وارنر کا کرکٹ آسٹریلیا پر ’سینڈ پیپر گیٹ‘ معاملے میں حقائق چھپانے کا الزام
- کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میں پیش آنے والے واقعے کے زخم اس ہفتے ایک بار پھر تازہ ہوگئے، جب عثمان خواجہ نے اپنی خودنوشت شائع کی
ڈیوڈ وارنر نے ہفتے کے روز 2018ء کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے نمٹنے کے کرکٹ آسٹریلیا کے طریقۂ کار کو ’’حقائق چھپانے کی کوشش‘‘ قرار دیتے ہوئے کڑی تنقید کی ہے، جس سے کرکٹ کے حلقوں میں پہلے سے جاری تنازع مزید شدت اختیار کرگیا ہے۔
سابق اوپنر ڈیوڈ وارنر، جنہیں کیپ ٹاؤن میں پیش آنے والے ’سینڈ پیپر گیٹ‘ واقعے میں کردار پر ایک سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا، نے اس معاملے کی تحقیقات کو ’’ناقص اور غیر معیاری‘‘ قرار دیا۔
انہوں نے انسٹاگرام پر کہا، ’’جہاں تک مجھے معلوم ہے، کرکٹ آسٹریلیا نے 2018ء کی تحقیقات کے دوران جوش ہیزل ووڈ، مچل اسٹارک یا نیتھن لائن سے پوچھ گچھ نہیں کی تھی۔‘‘
وارنر نے مزید کہا، ’’اگر یہ بات درست ہے تو پھر کرکٹ آسٹریلیا یہ مؤقف کیسے اختیار کرسکتا ہے کہ بولرز کو اس منصوبے کا علم نہیں تھا؟
’’ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے ابتدا ہی میں طے کرلیا تھا کہ کس کو موردِ الزام ٹھہرانا ہے، اسی مقصد کے تحت ناقص تحقیقات کیں اور اب بھی اس جھوٹے بیانیے کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں کہ بولرز کو کچھ معلوم نہیں تھا۔
’’یہ سب حقائق چھپانے کی کوشش معلوم ہوتی ہے۔‘‘
کیپ ٹاؤن میں تیسرے ٹیسٹ کے دوران پیش آنے والے واقعے کے زخم اس ہفتے ایک بار پھر تازہ ہوگئے، جب عثمان خواجہ نے اپنی خودنوشت شائع کی۔
کتاب میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ گیند کو سینڈ پیپر سے رگڑ کر اس کی سوئنگ بڑھانے کے منصوبے سے پوری ٹیم آگاہ تھی۔
کرکٹ آسٹریلیا کی تحقیقات میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا تھا کہ اس منصوبے کا علم صرف اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو تھا۔ اس واقعے کے بعد تینوں کو جنوبی افریقہ سے بدنامی کے ساتھ وطن واپس بھیج دیا گیا تھا۔
مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ، نیتھن لائن اور پیٹ کمنز نے 2021ء میں ایک مشترکہ بیان کے ذریعے عوامی سطح پر اس منصوبے سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔
جمعے کے روز موجودہ ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز نے ایک طویل پریس کانفرنس میں خواجہ کے تازہ دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ’’سو فیصد غلط‘‘ قرار دیا۔
اس کے جواب میں وارنر نے الزام عائد کیا کہ کمنز نے اپنے قریبی دوست عثمان خواجہ کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔
اسٹارک نے بھی رواں ہفتے کہا تھا کہ ’’ہمیں میدان میں کسی چیز کے استعمال کا علم نہیں تھا۔‘‘ تاہم ہیزل ووڈ اور لائن نے اب تک اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
کرکٹ آسٹریلیا نے اپنی تحقیقات دوبارہ کھولنے کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔ ادارے نے ہفتے کے روز جاری بیان میں کہا کہ تمام کھلاڑیوں کو اس معاملے پر اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا تھا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے کہا، ’’جیسا کہ ہم پہلے بھی واضح کرچکے ہیں، ابتدائی تحقیقات کے وقت تمام کھلاڑیوں کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا تھا اور گزشتہ آٹھ برس کے دوران بھی وہ نئے شواہد سامنے لانے کے لیے آگے آسکتے تھے۔‘‘
ترجمان نے مزید کہا، ’’اس کے بعد سے کرکٹ آسٹریلیا نے ہر موجودہ اور سابق کھلاڑی کے واقعات کے بارے میں اپنا مؤقف بیان کرنے کے حق کا احترام کیا ہے۔‘‘


Comments