پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات کی زد میں، معاشی بحران جنم لینے کا خدشہ
- ’’پاکستان کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنا کوئی اختیاری ماحولیاتی ہدف نہیں، بلکہ معاشی ضرورت، بقا کی حکمت عملی اور سماجی معاہدے کا لازمی جزو ہے۔‘‘
موسمیاتی تبدیلی کو عموماً ماحولیاتی مسئلہ قرار دیا جاتا ہے، تاہم پاکستان کے لیے اس کے اثرات معیشت، سماجی استحکام اور انسانی وسائل کو براہِ راست متاثر کر رہے ہیں۔ سیلاب جہاں فصلیں ڈبو دیتے ہیں اور گھر تباہ کردیتے ہیں، وہیں شدید گرمی محنت کشوں کی پیداواری صلاحیت گھٹاتی ہے، جبکہ پانی کی مسلسل قلت زراعت کا گلا گھونٹ رہی ہے۔
ان نمایاں قدرتی آفات کے پس منظر میں ایک سنگین ناانصافی بھی پوشیدہ ہے: عالمی کاربن اخراج میں سب سے کم حصہ ڈالنے والے ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے باعث ہونے والے نقصانات کا سب سے زیادہ بوجھ اٹھانا پڑ رہا ہے۔
پاکستان کے بار بار آنے والے بحران ظاہر کرتے ہیں کہ موسمیاتی خطرات محض جغرافیائی محل وقوع یا موسم کا معاملہ نہیں، بلکہ یہ نظامی غربت، کمزور بنیادی ڈھانچے، ردعمل پر مبنی شہری منصوبہ بندی اور ادارہ جاتی کمزوریوں کا عکاس ہیں۔ موسمیاتی خطرات اس وقت انسانی المیوں میں تبدیل ہوتے ہیں جب گھرانوں، برادریوں اور سرکاری اداروں کے پاس ان کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری وسائل اور استعداد موجود نہیں ہوتی۔
موسمیاتی جھٹکوں کی معاشی قیمت
پاکستان کو درپیش خطرات کی شدت ایسی ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ پاکستان اکنامک سروے 2025-26 کے تخمینے کے مطابق 2025ء کے سیلاب سے 822 ارب روپے کا نقصان ہوا، ایک ہزار 39 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے اور 70 اضلاع میں 65 لاکھ افراد کی زندگی متاثر ہوئی۔ زرعی نقصانات کا تخمینہ تقریباً 430 ارب روپے جبکہ بنیادی ڈھانچے کی تباہی سے ہونے والا نقصان 307 ارب روپے لگایا گیا۔ اس سے قبل 2022ء کے سیلاب بھی اس خطرے کی شدت واضح کرچکے تھے، جن سے تقریباً 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے اور معیشت کو بھاری نقصان پہنچا۔
تاہم، یہ مجموعی اعداد و شمار معاشی نقصانات کی مکمل تصویر پیش نہیں کرتے۔ تباہ شدہ رسدی راستے تجارت مفلوج کردیتے ہیں، فصلوں کی بربادی دیہی آمدنی ختم کردیتی ہے اور مکانات تباہ ہونے کے باعث خاندانوں کو دوبارہ تعمیر کے لیے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی خرچ کرنا پڑتی ہے۔ سرکاری مالیات پر بھی اس کے تباہ کن اثرات مرتب ہوتے ہیں، کیونکہ ترقیاتی فنڈز بار بار ہنگامی امداد اور بحالی کے لیے منتقل کردیے جاتے ہیں، جس سے ریاست مستقل طور پر بحرانوں سے نمٹنے کے چکر میں پھنس جاتی ہے۔
مالیاتی گنجائش کا بحران: موسمیاتی تبدیلی اور قرضوں کا چکر
