امریکی ڈالر 19 ماہ کی بلند ترین سطح پر، ین 160 فی ڈالر کے قریب پہنچ گیا
- امریکی ڈالر انڈیکس جو چھ بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر کی قدر ظاہر کرتا ہے، 0.15 فیصد اضافے سے 103.02 پر پہنچ گیا
عالمی کرنسی مارکیٹ میں جمعرات کو امریکی ڈالر بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں 19 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، جس کی وجہ امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں مزید اضافے کی توقعات ہیں، جبکہ جاپانی ین بھی ڈالر کے مقابلے میں 160 کی اہم سطح کے قریب آگیا۔
امریکی ڈالر انڈیکس جو چھ بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر کی قدر ظاہر کرتا ہے، 0.15 فیصد اضافے سے 103.02 پر پہنچ گیا، جو اپریل 2025 کے بعد بلند ترین سطح ہے۔
اکتوبر میں توقعات سے زیادہ مہنگائی کے اعداد و شمار اور امریکی مرکزی بینک کے حکام کے سخت بیانات کے بعد سرمایہ کاروں نے شرح سود میں مزید اضافے کی توقعات بڑھا دی ہیں۔ گولڈمین سیکس سمیت بعض بڑے مالیاتی اداروں کو دسمبر کے بعد اگلے سال کے آغاز میں بھی شرح سود میں اضافے کی توقع ہے۔
جاپانی ین کے مقابلے میں ڈالر 0.04 فیصد اضافے سے 159.83 پر آگیا، جبکہ دورانِ کاروبار یہ دو ماہ سے زائد کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا تھا۔
بینک آف جاپان کے پالیسی ساز توئیچیرو آساڈا نے فوری طور پر شرح سود بڑھانے کی مخالفت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ قبل از وقت اضافہ اقتصادی ترقی کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
دوسری جانب یورو ڈالر کے مقابلے میں 0.06 فیصد اضافے سے 1.1096 ڈالر، جبکہ برطانوی پاؤنڈ 0.1 فیصد کمی سے 1.3266 ڈالر پر آگیا۔ بٹ کوائن 0.63 فیصد کمی کے بعد 73,848 ڈالر پر آگیا۔


Comments