رومانیہ کی بحری گزرگاہ کے قریب بحیرۂ اسود میں تین جہاز ڈرون حملوں کا نشانہ بن گئے ، وزیراعظم لوکا نکولیسکو
- عملے نے جہازوں میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
رومانیہ کے قریب بحیرۂ اسود میں تین تجارتی جہاز ڈرون حملوں کا نشانہ بن گئے، وزیراعظم لوکا نکولیسکو نے اتوار کو بتایا کہ مسلح افواج نے دو مرتبہ لڑاکا طیارے فضا میں روانہ کیے۔
وزیر دفاع اسٹیفن رادو اوپریا نے کہا کہ حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور ہفتے کی شب گئے حملوں کے بعد جہازوں کے عملے نے ان میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا۔
نیٹو کے رکن ممالک رومانیہ اور بلغاریہ کے قریب تجارتی جہازوں پر مہلک حملوں کے بڑھتے ہوئے واقعات ظاہر کرتے ہیں کہ روس اور یوکرین کے درمیان شدت اختیار کرتی بحری جنگ اب بحیرۂ اسود میں مغربی ممالک کے فوجی اتحاد نیٹو کے لیے ایک بڑا چیلنج بنتی جا رہی ہے۔
سولینا کینال رومانیہ کی ایک اہم بحری گزرگاہ ہے، جو دریائے ڈینیوب کو بحیرۂ اسود سے ملاتی ہے اور یوکرین اسے اپنی برآمدات کے لیے استعمال کرتا ہے۔
رومانیہ کے حکام نے ڈرونز کے اصل ماخذ کی نشاندہی نہیں کی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ حملے یوکرین میں روس کی جنگ کا براہ راست نتیجہ ہیں۔
نکولیسکو نے کہا کہ یہ واقعات ناقابل قبول ہیں اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں۔ ان کے بقول یہ یوکرین کے خلاف روس کی جاری جنگ کے باعث خطے میں بگڑتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کی عکاسی کرتے ہیں۔
روس نے اس بات کی تردید کی ہے کہ وہ ڈرونز کے ذریعے یوکرین کے پڑوسی ممالک کو نشانہ بنا رہا ہے۔
اوپریا نے بتایا کہ حملوں کا نشانہ بننے والے تین جہازوں میں یونانی پرچم بردار تیل اور کیمیکل ٹینکر ’’ایویا پیٹرول فائیو‘‘، بلک کارگو بردار جہاز ’’مارسول‘‘ اور تیل کی مصنوعات لے جانے والا ٹینکر ’’علی نجافوف‘‘ شامل ہیں۔ آخری دو جہاز سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے پرچم تلے سفر کر رہے تھے۔
وزارت دفاع کے مطابق ایویا پیٹرول فائیو اور مارسول کو سولینا کینال سے بالترتیب چار اور پانچ سمندری میل جنوب مشرق میں نشانہ بنایا گیا۔ یہ دونوں جہاز رومانیہ کی سمندری حدود کے اندر موجود تھے۔
اوپریا نے بتایا کہ جمعے کی رات ایک اور عام مال بردار جہاز بھی ڈرون حملے کا نشانہ بنا، تاہم اس واقعے میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ نجی ٹی وی چینل ڈیجی 24 کے مطابق یہ پالاؤ کے پرچم بردار مال بردار جہاز ’’لاریسا ون‘‘ تھا۔
اوپریا نے کہا کہ وہ منگل اور بدھ کو برسلز میں اپنے ہم منصب وزرائے دفاع کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اتحادیوں کی یکجہتی اور تعاون کی ضرورت ہے، جو نگرانی کرنے والے طیاروں کے گشت اور ڈرون حملوں کو روکنے والے آلات کی فراہمی کے ذریعے ظاہر کیا جانا چاہیے۔
رومانیہ کی جانب سے اضافی معاونت کی درخواست کے بعد فرانس نے اپنا سمندری نگرانی کرنے والا طیارہ ’’اٹلانٹک ٹو‘‘ عارضی طور پر رومانیہ منتقل کر دیا ہے۔
اکتوبر اور نومبر میں نشانہ بننے والے متعدد جہاز سولینا کینال کے قریب لنگر انداز تھے یا اس کی جانب آ رہے تھے اور وہاں سے روانہ ہو رہے تھے۔


Comments