرنا اور اس کے بعد گندم کی بوائی کرنا۔ چاول کی فصل کی کٹائی کے بعد باقی رہ جانے والی پرالی سے چھٹکارا حاصل کرنے کا تیز ترین طریقہ اسے جلانا ہے۔
جب مزدور دستیاب نہ ہوں، مناسب مشینری میسر نہ ہو اور فصلوں کی باقیات خریدنے کے لیے کوئی قابلِ اعتماد منڈی موجود نہ ہو تو انہیں جلانا آسان اور کم خرچ حل بن جاتا ہے۔ وقت کی محدود مہلت، مشینری کی کمی اور باقیات خریدنے والے اداروں کی عدم دستیابی سے یہ سمجھنے میں مدد ملتی ہے کہ پابندیوں اور جرمانوں کے باوجود یہ عمل کیوں ختم نہیں ہوسکا۔ موجودہ صدی میں اس مسئلے کا بہتر حل موجود ہے، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ کسانوں کو موزوں مشینری فراہم کی جائے اور اگلی فصل کی بوائی کا وقت آنے سے پہلے کھیتوں سے باقیات اٹھانے کا مؤثر انتظام کیا جائے۔
فصلوں کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی کا حجم خاصا زیادہ ہے۔ وزارتِ منصوبہ بندی کے ایک مضمون کے مطابق پاکستان میں ہر سال تقریباً 85 لاکھ ٹن چاول کی پرالی پیدا ہوتی ہے، جس میں سے اندازاً 36 لاکھ سے 50 لاکھ ٹن تک باقیات گندم کی بوائی کے لیے کھیت خالی کرنے کی غرض سے جلا دی جاتی ہیں۔ فصلوں کی باقیات جلانے سے ملک کی مجموعی فضائی آلودگی میں تقریباً پانچواں حصہ شامل ہوتا ہے۔
دوسری جانب عالمی بینک کی 2022ء کی پاکستان کنٹری کلائمیٹ اینڈ ڈیولپمنٹ رپورٹ کے مطابق فضائی آلودگی کے باعث سالانہ معاشی نقصان مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے 6.5 فیصد کے مساوی ہوسکتا ہے، جبکہ عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے فضائی معیار سے متعلق رہنما اصولوں پر عمل درآمد کی صورت میں ممکنہ اوسط عمر کے مقابلے میں لوگوں کی اوسط عمر 4.3 سال کم ہوسکتی ہے۔ نومبر میں جس پرالی کو جلا کر دھوئیں میں تبدیل کردیا جاتا ہے، وہی نامیاتی مادہ اکتوبر میں زمین کی زرخیزی برقرار رکھنے کے لیے درکار ہوتا ہے۔ یہ اعداد و شمار فضائی آلودگی کے ایک بڑے موسمی سبب کی نشاندہی کرتے ہیں، تاہم فصلوں کی باقیات جلانا اسموگ پیدا ہونے کے وسیع تر مسئلے کا محض ایک پہلو ہے۔
فصلوں کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والے دھوئیں میں باریک ذرات اور مختلف گیسیں شامل ہوتی ہیں، تاہم اس کے نقصانات صرف فضائی آلودگی تک محدود نہیں رہتے۔ فصلوں کی باقیات جلانے سے خارج ہونے والی آلودگی کی وضاحت کرتے ہوئے آئی سی اے آر کے سینٹرل انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل انجینئرنگ کا تخمینہ ہے کہ چاول یا گندم کی ایک ٹن پرالی جلانے سے تقریباً 3 کلوگرام باریک ذرات، 60 کلوگرام کاربن مونو آکسائیڈ، 1,460 کلوگرام کاربن ڈائی آکسائیڈ، 199 کلوگرام راکھ اور 2 کلوگرام سلفر ڈائی آکسائیڈ سمیت دیگر آلودہ مادے خارج ہوتے ہیں۔ یہ عمومی اخراج کے تخمینے ہیں، لاہور کی فضا میں آلودگی کی براہِ راست پیمائش نہیں۔
کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مذکورہ اعداد و شمار سے مراد جلنے والے حیاتیاتی مادے سے مجموعی طور پر خارج ہونے والی گیس ہے، اسے فوسل ایندھن سے پیدا ہونے والے خالص کاربن اخراج کے مساوی نہیں سمجھنا چاہیے۔ بھارت کی فصلوں کی باقیات سے متعلق پالیسی کے مطابق ایک ٹن چاول کی پرالی جلانے سے کھیت میں موجود تقریباً 5.5 کلوگرام نائٹروجن، 2.3 کلوگرام فاسفورس، 25 کلوگرام پوٹاشیم اور 1.2 کلوگرام سلفر کے ساتھ نامیاتی کاربن بھی ضائع ہوجاتا ہے۔
لاہور میں سردیوں کے دوران فضائی آلودگی کے مختلف اسباب ہیں، جن میں ٹرانسپورٹ، صنعتی سرگرمیاں، گردوغبار، ایندھن کا استعمال اور حیاتیاتی مادے کو جلانا شامل ہیں۔ ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے 2025ء کے فضائی معیار سے متعلق منصوبہ جاتی مطالعے کے مطابق فصلوں کی باقیات جلانا آلودگی میں موسمی اضافے کا ایک اہم سبب ہے، جس کے باعث خصوصاً اکتوبر اور نومبر میں خطے میں فضائی معیار کی صورتِ حال ہنگامی نوعیت اختیار کرلیتی ہے۔
پنجاب کے محکمہ زراعت نے 2020ء میں دھان کی فصل کی باقیات کے مشینی انتظام کا پروگرام (ایم ایم آر سی آر) شروع کیا تھا، جس کے تحت چاول کی پرالی کے ٹکڑے کرنے والی مشینوں اور ہیپی سیڈرز سمیت مختلف مشینری کی خریداری پر سبسڈی فراہم کی گئی۔ ہیپی سیڈر ایسی مشین ہے جو کھیت میں موجود فصل کی باقیات کا انتظام کرتے ہوئے گندم کی بوائی بھی کرسکتی ہے۔
چاول پیدا کرنے والے 15 اضلاع سے موصول ہونے والی 2,000 درخواستوں میں سے پروگرام کے ابتدائی دو برسوں کے دوران قرعہ اندازی کے ذریعے 500 درخواست گزاروں کو سبسڈی کے لیے منتخب کیا گیا۔ یہ اعداد و شمار اس سہولت کی طلب اور مسئلے کے حل کے لیے عملی حکومتی اقدام کی عکاسی کرتے ہیں۔ سینٹر فار اکنامک ریسرچ اِن پاکستان (سی ای آر پی) اور اس کے تحقیقی شراکت داروں نے اس پروگرام کے اثرات جانچنے کے لیے ایک جائزہ بھی مرتب کیا، جس میں فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات، فضائی آلودگی، پیداوار، منافع اور زمین کے معیار پر اس کے اثرات کا جائزہ لینا شامل تھا۔
عالمی بینک نے 2025ء میں 30 کروڑ ڈالر کے آئی ڈی اے قرض کے ذریعے پنجاب کلین ایئر پروگرام (پی سی اے پی) کی منظوری دی، جو صرف زرعی شعبے تک محدود نہیں بلکہ اس کا دائرہ کار وسیع ہے۔ اس پروگرام کے تحت 5,000 سپر سیڈرز اور فصلوں کی باقیات کے انتظام کے لیے دیگر آلات کی خریداری، مشینری تک رسائی اور کرائے پر فراہمی کی خدمات، الیکٹرک بسوں کی دستیابی، فضائی آلودگی کی نگرانی اور ایندھن کی جانچ کی صلاحیت بہتر بنانے جیسے اقدامات شامل ہیں۔
