اطلاعات کے مطابق امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کو ایران سے منسلک جان لیوا دھمکیوں کے بعد واشنگٹن ڈی سی میں واقع ان کی رہائش گاہ سے ایک فوجی اڈے پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ منتقلی کی یہ اطلاع محض ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار کی سیکیورٹی سے متعلق تشویش ہی نہیں، بلکہ اس بات کی بھی غمازی کرتی ہے کہ واشنگٹن اور تل ابیب کی جانب سے مسلط کردہ اس اختیاری جنگ کے نتائج اب خود امریکہ کے سیاسی اور سیکیورٹی اداروں تک پہنچ رہے ہیں۔
بیسنٹ جنہوں نے پابندیوں اور وسیع تر اقتصادی ناکہ بندی کے ذریعے ایران کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی امریکی مہم کی قیادت کی ہے، خود اس بات کی یاد دہانی ہیں کہ اس محاذ آرائی کے اثرات میدانِ جنگ سے کہیں آگے تک پھیلے ہوئے ہیں۔ ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی فوجی کارروائی طویل اور خطرناک تعطل کا شکار ہے جبکہ اس کے معاشی اخراجات، تزویراتی خلل اور سکیورٹی کے اثرات نہ صرف اس تنازع کے فریقین بلکہ وسیع تر عالمی برادری کو بھی برداشت کرنا پڑ رہے ہیں۔
ممکن ہے کہ واشنگٹن نے یہ اندازہ لگایا ہو کہ فوجی دباؤ، ایرانی قیادت کے خاتمے اور اقتصادی ناکہ بندی میں شدت کے ذریعے تہران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کیا جاسکے گا۔ تاہم سامنے آنے والے بحران نے اس حکمتِ عملی کی حدود واضح کردی ہیں۔ شدید فوجی اور معاشی نقصانات کے باوجود ایران نے نہ تو ہتھیار ڈالے ہیں اور نہ ہی جوابی کارروائی کی اپنی صلاحیت ترک کی ہے۔ اس کے برعکس یہ تنازع پھیل کر ایک وسیع تر علاقائی محاذ آرائی میں تبدیل ہو گیا ہے جس سے بحری تجارت، توانائی کی فراہمی اور خلیجی ممالک کی سلامتی کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب وسیع تر عالمی برادری ایک ایسے تنازع کی معاشی قیمت ادا کررہی ہے جسے نہ تو اس نے شروع کیا اور نہ ہی وہ اس پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ آبنائے ہرمز کی بندش، جہاں سے معمول کے حالات میں دنیا کی تقریباً پانچویں حصے کی تیل اور گیس کی رسد گزرتی ہے نے جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے باعث عالمی توانائی منڈیوں کے عدم استحکام کا شکار ہونے کے خدشات کو نمایاں کردیا ہے۔ پاکستان جیسے توانائی درآمد کرنے والے ترقی پذیر ممالک کے لیے اس کے اثرات خاص طور پر سنگین ہیں جو پہلے ہی مالیاتی گنجائش کی کمی اور بیرونی مالی اعانت کے حصول سے متعلق دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔ حکومتوں کو اب ایک مشکل انتخاب درپیش ہے: آیا درآمدی بلوں میں اضافے کا بوجھ خود برداشت کریں، اضافی اخراجات صارفین کو منتقل کریں یا ترقیاتی ترجیحات کے لیے مختص محدود سرکاری وسائل توانائی کی سبسڈی پر خرچ کریں۔
اس تنازع کے تزویراتی اور جغرافیائی سیاسی اثرات بھی خاصے اہم ہیں۔ اس کے نتیجے میں خطے میں باہمی بداعتمادی بڑھ رہی ہے اور ممالک اپنی سلامتی سے متعلق شراکت داریوں پر ازسرِنو غور کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ بالخصوص خلیجی خطے میں امریکہ کے اتحادیوں کو اس صورتِ حال کے نتائج بھگتنا پڑ رہے ہیں کہ ایک طرف وہ امریکی فوجی اڈوں کی میزبانی کررہے ہیں تو دوسری جانب انہیں ایران کی ممکنہ جوابی کارروائی کے خطرے کا بھی سامنا ہے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ یہ فوجی مہم اسرائیل اور امریکہ کے مفادات، اور بظاہر خلیجی خطے میں واشنگٹن کے اتحادیوں کی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے شروع کی گئی تھی، لیکن اس کے برعکس اس نے عدم تحفظ میں مزید اضافہ کیا ہے حتیٰ کہ اس مہم کی قیادت کرنے والوں کے لیے بھی۔ اعلیٰ امریکی عہدیداروں کو فوجی تنصیبات پر منتقل کیا جانا اس بحران کا اندرونِ ملک ایک مظہر ہے جس کے بین الاقوامی اثرات کہیں زیادہ وسیع ہیں۔
یہی کسی اختیاری جنگ کا بنیادی المیہ ہے کہ اسے شروع کرنے والے فریق کو اس کے آغاز کے وقت کے تعین میں تو خاصا اختیار حاصل ہو سکتا ہے، لیکن وہ اس کے دورانیے، جغرافیائی پھیلاؤ یا معاشی نتائج کا تعین اپنی مرضی سے نہیں کر سکتے۔ نہ ہی وہ اس کے اخراجات اور نقصانات کو صرف اپنے ہدف بنائے گئے حریف تک محدود رکھ سکتے ہیں۔
واشنگٹن کی تزویراتی غلط فہمی کے نتیجے میں شروع ہونے والی غیر قانونی اور غیر اخلاقی جارحانہ جنگ کا عالمی برادری کو بالواسطہ شکار نہیں بننا چاہیے۔ فوری ضرورت اس امر کی ہے کہ فوجی کشیدگی میں مزید اضافے کو روکنے اور پائیدار امن کی ضمانت دینے والے مذاکراتی تصفیے کے حصول کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں کی جائیں۔ اس محاذ آرائی کو طول دینے سے صرف ان اخراجات اور نقصانات میں اضافہ ہوگا جو باقی دنیا کو ایک ایسی جنگ کی قیمت کے طور پر ادا کرنے پڑ رہے ہیں جس کا انتخاب اس نے کبھی نہیں کیا۔


Comments