شوگر انڈسٹری کو مزید منافع بخش بنانے کی ضرورت
- چاول کی صنعت کی آزاد منڈی کے تحت ریکارڈ برآمدات، شوگر انڈسٹری کو ضابطوں سے آزاد کرنے سے بھی برآمدات اور معاشی ترقی کے نئے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں
پاکستان ایک زرعی ملک ہے جو مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں 24 فیصد حصہ ڈالتا ہے۔ ہمارا ملک گنے کی پیداوار کے لحاظ سے دنیا میں ساتویں نمبر پر ہے اور تقریباً 12 لاکھ ہیکٹر رقبے پر گنے کی کاشت کی جاتی ہے۔ پاکستان ہر سال تقریباً 8 کروڑ ٹن گنا کرش کرتا ہے اور 2005 سے باقاعدگی کے ساتھ ریفائنڈ چینی برآمد کر رہا ہے۔ ماحولیاتی نظام کے تحفظ اور کسانوں کی پیداواری لاگت کم کرنے کے لیے مقامی طور پر جینیاتی طور پر تبدیل شدہ (جی ایم) گنے کی تیاری کے حوالے سے بھی پاکستان برازیل کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔
جدید مشینی کاشتکاری اور بین الفصلی کاشت (انٹر کراپنگ) کے طریقوں کو اپنانے سے گنا کسانوں کے لیے زیادہ منافع بخش اور پرکشش فصل بنتا جا رہا ہے، تاہم اسے پانی کے زیادہ استعمال کے باعث اکثر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کے بجائے اسے کاربن جذب کرنے والی فصل کے طور پر بھی دیکھا جانا چاہیے۔
متعدد فصلوں کی کاشت سے بھی اس بوجھ کو کم کیا جا سکتا ہے۔ ضروری ہے کہ کسانوں کو یہ اختیار دیا جائے کہ وہ موسمیاتی دباؤ اور اپنے کھیتوں کی موزونیت کے مطابق فصلوں کا انتخاب کر سکیں اور انہیں منڈیوں تک رسائی بھی حاصل ہو۔ اس حکمت عملی کی کامیابی کی مثال چاول اور مکئی کی صنعتیں ہیں، جو ملکی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ زرمبادلہ بھی کما رہی ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ چاول کی صنعت نے برآمدات میں تاریخی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے تقریباً 4 ارب ڈالر کا ہندسہ عبور کیا۔ اس اضافے کی بنیادی وجہ حکومتی پالیسیاں تھیں، جن کے تحت اس شعبے کو آزاد منڈی کے اصولوں کے مطابق کام کرنے کی اجازت دی گئی۔
شوگر انڈسٹری کو بھی اسی طرز پر ضابطوں سے آزاد کرنے سے منڈی کی بے قاعدگیاں ختم، پائیدار فصلوں کے انتخاب کی حوصلہ افزائی اور برآمدات و ترقی کے نئے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔
شوگر انڈسٹری حکومت سے چینی کی زیادہ مقدار برآمد کرنے کی اجازت طلب کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے 10 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت مانگی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پی ایس ایم اے) صنعت کو ضابطوں سے آزاد کرنے کی بھی حامی ہے۔ صنعت کے تحفظات دور کرنے کے لیے وزیراعظم نے ضابطوں کے خاتمے اور مارکیٹ اصلاحات سے متعلق ایک کمیٹی تشکیل دی، جس نے پی ایس ایم اے، کسان تنظیموں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ متعدد اجلاس کیے، تاکہ سخت حکومتی کنٹرول والے اس شعبے کو آزاد منڈی کے اصولوں کی طرف منتقل کیا جا سکے۔
حال ہی میں وزیراعظم کی زیر صدارت کمیٹی نے شوگر انڈسٹری کو مرحلہ وار ضابطوں سے آزاد کرنے پر اتفاق کیا، تاہم سندھ حکومت ان مراحل کے لیے مقررہ مدت میں توسیع کی خواہاں ہے۔
ماضی میں زرعی ماحولیاتی خطوں کی بنیاد پر مخصوص فصلوں کے کاشت کے طریقے اپنائے جاتے تھے ، تاکہ پیداوار کے فوائد زیادہ سے زیادہ حاصل کیے جا سکیں۔ تاہم بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور بے ترتیب بارشوں نے پاکستان بھر میں ان خطوں اور فصلوں کے روایتی طریقہ ہائے کاشت کو متاثر کیا ہے، جس کے باعث ان کی ازسرنو درجہ بندی ضروری ہو گئی ہے۔
