وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے وزیر اعظم کے کیش لیس پاکستان اقدام کے حوالے سے بینکوں کے صدور، چیف ایگزیکٹو افسران اور چیف ڈیجیٹل افسران سے ملاقات کیلئے پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے کراچی میں واقع مرکزی دفتر کا دورہ کیا۔ اجلاس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے حکام، راست کے چیف ایگزیکٹو افسر اور کرنداز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
وزیر مملکت نے بینکنگ شعبے کے اعلیٰ عہدیداروں کو اس اقدام کے تحت ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا جس میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے بڑھتے استعمال اور سرکاری ادائیگیوں کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے مالی سال 2026 کے لیے مقرر کردہ اہداف کی تفصیلات بتاتے ہوئے ان کے حصول کی جانب ہونے والی نمایاں پیش رفت کو بھی اجاگر کیا۔
انہوں نے بینکوں پر زور دیا کہ وہ وزیراعظم کے کیش لیس پاکستان اقدام کو آگے بڑھانے اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے وسیع تر فروغ میں زیادہ فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات بھی بتائیں، جن میں مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ (ایم ڈی آر) کے اخراجات میں سبسڈی دینے کے لیے راست کیو آر سبسڈی اسکیم شامل ہے۔ انہوں نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ وزیر اعظم نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کی رفتار برقرار رکھنے کے لیے اس سبسڈی کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر مملکت نے شرکاء کو مزید بتایا کہ وزیر اعظم کی کیش لیس کمیٹی ادائیگیوں کو ڈیجیٹل بنانے کے عمل میں تیزی لانے کے لیے اپنی ترجیحات کو مزید مرکوز کرنے اور اہداف کو بہتر بنانے پر کام کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں نئے اشاریے متعارف کرانے اور نئے اہداف مقرر کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بینکنگ شعبے کے اعلیٰ عہدیداروں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں کیش لیس نظام کے فروغ کے سفر کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اپنی آرا اور تجاویز پیش کریں۔
وزیر مملکت نے اسٹیٹ بینک کو ہدایت کی کہ وہ بینکوں کے چیف ڈیجیٹل افسران، راست کے چیف ایگزیکٹو افسر اور کرنداز کے ساتھ تفصیلی مشاورت کرے تاکہ وزیراعظم کی کیش لیس کمیٹی کے لیے ٹھوس سفارشات تیار کی جاسکیں۔ مشاورت میں کیو آر ادائیگیوں سمیت ڈیجیٹل ادائیگیوں کے مختلف طریقوں میں صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے اور ان کے وسیع تر استعمال کو فروغ دینے کے لیے قابلِ عمل تجاویز کو حتمی شکل دینے پر توجہ دی جائے گی۔
وزیر مملکت برائے خزانہ نے وزیر اعظم کے کیش لیس پاکستان اقدام کی معاونت میں کارانداز کے کردار کو بھی سراہا۔
وزیر مملکت نے اس اہم اجلاس کی میزبانی پر پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ آئندہ چند ماہ کے دوران کیش لیس پاکستان اقدام کے حوالے سے پی بی اے کے دفتر میں بینکوں کے ساتھ مزید مشاورت کے منتظر ہیں۔
پاکستان بینکس ایسوسی ایشن نے وزیر مملکت کے کراچی میں اپنے مرکزی دفتر کے دورے اور اجلاس کے انعقاد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ پی بی اے نے کیش لیس پاکستان اقدام پر وزیر اعظم اور حکومت کی توجہ کو سراہتے ہوئے اس قومی مقصد کے حصول میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے بینکاری شعبے کے عزم کا اعادہ کیا۔


Comments