آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے فیصلہ کن میچ میں بین ڈکٹ کی شاندار سنچری، انگلینڈ نے 328 رنز بنا لیے
- بین ڈکٹ نے 94 گیندوں پر اپنے ون ڈے کیریئر کی ساتویں سنچری اسکور کی اور وکٹیں گرنے کے باوجود ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش اننگز کو سہارا دیا
بین ڈکٹ کی شاندار 133 رنز کی اننگز کی بدولت انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں 48.3 اوورز میں 328 رنز بنائے۔
انگلش کپتان ہیری بروک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پہلے میچ میں پرتھ کے مقام پر شکست اور دوسرے میں ایڈیلیڈ میں شاندار واپسی کے بعد انگلینڈ نے سیریز جیتنے کے لیے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
بین ڈکٹ نے 94 گیندوں پر اپنے کیریئر کی ساتویں ون ڈے سنچری اسکور کی، ان کی اننگز میں 13 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ول جیکس نے 59 رنز بنائے جبکہ ٹام بینٹن نے 44 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی۔
جو روٹ 12، ہیری بروک 17، جارڈن کاکس 12 اور جوفرا آرچر 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ایک موقع پر انگلینڈ کے پانچ کھلاڑی 195 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے۔
ڈکٹ نے وکٹیں گرنے کے باوجود ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھی اور سنچری مکمل کی، تاہم میٹ رینشا کی گیند پر سویپ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔


Comments