قدرتی آفت آنے پر فوری امداد اور تعمیر نو کی ضروریات حکومت کو صحت، تعلیم اور ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے سمیت طویل مدتی اہم سرمایہ کاری کے لیے مختص فنڈز دوسری جانب منتقل کرنے پر مجبور کردیتی ہیں۔ سرکاری سرمائے کی یہ مسلسل ازسرنو تقسیم پاکستان کی پہلے ہی محدود مالیاتی گنجائش کو مزید سکیڑ دیتی ہے۔
ہنگامی اخراجات کے خسارے پورے کرنے اور تباہ شدہ سرکاری اثاثوں کی بحالی کے لیے ریاست کو مزید قرض لینا پڑتا ہے۔ نتیجتاً موسمیاتی جھٹکے ملکی قرضوں میں اضافے کا براہِ راست سبب بنتے ہیں اور ملک کو موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے قرضوں کے ایک نہ ختم ہونے والے چکر میں پھنسا دیتے ہیں، جہاں قومی وسائل پائیدار ترقی کے بجائے صرف بنیادی ڈھانچے کو دوبارہ پہلے جیسی حالت میں لانے پر خرچ ہوتے رہتے ہیں۔
موسمیاتی تبدیلی کی غیر مساوی قیمت
موسمیاتی تبدیلی کے اثرات معاشرے کے تمام طبقات پر یکساں نہیں پڑتے۔ وہ گھرانے جن کے پاس بچت، باضابطہ بیمہ اور محفوظ رہائش موجود ہو، کسی آفت کے بعد نسبتاً جلد بحالی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس کے برعکس یومیہ اجرت پر گزارا کرنے والے یا غیر رسمی معیشت سے وابستہ خاندان ایک ہی موسمیاتی جھٹکے کے نتیجے میں شدید مشکلات سے دوچار ہوجاتے ہیں۔
جب شدید گرمی کے باعث کھلی فضا میں کام کرنے والے مزدوروں کو تعمیراتی مقامات پر کام روکنا پڑتا ہے تو ضائع ہونے والے کام کے گھنٹوں کا براہِ راست مطلب ان کے خاندانوں کے لیے کھانے کی کمی ہوتا ہے۔ اسی طرح اچانک آنے والے سیلاب کسی چھوٹے کاشت کار کی ایک ایکڑ زمین بہا لے جائیں تو اس کے مہینوں کے سرمائے، بیجوں کے ذخیرے اور غذائی تحفظ کو بھی ختم کردیتے ہیں۔
خواتین، بچوں، بزرگوں اور معذور افراد کو انخلا، طبی سہولتوں تک رسائی اور معاشی بحالی کے دوران اضافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان سماجی اور آبادیاتی حقائق کو نظرانداز کرنے والی آفات سے نمٹنے کی منصوبہ بندی اپنی بنیادی اخلاقی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہتی ہے۔
معاشی نقصانات سے آگے: انسانی صلاحیتوں کا بحران
موسمیاتی آفات کے انسانی اثرات فوری نقل مکانی اور جانی نقصان تک محدود نہیں رہتے، بلکہ تعلیم، صحت عامہ اور غذائیت کے شعبوں میں یکے بعد دیگرے بحران پیدا کرتے ہیں۔
جب آمدنی ختم ہوجاتی ہے اور مہنگائی بڑھتی ہے تو خاندانوں کو مشکلات سے نمٹنے کے لیے نقصان دہ اقدامات کرنا پڑتے ہیں۔ ان میں خوراک کے معیار اور تنوع میں کمی، بچوں کو اسکول سے اٹھانا یا ضروری طبی علاج میں تاخیر شامل ہیں۔
بچپن میں ناکافی غذائیت بچوں کی ذہنی نشوونما متاثر کرتی ہے، جبکہ اسکولوں کی بندش اور کلاس رومز کی تباہی پوری نسل کے مستقبل میں روزگار کے امکانات کو خطرے میں ڈال دیتی ہے۔ طویل بیماری گھرانوں کی آمدنی مزید کم کردیتی ہے، یوں خاندان ایک ایسے خود کو دہرانے والے چکر میں پھنس جاتے ہیں جہاں موجودہ فلاح و بہبود کی تباہی مستقبل میں انسانی صلاحیتوں کو بھی متاثر کرتی ہے۔
