مصر میں دو مسافر ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں، 7 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی
- ریلوے اتھارٹی نے بتایا کہ امدادی ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور قاہرہ سے بالائی مصر جانے والی ریلوے لائن پر سروس بحال کرنے میں مصروف ہیں
مصر میں اتوار کو دو مسافر ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد جاں بحق اور 112 زخمی ہوگئے۔ مصری وزارت صحت کے مطابق حادثہ دارالحکومت قاہرہ سے تقریباً 76 کلومیٹر جنوب میں پیش آیا۔
ریلوے حکام کے مطابق جیزہ سے فیوم جانے والی ٹرین قاہرہ سے اسوان کی جانب روانہ ہونے والی دوسری ٹرین سے پیچھے سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
ریلوے اتھارٹی نے بتایا کہ امدادی ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور قاہرہ سے بالائی مصر جانے والی ریلوے لائن پر سروس بحال کرنے میں مصروف ہیں، تاہم بحالی میں لگنے والے وقت سے متعلق کوئی تفصیل نہیں دی گئی۔
صدر عبدالفتاح السیسی نے حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ غفلت کے مرتکب افراد کو جواب دہ ٹھہرایا جائے۔ سرکاری استغاثہ کے مطابق حادثے کی تکنیکی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
مصر کا ریلوے نظام خطے کے قدیم ترین اور بڑے نظاموں میں شمار ہوتا ہے، جہاں ٹرین حادثات میں جانی نقصان کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔ حکومت ریلوے نظام کو جدید بنانے کے لیے اربوں مصری پاؤنڈ خرچ کر رہی ہے۔


Comments