اینتھروپک کا بلاک بسٹر آئی پی او، قیمت 83 ڈالر فی شیئر مقرر
- معاملے سے واقف ایک شخص کے مطابق کمپنی نے حصص کی پیشکش کا حجم بھی بڑھا دیا ہے
مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی معروف کمپنی اینتھروپک نے ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کے لیے اپنے حصص کی قیمت 83 ڈالر مقرر کردی ہے، جو پہلے سے طے شدہ 70 سے 78 ڈالر کی حد سے زیادہ ہے۔ یہ اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ کے مہنگے ترین آئی پی اوز میں سے ایک اور جدید ترین اے آئی ماڈلز تیار کرنے والی کسی بڑی کمپنی کی پہلی عوامی پیشکش ہے۔
معاملے سے واقف ایک شخص کے مطابق کمپنی نے حصص کی پیشکش کا حجم بھی بڑھا دیا ہے۔ اینتھروپک نے ابتدائی طور پر 82 کروڑ 50 لاکھ حصص فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
رواں سال اے آئی سے متعلق یہ دوسرا بڑا آئی پی او ہے، اس سے قبل جون میں اسپیس ایکس نے بھی بڑے پیمانے پر حصص کی عوامی پیشکش کی تھی۔ سرمایہ کار تیزی سے ترقی کرتی ہوئی اے آئی انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کررہے ہیں، تاہم مصنوعی ذہانت کے ماڈلز کی تیاری اور انہیں چلانے پر بڑھتے اخراجات نے خدشات بھی پیدا کیے ہیں۔
اینتھروپک کے حصص کی قیمت کا تعین سرمایہ کاروں کی غیر معمولی دلچسپی کے بعد کیا گیا، جہاں پیشکش کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ طلب سامنے آئی۔ کمپنی کے حریف اوپن اے آئی کی جانب سے بھی آئندہ سال آئی پی او لانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
اینتھروپک کے کلاڈ (Claude) ماڈلز، خصوصاً کلاڈ کوڈ (Claude Code) کی مقبولیت نے کمپنی کی آمدنی میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ کمپنی کی فائلنگ کے مطابق 31 اکتوبر تک اس کی سالانہ بنیاد پر آمدنی کی رفتار 81 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، جو ستمبر کے اختتام پر 71 ارب ڈالر تھی۔
تاہم اس ترقی کے ساتھ اخراجات بھی تیزی سے بڑھے ہیں۔ کمپنی نے 2026 کی پہلی ششماہی میں کمپیوٹنگ صلاحیت اور انفرااسٹرکچر پر تقریباً 9 ارب ڈالر خرچ کیے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً چار گنا ہیں۔ تیسری سہ ماہی میں مزید 5 ارب ڈالر کمپیوٹنگ اخراجات کی مد میں صرف ہوئے۔
تیسری سہ ماہی میں آمدنی 47 فیصد اضافے سے 16.96 ارب ڈالر ہوگئی، تاہم کمپنی کو 567 ملین ڈالر کا آپریٹنگ نقصان ہوا۔ اینتھروپک نے ایمیزون اور گوگل سمیت انفرااسٹرکچر شراکت داروں کے ساتھ کمپیوٹنگ پر تقریباً 900 ارب ڈالر کے اخراجات کے وعدے بھی کیے ہیں۔
کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ مالی معاونت مہنگی ہونے یا دستیاب نہ رہنے کی صورت میں کمپیوٹنگ صلاحیت کی فراہمی متاثر ہوسکتی ہے۔
اینتھروپک کے حصص جمعرات کو نیس ڈیک میں اے این ٹی کے ٹکر کے تحت کاروبار کے لیے پیش کیے جائیں گے۔ گولڈمین سیکس اور مورگن اسٹینلے اس آئی پی او کے مرکزی منتظمین ہیں۔


Comments