سمت سے محروم انرجی سیکٹر
- توانائی بحران وسائل کے ضیاع، ترجیحات میں بگاڑ، سرکاری عدم فعالیت اور نااہلی کا بھی نتیجہ ہے
پاکستان کا دیرینہ توانائی بحران اکثر وسائل کی قلت کے تناظر میں پیش کیا جاتا ہے۔ تاہم اس کی ایک زیادہ تلخ حقیقت یہ ہے کہ یہ بحران وسائل کے ضیاع، ترجیحات میں بگاڑ، سرکاری عدم فعالیت اور نااہلی کا بھی نتیجہ ہے۔
حال ہی میں لمز انرجی انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام ’پاکستان کی توانائی کا تحفظ‘ کے موضوع پر ہونے والے ایک پروگرام میں اس حقیقت کو نمایاں کیا گیا، جہاں اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ پاکستان ہر سال توانائی کی درآمدات پر 3.5 کھرب روپے کی خطیر رقم خرچ کرتا ہے، جس کا بڑا حصہ بہتر منصوبہ بندی اور موجودہ وسائل کے مؤثر استعمال کے ذریعے بچایا جاسکتا ہے۔
سردیوں کے موسم میں پیدا ہونے والی متضاد صورتحال پر غور کریں۔ پاکستان گھروں اور عمارتوں میں جگہ اور پانی گرم کرنے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے چار ماہ کے دوران تقریباً 2.7 ارب ڈالر مالیت کی ایل این جی درآمد کرتا ہے، جبکہ اسی دوران بجلی پیدا کرنے کی ملک کی بیشتر صلاحیت غیر استعمال شدہ پڑی رہتی ہے۔
ملک میں بجلی پیدا کرنے کی نصب شدہ صلاحیت 36 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرچکی ہے، تاہم 2015 سے 2023 کے دوران بجلی کا بنیادی بوجھ تقریباً 8 ہزار میگاواٹ رہا۔ یہ توانائی کے شعبے میں انتہائی ناقص منصوبہ بندی کا واضح ثبوت ہے، جہاں ذمہ دار حکام بظاہر موسمی طلب کے رجحانات اور بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کو حقیقی ضروریات کے مطابق رکھنے کی اہمیت سے بے خبر دکھائی دیتے ہیں۔ مستقبل کی متوقع ضروریات کا اندازہ لگانے اور ان کے مطابق منصوبہ بندی کرنے میں اس قدر واضح ناکامی پالیسی فیصلوں کے معاشی اخراجات کو تقریباً مجرمانہ حد تک نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔
اس صورتحال کے نتیجے میں ملک مہنگا ایندھن درآمد کرنے پر مجبور ہے، جبکہ ایسی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کے اخراجات بھی ادا کررہا ہے جسے مکمل طور پر استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ اس سے بجلی کی پیداواری صلاحیت کے واجبات (کیپیسٹی پیمنٹس) اور گردشی قرضے میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔
توانائی کے تحفظ سے متعلق عمارتوں کے ضابطوں پر عمل درآمد نہ کرانا بھی اسی ناکامی کی ایک واضح مثال ہے۔ 2023 میں منظور کیے گئے وفاقی ضابطے کے تحت ٹھنڈک کے لیے بجلی کی طلب میں 51 فیصد تک کمی کی جاسکتی ہے، جیسا کہ اس پروگرام میں پیش کی گئی تحقیق میں بتایا گیا۔ اس کے باوجود پنجاب، سندھ اور بلوچستان نے اب تک اسے اپنایا نہیں ہے۔ اگر رہائشی عمارتوں کے محض ایک چوتھائی حصے کی توانائی کی کارکردگی بہتر بنا دی جائے تو بجلی کی زیادہ طلب کے اوقات میں بوجھ 3 ہزار میگاواٹ تک کم کیا جاسکتا ہے اور سالانہ 442.6 ارب روپے کی بچت ممکن ہے۔ یہ ایسے ٹھوس فوائد ہیں جن سے محض انتظامی سستی اور عدم فعالیت کے باعث محروم رہا جارہا ہے۔
یہی جمود بجلی کے نظام کو بھی متاثر کررہا ہے۔ ترسیل اور تقسیم کے نقصانات، بجلی کے قومی نظام میں ناکافی سرمایہ کاری اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی ناقص انتظامی کارکردگی بدستور اس شعبے کو کمزور کررہی ہے۔ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہونے کا لازمی مطلب یہ نہیں کہ اسے وہاں پہنچایا بھی جاسکے جہاں اس کی ضرورت ہے۔
