سوئس ادارے آئی کیو ایئر کی براہِ راست جاری کردہ درجہ بندی کے مطابق ہفتے کی صبح نئی دہلی دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ بڑا شہر قرار پایا جبکہ بھارتی دارالحکومت میں ہندوؤں کے تہوار دیوالی سے ایک روز قبل فضائی آلودگی میں شدید اضافے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔
بھارتی حکومت نے اتوار کو دیوالی کے موقع پر نئی دہلی اور اس کے گردونواح کے اسکولوں کو آن لائن کلاسز کا انتظام کرنے کی ہدایت کی ہےجبکہ لوگوں کو گھروں سے کام کرنے کی ترغیب دی ہے۔ دیوالی کے موقع پر عموماً بڑے پیمانے پر آتش بازی کی جاتی ہے جس سے فضائی آلودگی میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔
آئی کیو ایئر نے صبح 10 بج کر 35 منٹ پر دنیا کے بڑے شہروں کی درجہ بندی میں نئی دہلی کو پہلے نمبر پر رکھا جہاں امریکی ایئر کوالٹی انڈیکس 581 ریکارڈ کیا گیا، جو پڑوسی ملک پاکستان کے شہر لاہور کے انڈیکس 285 سے تقریباً دوگنا تھا۔
آئی کیو ایئر کی یہ ریڈنگ فضائی آلودگی کے اجزا کی مقدار کی بنیاد پر مرتب کی جاتی ہے اور اس کا بھارت کے سرکاری فضائی معیار کے انڈیکس سے براہِ راست موازنہ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ دونوں کے پیمانے اور طریقہ کار مختلف ہیں۔
بھارت کے مرکزی ادارے کے مطابق ہفتے کی صبح 10 بجے نئی دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 363 ریکارڈ کیا گیا جو انتہائی خراب کے زمرے میں آتا ہے۔
مقامی میڈیا نے سرکاری اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ جمعے کو نئی دہلی میں دیوالی سے قبل فضائی آلودگی کی سطح گزشتہ آٹھ برس کے دوران بدترین رہی۔
شمالی بھارت کے کئی علاقوں میں سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی فضائی آلودگی سالانہ مسئلہ بن جاتی ہے، کیونکہ سرد اور بھاری ہوا گاڑیوں کے دھوئیں، تعمیراتی سرگرمیوں سے اٹھنے والی گردوغبار اور فصلوں کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والے دھوئیں کو فضا میں روک لیتی ہے۔


Comments