لہٰذا موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کی صلاحیت کو محض عمارتوں اور اثاثوں کے تحفظ کی کوشش کے بجائے انسانی ترقی کی بنیادی ترجیح قرار دینا ضروری ہے۔
کمزور منصوبہ بندی اور موسمیاتی خطرات
پاکستان میں موسمیاتی آفات کی شدت انتظامی ناکامیوں اور کمزور منصوبہ بندی کے باعث مزید بڑھ جاتی ہے۔ شہروں کی بے ہنگم توسیع، قدرتی نکاسی آب کے راستوں میں رکاوٹیں، ٹھوس فضلے کا ناقص انتظام اور سیلاب کے زیادہ خطرے والے علاقوں میں تعمیرات معمول کی موسمی بارشوں کو بھی تباہ کن خطرات میں تبدیل کردیتی ہیں۔
ہمارے شہروں میں تیز رفتار شہری آبادی کے پھیلاؤ کے مقابلے میں بلدیاتی خدمات کی فراہمی پیچھے رہ گئی ہے، جس سے کنکریٹ کے جنگل معمولی موسمیاتی دباؤ کے دوران بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں آنے والے علاقوں میں تبدیل ہوجاتے ہیں۔
اس بحران کی بنیادی وجہ شاذونادر ہی وسائل کی مکمل عدم دستیابی ہوتی ہے، بلکہ اصل مسئلہ طرز حکمرانی، قوانین پر عمل درآمد، دیکھ بھال اور اداروں کے درمیان رابطے کا فقدان ہے۔ جب سرکاری سرمایہ کاری میں موسمیاتی خطرات کو مدنظر نہیں رکھا جاتا تو ریاست انجانے میں ایسے مہنگے بوجھ کو فروغ دیتی ہے جن کی بحالی کے لیے مسلسل اخراجات درکار ہوتے ہیں۔
رہائش، ٹرانسپورٹ، شہری زمین کے استعمال اور زرعی پالیسی سے متعلق معمول کے فیصلوں میں موسمیاتی خطرات کی پیشگی پیش بینی کو شامل کرنا چاہیے، تاکہ آفت کے بعد بحالی کے بجائے خطرات میں کمی کو ترجیح دی جاسکے۔
کوپ 31 کا ترکیہ کے شہر انطالیہ میں آغاز ہونے پر وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا اور وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری کے اعلیٰ حکام کے ہمراہ سربراہان مملکت کے اجلاس میں شرکت کی۔ اعلیٰ سطح پر حکومتی شرکت کو بامعنی ماحولیاتی سفارت کاری اور ملک کے لیے ٹھوس فوائد میں تبدیل ہونا چاہیے۔
دنیا کے موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل پاکستان کے لیے ماحولیاتی سفارت کاری کی حقیقی کامیابی کا پیمانہ وفد کا حجم یا قیادت کی نمایاں موجودگی نہیں، بلکہ موسمیاتی مالیات، موافقت کے لیے معاونت، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ایسے وعدوں کا حصول ہے جو ملک میں موسمیاتی خطرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت مضبوط بنائیں۔
آفات سے نمٹنے کے بجائے موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا
ہنگامی امداد کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا، تاہم صرف آفت کے بعد ہنگامی اقدامات پر انحصار کرنے والی حکومتی حکمت عملی معاشی اعتبار سے پائیدار نہیں۔ مستقبل میں آگے بڑھنے کے لیے طرز حکمرانی کے اہم شعبوں میں بنیادی تبدیلیاں لانا ضروری ہے۔
پیشگی حکمت عملی اور سماجی تحفظ
ردعمل پر مبنی طرز عمل سے فعال حکمت عملی کی جانب منتقلی کے لیے ضروری ہے کہ قدرتی آفت آنے سے پہلے ہی سماجی تحفظ کے نظام کو بروئے کار لایا جائے۔ آفت کے بعد صرف انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد تقسیم کرنے کے بجائے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) اور احساس پروگرام جیسے ادارہ جاتی ذرائع سے پیشگی نقد مالی امداد فراہم کی جانی چاہیے۔
