سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پی سی بی نے قومی اسکواڈ میں چار کھلاڑی شامل کرلیے
- عامر جمال کی واپسی، محمد طیب عارف، علی شبیر اور ثاقب خان کو پہلی بار ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ مل گئی؛ علی عثمان اور عبداللہ فضل کو ریلیز کردیا گیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف آئندہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں چار کھلاڑیوں کو شامل کرلیا ہے۔
ہفتے کے روز پی سی بی کے اعلان کے مطابق فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر عامر جمال، نوجوان فاسٹ بولر علی شبیر، بیٹر محمد طیب عارف اور فاسٹ بولر ثاقب خان کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
محمد طیب عارف، علی شبیر اور ثاقب خان کو پہلی مرتبہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ تینوں کھلاڑیوں نے 4 سے 6 نومبر تک اسلام آباد کلب میں سری لنکا کے خلاف پیٹرنز الیون کے تین روزہ پریکٹس میچ میں بھی حصہ لیا تھا۔
دوسری جانب علی عثمان اور عبداللہ فضل کو اسکواڈ سے ریلیز کردیا گیا ہے۔
عامر جمال پاکستان کی جانب سے اب تک 9 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 6 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون کے فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مارخور آئی ٹی سلوشنز کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
انہوں نے فائنل میں 32 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کرنے کے علاوہ 55 رنز بھی بنائے تھے۔ اس کے علاوہ قائداعظم ٹرافی گولڈ کے ابتدائی راؤنڈ میں لاہور وائٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں اور 74 اور 23 رنز کی اننگز کھیلیں۔
دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے طیب عارف نے بھی ڈپارٹمنٹل فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے کنگزمین اکیڈمی کی جانب سے 7 میچز میں 66.09 کی اوسط سے 727 رنز بنائے، جن میں 3 سنچریاں بھی شامل تھیں۔
19 سالہ فاسٹ بولر علی شبیر نے 8 فرسٹ کلاس میچز میں 22 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ سری لنکا کے خلاف پریکٹس میچ میں بھی انہوں نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ثاقب خان نے قائداعظم ٹرافی 2025-26 میں کراچی بلیوز کی ٹائٹل جیتنے والی مہم میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 9 میچز میں 20.60 کی اوسط سے 47 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ان کی بہترین انفرادی بولنگ 34 رنز کے عوض 7 وکٹیں رہی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ پیر 9 نومبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کا 16 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ:
بابر اعظم (کپتان)، عامر جمال، علی شبیر، عرفات منہاس، اذان اویس، محمد عباس، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، محمد سلیمان، محمد طٰہٰ، محمد طیب عارف، رضاؤ اللہ، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، سمیر منہاس، ثاقب خان اور سعود شکیل۔


Comments