نیسلے پاکستان لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کمپنی کے مقامی واٹر کاروبار کو اپنی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ اقدام پلاٹینم ایکویٹی کے ساتھ عالمی سطح پر مشترکہ منصوبے (جوائنٹ وینچر) کے قیام کے سلسلے میں کیا جارہا ہے۔
لسٹڈ کمپنی نے بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ارسال کردہ نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
نوٹس کے مطابق کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 18 نومبر 2026 کو ہونے والے اجلاس میں کمپنیز ایکٹ 2017 کی دفعات 279 سے 283 اور 285(8) کے تحت اسکیم آف ارینجمنٹ کی منظوری دے دی ہے۔
نوٹس کے مطابق اس اسکیم کے تحت پاکستان میں کمپنی کا واٹر کاروبار اس کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی واٹرز اینڈ پریمیم بیوریجز (پرائیویٹ) لمیٹڈ (ڈبلیو پی بی) کو منتقل کیا جائے گا اور اس کے حوالے کردیا جائے گا۔ اس کے عوض ڈبلیو پی بی کمپنی کو عام حصص جاری کرے گی۔
یہ پیشرفت 23 جولائی کو نیسلے پاکستان کے اکثریتی حصص دار نیسلے ایس اے اور پلاٹینم ایکویٹی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے بعد سامنے آئی ہے جس کے تحت نیسلے کے واٹر اور پریمیم بیوریجز کاروبار کے لیے پیرانل کے نام سے 50، 50 فیصد کی شراکت داری پر مبنی مشترکہ منصوبہ قائم کیا جائے گا۔
اس لین دین میں متعدد ممالک میں نیسلے کے واٹر اور مشروبات کے کاروبار شامل ہیں ۔
نیسلے پاکستان نے کہا ہے کہ اسکیم پر عمل درآمد مؤثر ہونے کے بعد وہ اس لین دین کے حصے کے طور پر ذیلی کمپنی میں اپنی حصص داری منصفانہ مارکیٹ ویلیو پر فروخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
نوٹس کے مطابق یہ اسکیم متعلقہ منظوریوں اور شرائط سے مشروط ہے جن میں کمپنی کے حصص داروں اور قرض خواہوں کی منظوری اور لاہور ہائی کورٹ کی توثیق بھی شامل ہے۔
نیسلے پاکستان نے واٹر کاروبار کی مالیت یا لین دین کی تکمیل کے لیے کوئی مدت ظاہر نہیں کی۔
کمپنی پاکستان بھر میں چار پیداواری مراکز چلا رہی ہے۔ شیخوپورہ اور خانیوال میں اس کی پیداواری تنصیبات کو مکمل طور پر خودکار بنایا گیا ہے اور نیسلے کے عالمی نظام سے منسلک کیا گیا ہے جس کے باعث یہ کمپنی کے دنیا بھر میں قائم جدید ترین پیداواری مراکز کے ہم پلہ ہو گئی ہیں۔
کمپنی نے پاکستان میں نمایاں سرمایہ کاری کی ہے، جس میں پیداواری صلاحیت میں توسیع کے لیے جنوری 2026 میں اعلان کردہ مزید 6 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری بھی شامل ہے۔


Comments