ترسیلات زر نے درآمدات میں اضافے کا دباؤ کم کردیا
- مالی سال 2027 کے پہلے چار ماہ میں اشیا کی درآمدات 13 فیصد اضافے کے ساتھ 23.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں
اکتوبر میں کرنٹ اکاؤنٹ میں معمولی سرپلس ریکارڈ کیا گیا، کیونکہ ترسیلاتِ زر اور خدمات کی برآمدات میں حوصلہ افزا اضافے نے اشیا کی تجارت کے بڑھتے ہوئے خسارے کو پورا کرنے میں مدد دی۔ اکتوبر میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 39 ملین ڈالر رہا، جبکہ مالی سال 2027 کے پہلے چار ماہ کا خسارہ 850 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 1.06 ارب ڈالر کے خسارے سے قدرے کم ہے۔
مالی سال 2027 کے پہلے چار ماہ میں اشیا کی درآمدات 13 فیصد اضافے کے ساتھ 23.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ پیٹرولیم اور غیر پیٹرولیم دونوں درآمدات میں تقریباً یکساں شرح سے اضافہ دیکھا گیا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات ایل این جی کی کم درآمدات اور ایندھن کے استعمال پر قابو پانے کے باعث محدود رہے، کیونکہ حکومت نے قیمتوں میں اضافے کا پورا بوجھ صارفین پر منتقل کردیا تھا۔
درآمدات میں اضافے کی قیادت آٹو موبائل سیکٹر کر رہا ہے، جس کے باعث مالی سال 2027 کے پہلے چار ماہ میں ٹرانسپورٹیشن کے شعبے کی درآمدات 29 فیصد اضافے کے ساتھ 1.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ ان میں تقریباً دو تہائی حصہ گاڑیوں کی درآمدات (سی کے ڈی اور سی بی یو) کا ہے، جو 52 فیصد اضافے کے ساتھ 966 ملین ڈالر ہوگئیں۔ مکمل تیار شدہ گاڑیوں (سی بی یو) کی درآمدات پانچ گنا اضافے کے ساتھ 153 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ پرزوں کی صورت میں درآمد کی جانے والی گاڑیوں (سی کے ڈی) کی درآمدات 35 فیصد اضافے کے ساتھ 813 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ توقع ہے کہ نئی آٹو پالیسی کی منظوری کے بعد سی کے ڈی اور سی بی یو دونوں کی درآمدات میں مزید اضافہ ہوگا، کیونکہ مجموعی طور پر گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے اور استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمدات بھی بڑھنے کا امکان ہے۔

تعمیراتی اور دیگر صنعتی سرگرمیوں میں بھی کچھ تیزی دیکھی جارہی ہے، جس کے باعث مالی سال 2027 کے پہلے چار ماہ میں دھاتوں کے شعبے کی درآمدات 25 فیصد اضافے کے ساتھ 2.4 ارب ڈالر ہوگئیں۔ موبائل فون کی درآمدات میں معمولی کمی کے باوجود مشینری کی درآمدات 9 فیصد اضافے کے ساتھ 3.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں اضافہ کسی حد تک محدود رہا اور یہ 9 فیصد اضافے کے ساتھ 5.4 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں، جبکہ ایل این جی کی درآمدات نصف کم ہوکر 479 ملین ڈالر رہ گئیں۔
تاہم، درآمدات میں اضافے کو محدود رکھنا اشیا کی تجارت کے خسارے کو قابو میں رکھنے کے لیے کافی نہیں، کیونکہ اشیا کی برآمدات محض 8 فیصد اضافے کے ساتھ 11.35 ارب ڈالر رہیں، جبکہ درآمدات 13 فیصد بڑھ کر 23.64 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس طرح اشیا کی تجارت کا خسارہ 17 فیصد اضافے کے ساتھ 12.29 ارب ڈالر ہوگیا۔