معتبر ابتدائی انتباہی اطلاعات موصول ہونے پر، سیلابی پانی کی سطح بلند ہونے یا شدید گرمی کی لہر عروج پر پہنچنے سے پہلے، خطرے سے دوچار آبادیوں کو ہدف بنا کر مالی معاونت فراہم کرنے سے خاندان خوراک کا ذخیرہ محفوظ کرسکتے ہیں، اپنے مویشیوں کو بچا سکتے ہیں اور محفوظ مقامات پر منتقل ہوسکتے ہیں۔ روزگار اور ذریعہ معاش تباہ ہونے کے بعد نقصانات کا ازالہ کرنے کے مقابلے میں پیشگی اقدامات کم خرچ اور زیادہ مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔
موسمیاتی موافقت کے لیے مالی وسائل کی کمی دور کرنا
موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرنے کے لیے درکار بھاری سرمایہ صرف ملکی بجٹ سے پورا کرنا ممکن نہیں۔ پاکستان کو چاہیے کہ وہ بین الاقوامی موسمیاتی مالیاتی ذرائع سے بھرپور فائدہ اٹھائے، جن میں نقصانات اور تباہ کاریوں کے ازالے کے لیے مالی معاونت (لاس اینڈ ڈیمیج فنڈنگ)، گرین بانڈز اور کثیرالجہتی اداروں کے رعایتی شرائط پر فراہم کردہ موافقتی فنڈز شامل ہیں۔
تاہم، عالمی سطح پر دستیاب ان مالی وسائل تک رسائی کے لیے ملک کے اندر مضبوط انتظامی اور ادارہ جاتی نظام قائم کرنا ضروری ہے۔ بین الاقوامی موسمیاتی سرمایہ کاری کا امکان ان ممالک میں زیادہ ہوتا ہے جہاں اخراجات کا ریکارڈ شفاف، منصوبوں کی نگرانی مؤثر اور اداروں کا احتساب یقینی بنایا گیا ہو۔ اس لیے بیرونی موسمیاتی مالی معاونت اور انصاف کے حصول کے لیے داخلی مالیاتی نظم و نسق کو مضبوط بنانا بنیادی شرط ہے۔
موسمیاتی خطرات کا مقابلہ کرنا معاشی ضرورت
پاکستان خود کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے مکمل طور پر محفوظ نہیں رکھ سکتا اور نہ ہی صرف حکومتی احکامات کے ذریعے ان سے مطابقت پیدا کرنا ممکن ہے۔ تاہم، پیشگی تیاری کے فوائد، عدم اقدام کے نتیجے میں وقت کے ساتھ بڑھنے والے اخراجات سے کہیں زیادہ ہیں۔
پالیسی کے حوالے سے بنیادی ضرورت واضح ہے: موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کی صلاحیت کو مجموعی معاشی منصوبہ بندی، غربت کے خاتمے اور شہری ڈھانچے کا لازمی حصہ بنانا ہوگا۔ بالآخر قومی ترقی کا اندازہ صرف سڑکیں تعمیر کرنے، افتتاحی تقریبات منعقد کرنے یا مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) میں ظاہری اضافے سے نہیں لگایا جاسکتا۔ حقیقی ترقی کا پیمانہ یہ ہے کہ عام شہری اپنے گھر، روزگار، صحت اور بچوں کے مستقبل کو داؤ پر لگائے بغیر نظامی بحرانوں کا مقابلہ کرنے کے قابل ہیں یا نہیں۔
پاکستان کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنا کوئی اختیاری ماحولیاتی ہدف نہیں، بلکہ معاشی ضرورت، بقا کی حکمت عملی اور سماجی معاہدے کا لازمی جزو ہے۔ یہ پائیدار انسانی ترقی کی بنیادی شرط اور بالآخر ریاستی طرز حکمرانی کا ایک اہم امتحان بھی ہے۔


Comments