اس پروگرام کا ہدف لاہور ڈویژن میں آئندہ 10 برسوں کے دوران پی ایم 2.5 آلودگی کی سطح میں 35 فیصد کمی لانا ہے۔ تاہم یہ ایک مقررہ ہدف ہے، حاصل شدہ کامیابی نہیں۔
اس کے علاوہ پنجاب میں زراعت سے متعلق ایک اور منصوبے کو ایشیائی ترقیاتی بینک کی منظوری حاصل ہے، جس میں پیشہ ورانہ زرعی خدمات فراہم کرنے والوں اور صنعتی اداروں کے درمیان شراکت داری کے ذریعے فصلوں کی باقیات کو توانائی کے ذریعہ کے طور پر استعمال کرنے کا منصوبہ شامل ہے۔ اس کے تحت مشینری کی لاگت کم کرنے کے لیے مماثل گرانٹس فراہم کی جائیں گی۔ تاہم یہ ابھی ترقی کے مراحل میں موجود ایک ماڈل ہے، فصلوں کی باقیات جمع کرنے کے لیے قائم شدہ نجی منڈی نہیں۔

ہمسایہ ملک بھارت میں فصلوں کی باقیات کے انتظام کا منصوبہ 2018-19ء سے جاری ہے۔ مرکزی حکومت کی موجودہ شرائط کے تحت کسانوں کو فصلوں کی باقیات کے انتظام کے لیے مشینری خریدنے پر 50 فیصد مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے، جبکہ کسٹم ہائرنگ سینٹرز کے لیے یہ معاونت 80 فیصد تک اور اہل دھان کی پرالی کی سپلائی چین سے متعلق منصوبوں کے لیے 65 فیصد تک ہے۔ اس معاونت کی زیادہ سے زیادہ حد ڈیڑھ کروڑ بھارتی روپے مقرر ہے۔
27 نومبر 2025ء تک حکومت کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس منصوبے میں شریک ریاستوں کو مجموعی طور پر 4,091 کروڑ بھارتی روپے جاری کیے جاچکے تھے، جبکہ 3 لاکھ 45 ہزار سے زائد مشینیں اور 43,270 سے زیادہ کسٹم ہائرنگ سینٹرز قائم کیے جاچکے تھے۔ تاہم یہ اعداد و شمار پروگرام کے تحت فراہم کردہ وسائل اور سہولیات کی عکاسی کرتے ہیں، اس بات کی نہیں کہ کتنی ٹن فصلوں کی باقیات کو کامیابی سے جلنے سے بچایا گیا۔
فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات کی نگرانی کے تازہ ترین سرکاری طور پر ریکارڈ شدہ سیزن کے اعداد و شمار کچھ زیادہ واضح، تاہم جزوی شواہد فراہم کرتے ہیں۔ بھارتی پنجاب میں 2025ء کے دوران فصلوں کی باقیات جلانے کے 5,114 واقعات رپورٹ ہوئے، جو 2024ء کے مقابلے میں 53 فیصد کم تھے، جبکہ ہریانہ میں ایسے 662 واقعات رپورٹ کیے گئے۔ یہ اعداد و شمار 15 ستمبر سے 30 نومبر تک کے عرصے پر مشتمل ہیں اور بھارتی خلائی تحقیقی ادارے (اسرو) کے طے کردہ طریقۂ کار کے مطابق مرتب کیے گئے ہیں۔
تاہم یہ اعداد و شمار نہ تو مجموعی طور پر پیدا ہونے والے دھوئیں کی پیمائش کرتے ہیں اور نہ ہی اس بات کا ثبوت ہیں کہ اسموگ میں بھی اسی تناسب سے کمی واقع ہوئی۔ موسم کی تبدیلیاں فضائی معیار پر اثرانداز ہوتی ہیں، جبکہ سرکاری رپورٹ میں مشینری کے استعمال، قوانین پر عمل درآمد اور کھیتوں سے باہر فصلوں کی باقیات کے بہتر استعمال کو بھی اس بہتری کے متعدد اسباب میں شامل کیا گیا ہے۔ فضائی معیار کے انتظام سے متعلق کمیشن (سی اے کیو ایم) نے 29 ستمبر کو 2026ء کے جاری سیزن کے لیے ریاستوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا تھا، تاہم فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات کی حتمی تعداد ابھی سامنے آنا باقی ہے۔
