ڈینی گروپ نے کراچی میں سابق امریکی قونصل جنرل کی رہائش گاہ خرید لی
- ڈینی گروپ نے یہ کمپاؤنڈ امریکی حکومت سے 6.92 ارب روپے، یعنی 25 ملین ڈالر سے زائد میں خریدا ہے
پاکستان کے ایک کاروباری گروپ نے کراچی کے علاقے سول لائنز میں واقع ایک وسیع و عریض جائیداد خرید لی ہے، جو ماضی میں امریکی قونصل جنرل کی رہائش گاہ کے طور پر استعمال ہوتی تھی۔ بلوم برگ کے مطابق یہ حالیہ برسوں میں ملک کے بڑے جائیداد کے سودوں میں سے ایک ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈینی گروپ نے یہ کمپاؤنڈ امریکی حکومت سے 6.92 ارب روپے، یعنی 25 ملین ڈالر سے زائد میں خریدا ہے۔ اس سودے سے واقف افراد کے حوالے سے یہ بات رپورٹ کی گئی ہے۔
ڈینی گروپ کراچی میں قائم ایک نجی پاکستانی کاروباری گروپ ہے، جو بالخصوص اپنے صارفین کے لیے الیکٹرانک مصنوعات کے کاروبار، یعنی ڈینی ٹیکنالوجیز، اور رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ کے شعبے، یعنی ڈینی تعمیرات کے لیے معروف ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے پریس آفس نے ای میل کے ذریعے جواب میں تصدیق کی کہ یہ جائیداد ڈینی تعمیرات کو فروخت کی گئی ہے، تاہم اس نے سودے کی مالیت پر تبصرہ نہیں کیا۔
کمپنی نے بھی 2 لاکھ 50 ہزار مربع فٹ (2.32 ہیکٹر) رقبے پر پھیلی اس جائیداد کی خریداری کی تصدیق کی، تاہم قیمت ظاہر نہیں کی۔
رپورٹ کے مطابق یہ فروخت ملک کے خوشحال طبقے میں اعلیٰ درجے کی جائیدادوں کی بڑھتی ہوئی طلب کی عکاسی کرتی ہے۔
اس خریداری کے حوالے سے ڈینی تعمیرات کے چیف ایگزیکٹو آفیسر دانش اے رؤف نے امریکی قونصل جنرل کی سابقہ رہائش گاہ کو ایک اہم اور تاریخی عمارت قرار دیا، جو پوری جائیداد کو وقار اور حیثیت عطا کرتی ہے۔
دانش رؤف نے بتایا کہ کمپنی مختلف منصوبوں میں شراکت داری کے لیے مقامی اور بین الاقوامی کاروباری گروپس سے بات چیت کررہی ہے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے تفصیلات نہیں بتائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم وہاں جو کچھ بھی تعمیر کریں گے، یہ رہائش گاہ اس کا مرکزی حصہ ہوگی۔ ہم اپنے خاندان کے ساتھ خود بھی وہاں منتقل ہونے پر غور کررہے ہیں۔


Comments