ڈیبیو میچ میں بیئرڈمین کی چھ وکٹیں، انگلینڈ کی پوری ٹیم 131 رنز پر ڈھیر
- 21 سالہ آسٹریلوی فاسٹ بولر نے غیر معمولی رفتار اور جارحانہ انداز میں بولنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کے ابتدائی بلے بازوں کو تہس نہس کر دیا، جن میں سے بیشتر ناقص شاٹس کھیل کر اپنی وکٹیں گنوا بیٹھے
آسٹریلیا کے مہلی بیئرڈمین نے اپنے پہلے ہی ون ڈے میچ میں 24 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں، جس کے نتیجے میں انگلینڈ کی پوری ٹیم جمعے کو پرتھ میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں محض 33.4 اوورز میں 131 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
21 سالہ مغربی آسٹریلوی فاسٹ بولر نے غیر معمولی رفتار اور جارحانہ انداز میں بولنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کے ابتدائی بلے بازوں کو تہس نہس کردیا، جن میں سے بیشتر ناقص شاٹس کھیل کر اپنی وکٹیں گنوا بیٹھے۔
بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر اسپینسر جانسن نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور 42 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ آپٹس اسٹیڈیم کی ڈراپ اِن پچ پر انگلینڈ کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر لڑکھڑا گئی۔
تین میچوں کی ون ڈے سیریز کا آغاز نسبتاً پھیکا رہا، کیونکہ سابق آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ کی خودنوشت کی رونمائی کے بعد زیادہ تر توجہ 2018ء کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل (سینڈ پیپر گیٹ) پر مرکوز رہی۔
انگلینڈ کے اوپنرز بین ڈکٹ اور ٹام بینٹن کو ابتدا میں زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور انہوں نے 5 اوورز میں ٹیم کا اسکور 24 رنز تک پہنچا دیا، تاہم ڈکٹ اسپینسر جانسن کی آف اسٹمپ سے باہر جاتی ہوئی گیند پر زور دار شاٹ کھیلنے کی کوشش میں گیند کو بیٹ کا کنارہ لگوا بیٹھے، جو بیک ورڈ پوائنٹ پر جیک ایڈورڈز نے کیچ کرلی۔
اس کے بعد مہمان ٹیم نے محض 41 رنز کے اضافے پر اپنی 7 وکٹیں گنوا دیں، کیونکہ انگلینڈ کے بلے باز مہلی بیئرڈمین اور اسپینسر جانسن کی سوئنگ اور سیم بولنگ کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہے۔


Comments