بھارت کے پنجاب میں نجی شعبے کے ذریعے فصلوں کی باقیات جمع کرنے کا نظام بھی فعال ہے۔ نومبر 2025ء میں رائٹرز کی رپورٹوں کے مطابق 800 سے زائد دیہات میں بیلر مشینوں کے ذریعے پرالی جمع کرکے بائیو گیس، حیاتیاتی کھاد اور گتے کی تیاری کرنے والی صنعتوں کو فراہم کی جارہی تھی۔ بھارت میں اس کے دیگر استعمالات میں صنعتی بوائلرز، بایوماس سے بجلی کی پیداوار، بائیو ایتھانول، تھرمل پاور پلانٹس میں کوئلے کے ساتھ بایوماس جلانا اور اینٹوں کے بھٹے شامل ہیں۔ اس پورے نظام کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ فصل کی کٹائی شروع ہونے سے پہلے خریدار، نقل و حمل اور ذخیرہ کرنے کے انتظامات موجود ہوں۔
پاکستان میں اس حوالے سے ایک آزمائشی منصوبے کا آغاز ان چند اضلاع سے کیا جاسکتا ہے جہاں فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات زیادہ ہوتے ہیں۔ فصل کی کٹائی سے پہلے متعلقہ حکام اور کسان مل کر باقیات کی مقدار، دستیاب مشینری، ذخیرہ کرنے کے مراکز اور قریبی خریداروں کی نشاندہی کریں۔ مقامی کمپنیاں، کوآپریٹو ادارے اور کسانوں کے گروپ مل کر فصلوں کی باقیات کاٹنے، انہیں قطاروں میں جمع کرنے، گٹھے بنانے، لوڈنگ اور ٹرکوں کے ذریعے نقل و حمل کا انتظام کرسکتے ہیں، تاکہ ہر کھیت سے باری باری باقیات اٹھائی جاسکیں۔
کسانوں کو فی ایکڑ مقررہ قیمت یا پرالی کی فراہمی کے عوض ادائیگی کی پیشکش کی جانی چاہیے، جبکہ خدمات فراہم کرنے والوں کے پاس خریداروں کے ساتھ معاہدہ اور بروقت ادائیگی کی ضمانت ہونی چاہیے۔ فصل کی کٹائی سے پہلے ہی باقیات جمع کرنے کا انتظام بک کیا جائے اور گندم کی بوائی سے قبل یہ عمل مکمل کرلیا جائے۔ اس مقصد کے لیے ہر کھیت، باقیات کے وزن، ترسیل اور ادائیگی کا باقاعدہ ریکارڈ بھی مرتب کیا جائے۔
اس پورے نظام میں خریدار کو مرکزی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔ پرالی کو مخصوص طریقے سے دبا کر بنائے گئے گٹھوں یا پیلیٹس کی شکل میں صنعتی بوائلرز میں کوئلے کے جزوی متبادل کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اسی طرح ایندھن کی جانچ اور متعلقہ ریگولیٹری منظوری کے بعد اسے سیمنٹ کے بھٹوں میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ تاہم اس کے لیے نمی کی مقدار، حرارت پیدا کرنے کی صلاحیت، راکھ، معدنی اجزا اور اخراج کی سطح جیسے معیارات کا متعلقہ صنعتی پلانٹ کی ضروریات پر پورا اترنا لازمی ہوگا۔