گزشتہ 25 برسوں (2001 سے 2025) کے دوران پاکستان میں کپاس کا زیرکاشت رقبہ 59 لاکھ ایکڑ سے کم ہو کر 32 لاکھ ایکڑ رہ گیا، یعنی 27 لاکھ ایکڑ کی کمی ہوئی۔ اس کے برعکس دیگر بڑی فصلوں کے زیرکاشت رقبے میں اضافہ ہوا۔ گنے کا رقبہ 15 لاکھ 20 ہزار ایکڑ سے بڑھ کر 20 لاکھ 10 ہزار ایکڑ ہوا، یعنی 4 لاکھ 90 ہزار ایکڑ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ چاول کا رقبہ 40 لاکھ سے بڑھ کر 67 لاکھ ایکڑ، جبکہ مکئی کا رقبہ 10 لاکھ سے بڑھ کر 27 لاکھ ایکڑ ہو گیا۔
پانی کے استعمال کے حوالے سے گنے کی فصل فی ایکڑ تقریباً 50 لاکھ 43 ہزار لیٹر پانی استعمال کرتی ہے، جو گندم اور چاول کی فصلوں کے مشترکہ کاشت کے دورانیے (70 لاکھ 11 ہزار لیٹر) سے نمایاں طور پر کم، تاہم گندم اور کپاس کے مشترکہ دورانیے (40 لاکھ 59 ہزار لیٹر) سے زیادہ ہے۔ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ چاول زیادہ پانی استعمال کرنے والی فصل ہے۔ جدید آبپاشی کے طریقے، مثلاً ڈرپ اریگیشن، بہتر زرعی طریقہ کار اور بلند کیاریوں پر بین الفصلی کاشت سے ایک ہی فصل پر انحصار کے منفی اثرات کم کیے جا سکتے ہیں۔
جنوبی پنجاب میں شوگر ملوں کے قیام سے کسانوں کو فائدہ پہنچا ہے اور ملوں کو بھی آلو کی فصل کی طرز پر کارپوریٹ فارمنگ اختیار کرنے کی ترغیب ملی ہے۔ مزید یہ کہ گنا کسانوں کو شوگر ملوں سے ادائیگی کی یقین دہانی فراہم کرتا ہے اور اس میں کیڑوں کے حملوں کا خطرہ بھی نسبتاً کم ہوتا ہے۔
2001 سے 2025 کے دوران پنجاب میں کپاس کا زیرکاشت رقبہ تقریباً 27 لاکھ ایکڑ کم ہوا۔ اس کی ایک وجہ فصل کی ناکامی، نقصان دہ کیڑوں، خصوصاً رس چوسنے اور پتے کھانے والے کیڑوں اور بیماریوں بالخصوص کپاس کے پتوں کے مروڑ وائرس (سی ایل سی وی) کا خطرہ ہے۔ نتیجتاً کسانوں نے غیر یقینی منڈیوں پر انحصار کرنے کے بجائے زیادہ منافع اور یقینی ادائیگی والی فصلوں کی کاشت شروع کر دی۔
پاکستان میں 90 سے زائد شوگر ملیں ہیں، تاہم کرشنگ کا سیزن صرف 100 سے 120 دن جاری رہنے کے باعث یہ سال کے تقریباً آٹھ ماہ بند رہتی ہیں۔ اس صنعت کی بہتری کے لیے ضروری ہے کہ گنے کی کاشت کو خریف اور بہار دونوں موسموں میں وسعت دی جائے، تاکہ ملیں زیادہ عرصے تک کام کر سکیں۔
حکومت نہ صرف گنے کی رسد کو کنٹرول کرتی ہے بلکہ چینی کی قیمتیں بھی مقرر کرتی ہے، تاہم کسانوں کی ماحولیاتی خدمات کو نظر انداز کیا جاتا ہے، جن میں پانی کی بچت، کاربن جذب کرنا اور کھیتوں میں باقیات جلانے سے گریز کے ذریعے فضائی آلودگی میں کمی شامل ہیں۔ حقیقی اصلاحات کے لیے ضروری ہے کہ کسانوں کی ان ماحولیاتی خدمات کو تسلیم کیا جائے اور فصلوں کی کاشت کے علاقوں میں لچک پیدا کی جائے۔
پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت سے تقریباً 10 لاکھ میٹرک ٹن ریفائنڈ چینی برآمد کرنے کی اجازت مانگی ہے، جبکہ حکومت نے صرف 2 لاکھ میٹرک ٹن برآمد کرنے کی منظوری دی ہے، جسے ایسوسی ایشن نے ناکافی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ اس تعطل کو ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ حکومت، پی ایس ایم اے، کسان تنظیموں اور صارفین کے نمائندے جامع اور شفاف مذاکرات کریں۔
حال ہی میں نائب وزیراعظم کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی برائے اضافی چینی کی برآمد نے اس معاملے کا جائزہ لینے کے لیے متعدد اجلاس منعقد کیے۔
کمیٹی نے ایسا طریقہ کار طے کر لیا ہے جس کے تحت مقامی مارکیٹ میں چینی کی خوردہ قیمت متاثر کیے بغیر اضافی ذخائر برآمد کرنے میں سہولت فراہم کی جائے گی، تاہم برآمدی مقدار میں کسی ممکنہ اضافے کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔ امید ہے کہ حکومت ایسی متوازن برآمدی پالیسی اختیار کرے گی جس سے ملک کو ضروری زرمبادلہ حاصل ہو سکے۔
کاپی رائٹ : بزنس ریکارڈر 2026


Comments