گردشی قرضوں میں اضافہ ہوتا رہتا ہے، صارفین کو بجلی کے بھاری ٹیرف کا سامنا ہے، جبکہ حکومت بار بار مالی امدادی پیکجز اور ٹیرف میں ردوبدل کے چکر میں پھنسی ہوئی ہے۔ ڈسکوز کی نجکاری کو اکثر مسئلے کے حل کے ایک اہم حصے کے طور پر پیش کیا جاتا ہے، تاہم یہ عمل اتنا آسان نہیں ہے۔
ممکنہ سرمایہ کار کے الیکٹرک کے تجربے کا جائزہ لیں گے تو اس شعبے میں داخل ہونے سے پہلے کئی مرتبہ سوچیں گے، کیونکہ یہاں پالیسی میں غیر یقینی صورتحال، ادائیگیوں کے تنازعات اور ضابطہ جاتی پیچیدگیاں موجود ہیں۔ قابل اعتماد انتظامی نظام اور پیش گوئی کے قابل پالیسی فریم ورک کے بغیر ان کمپنیوں کو فروخت کرنا ایک مشکل مرحلہ رہے گا۔
اسی طرح بجلی کی پیداواری صلاحیت کے واجبات سے بھی ہمیشہ بچا نہیں جاسکتا۔ انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کو بجلی پیدا کرنے کی دستیاب صلاحیت کے عوض ادائیگی کی جاتی ہے، چاہے ان کی جانب سے حقیقت میں کتنی ہی کم بجلی پیدا کی جائے۔
ان ادائیگیوں کے حجم کو دیکھتے ہوئے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا کبھی کسی آزادانہ فرانزک آڈٹ کے ذریعے اعلان کردہ پیداواری صلاحیت، حقیقی دستیابی، استعمال کی شرح اور معاہدوں کی ذمہ داریوں کا سختی سے تقابلی جائزہ لیا گیا ہے؟ آئی پی پیز کے معاہدوں کا احترام کرنے کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ ان ادائیگیوں کے لیے پیش کیے جانے والے دعوؤں یا عوامی فنڈز سے ادا کی جانے والی رقوم کی جانچ پڑتال نہ کی جائے۔
پاکستان مقامی توانائی کے وسائل کی ترقی، قابل تجدید توانائی کو نظام میں شامل کرنے اور بجلی کی ترسیل و تقسیم کے آلات کی مقامی پیداوار بحال کرنے میں بھی پیچھے رہ گیا ہے۔ لمز کی تحقیق میں مقامی سطح پر مینوفیکچرنگ کے لیے 1.1 کھرب روپے کے ممکنہ مواقع کی نشاندہی کی گئی، تاہم مقامی پیداوار کو فروغ دینے کے لیے جس منصوبے کا وعدہ کیا گیا تھا، وہ اب تک حقیقت کا روپ نہیں دھار سکا۔
ان تمام غلطیوں اور عدم فعالیت کے نتائج محض توانائی کے شعبے تک محدود نہیں بلکہ اس سے کہیں آگے تک پھیل چکے ہیں۔ پاکستانی کاروباری اداروں اور صنعتوں کو خطے میں توانائی کی بلند ترین لاگتوں میں سے بعض کا سامنا ہے، جس سے پیداواری اخراجات بڑھ رہے ہیں اور برآمدات کی مسابقتی صلاحیت متاثر ہورہی ہے۔ اس طرح توانائی کی بلند قیمتیں صنعتی ترقی کو محدود، سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی اور روزگار کے مواقع میں کمی کا سبب بن رہی ہیں۔
یہ بات بھی واضح رہنی چاہیے کہ اس طرح کے سیمینار اور مذاکرے باقاعدگی سے منعقد ہوتے رہتے ہیں۔ ان میں جن مسائل پر گفتگو کی جاتی ہے، وہ پہلے ہی اچھی طرح دستاویزی شکل میں موجود ہیں، ان کے معاشی نقصانات سے آگاہی ہے اور ان کے حل پر بھی تفصیلی بحث ہوچکی ہے۔
اس کے باوجود ان حل پر عمل درآمد کے ذمہ دار ادارے اور حکام اقدامات کرنے کے لیے تیار نہیں یا ایسا کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، جبکہ توانائی کا بحران ملکی معیشت کے وسیع تر حصے کو مسلسل بھاری نقصان پہنچا رہا ہے۔ شواہد ایک بار پھر سامنے رکھ دیے گئے ہیں۔ اب ضرورت کسی نئی تشخیص یا مسئلے کی ایک اور نشاندہی کی نہیں، بلکہ ان حل پر عمل درآمد کے لیے سیاسی عزم کی ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026


Comments