بھارت میں بجلی گھروں اور اینٹوں کے بھٹوں میں پرالی سے تیار کردہ پیلیٹس کے استعمال کے شواہد موجود ہیں، تاہم پاکستان میں سیمنٹ کے بھٹوں کے لیے ایسا کوئی معاہدہ اس وقت تک محض ایک تجویز ہی رہے گا، جب تک عملی تجربات سے اس کی موزونیت ثابت نہیں ہوجاتی۔
فصلوں کی باقیات کے دیگر ممکنہ استعمالات میں بایوماس سے بجلی کی پیداوار، کمپریسڈ بائیو گیس، بائیو ایتھانول، پیپر بورڈ، پیکجنگ اور بایو کمپوزٹس کی تیاری شامل ہیں۔ اس حوالے سے ’’پیسنگ گراس‘‘ کے عنوان سے شائع ہونے والا متعلقہ مضمون بھی فصلوں کی باقیات سے تیار کردہ مواد کے امکانات کا جائزہ لیتا ہے۔ تاہم ان مصنوعات کا تجارتی استعمال شروع کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ان کی باقاعدہ جانچ کی جائے، خام مال کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے اور خریداروں کا قابلِ اعتماد نظام موجود ہو۔
اس شعبے میں معاشی سرگرمیوں کا انحصار موسمی حالات پر ہے۔ بیلر مشینوں اور ٹرکوں کی خریداری پر لاگت آتی ہے، کھلی پرالی زیادہ جگہ گھیرتی ہے، نمی سے متاثرہ گٹھے خراب ہوسکتے ہیں اور طویل فاصلے تک نقل و حمل سے حاصل ہونے والا مالی فائدہ ختم ہوجاتا ہے۔ مزید یہ کہ پرالی کے دیگر متبادل استعمالات بھی موجود ہیں۔ جہاں زرعی اعتبار سے مفید ہو، وہاں زمین کی سطح کو ڈھانپنے یا مٹی میں شامل کرنے کے لیے فصلوں کی باقیات کا مناسب حصہ چھوڑنا چاہیے اور صرف اس فاضل مقدار کو جمع کیا جائے جس کی دستیابی کی تصدیق ہوچکی ہو۔ بھارت میں سپلائی چین سے متعلق مطالعات بھی اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ نقل و حمل، ذخیرہ کرنے، موسمی استعمال اور خریداروں کی یقینی دستیابی اس پورے نظام کی لاگت اور کامیابی کے فیصلہ کن عوامل ہیں۔
پاکستان کے لیے اس منصوبے کی کامیابی کا پیمانہ سادہ ہونا چاہیے: کیا اگلی فصل کی کٹائی تک کسان ایسی قابلِ اعتماد سروس حاصل کرسکیں گے جو مقررہ قیمت پر بروقت کھیت صاف کردے اور کوئی قریبی خریدار فصلوں کی باقیات خریدنے کے لیے موجود ہو؟ اس مقصد کے لیے اصل میں فراہم کی جانے والی باقیات کی مقدار، زیرِ خدمت رقبے، کسانوں کے اخراجات اور انہیں کی جانے والی ادائیگیوں، ترسیل کے دورانیے، باقیات کے آخری استعمال اور سیٹلائٹ کے ذریعے ریکارڈ کیے گئے فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات کے اعداد و شمار باقاعدگی سے شائع کیے جانے چاہییں۔ ان معلومات کا مقامی فضائی معیار اور موسمی حالات کے اعداد و شمار کے ساتھ تقابلی جائزہ بھی لیا جانا چاہیے۔
مشینری کی تعداد اور رجسٹرڈ کاروباری اداروں کی تعداد اسی وقت اہمیت رکھتی ہے جب یہ دیکھا جائے کہ فصلوں کی باقیات کھیت سے کس طرح اٹھائی جارہی ہیں اور انہیں کسی مفید استعمال کے لیے کس منزل تک پہنچایا جارہا ہے۔


Comments