بنیادی مسئلہ یہ ہے کہ ٹیکسٹائل کی برآمدات جمود کا شکار ہیں اور یہ گزشتہ سال کے مقابلے میں محض ایک فیصد اضافے کے ساتھ 6.3 ارب ڈالر رہیں۔ تاہم، حوصلہ افزا پہلو خوراک کی برآمدات میں کچھ بحالی ہے، جو 20 فیصد اضافے کے ساتھ 1.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس شعبے میں چاول کی برآمدات میں 46 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا اور یہ 812 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔
اشیا کی تجارت کے بڑھتے ہوئے خسارے کو خدمات کی برآمدات میں حوصلہ افزا پیش رفت نے کسی حد تک متوازن کیا، جو بلند بنیادی سطح کے باوجود 23 فیصد اضافے کے ساتھ 3.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اکتوبر میں آئی ٹی کی برآمدات 453 ملین ڈالر کی بلند ترین ماہانہ سطح پر پہنچ گئیں۔ مالی سال 2027 کے پہلے چار ماہ میں آئی ٹی کی برآمدات 20 فیصد اضافے کے ساتھ 1.7 ارب ڈالر ہوگئیں۔ دیگر کاروباری خدمات کی برآمدات میں بھی اسی طرح کا رجحان دیکھا گیا، جو اس مدت میں 30 فیصد اضافے کے ساتھ 858 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔
ماہرین کو خدشہ ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے استعمال سے آئی ٹی اور دیگر کاروباری خدمات کی برآمدات میں کمی آسکتی ہے، تاہم اعداد و شمار فی الحال اس خدشے کی تصدیق نہیں کرتے۔ بعض حلقوں کا خیال ہے کہ اشیا کی برآمدات کا ایک حصہ خدمات کی برآمدات کے طور پر ظاہر کیا جارہا ہے، کیونکہ ٹیکس کے فرق سے حاصل ہونے والا فائدہ نظرانداز کرنا مشکل ہے۔ اس کی اصل وجہ جو بھی ہو، برآمدات میں بڑھتی ہوئی رفتار حوصلہ افزا ہے۔
خدمات کا مجموعی خسارہ 3 فیصد اضافے کے ساتھ 1.1 ارب ڈالر ہوگیا، جبکہ مجموعی تجارتی خسارہ 16 فیصد اضافے کے ساتھ 13.4 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ بنیادی آمدنی (پرائمری انکم) کا خسارہ بدستور برقرار رہنے کے باعث تجارت اور بنیادی آمدنی کا مشترکہ خسارہ 12 فیصد اضافے کے ساتھ 16.5 ارب ڈالر ہوگیا۔
اس صورتحال میں سہارا کسی اور سے نہیں بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر سے ملا، جو بلند بنیادی سطح کے باوجود 14 فیصد اضافے کے ساتھ 14.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اکتوبر میں ترسیلاتِ زر کا 3.9 ارب ڈالر کا حجم انتہائی حوصلہ افزا ہے، جبکہ اس اضافے کی وجوہات پر گزشتہ ہفتے اسی اخبار میں تفصیل سے بات کی جاچکی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کو ترسیلاتِ زر میں مسلسل اضافے کا یقین ہے اور اس نے پورے مالی سال کے لیے اپنا ہدف بڑھا کر 45 ارب ڈالر کردیا ہے۔ مرکزی بینک کو توقع ہے کہ بینکوں کی جانب سے حال ہی میں اعلان کردہ مراعاتی اسکیم کے تحت ترسیلاتِ زر باضابطہ ذرائع کے ذریعے بھیجنے کا عمل مزید بڑھے گا۔
اگر ایسا ہوتا ہے تو کرنٹ اکاؤنٹ کا خسارہ قابو میں رہے گا، خصوصاً اس لیے کہ جنگ کے خدشات کم ہونے کے ساتھ تیل کی قیمتوں میں بھی کمی کا امکان ہے۔ اس سے اسٹیٹ بینک کو انٹربینک مارکیٹ سے ڈالرز کی خریداری جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔ مرکزی بینک نے جولائی میں 863 ملین ڈالر خریدے، جس کے بعد جون 2024 سے اب تک ڈالرز کی مجموعی خریداری 17.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ یہ ایک غیر معمولی پیش رفت ہے اور بڑی حد تک اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کی وضاحت کرتی ہے۔ یہ ذخائر اس وقت تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں اور توقع ہے کہ مرکزی بینک رواں مالی سال کے لیے 25 ارب ڈالر کے اپنے ہدف کو حاصل کرلے گا۔


Comments